یوکرین کا رواں سال کا بڑا ڈرون حملہ، روسی فضائی دفاع نے 1214 ڈرون تباہ کر دیے
ماسکو: (شاہد گھمن) روس کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرینی فوج نے روس کے مختلف علاقوں پر رات گئے رواں سال کے بڑے ڈرون حملوں میں سے ایک کیا، جس کے دوران روسی فضائی دفاعی نظام نے 1214 یوکرینی ڈرونز کو مار گرایا۔
روسی وزارت دفاع کے مطابق 28 اور 29 اکتوبر کی درمیانی شب روس کے 19 علاقوں میں یوکرین کے طیارہ نما بغیر پائلٹ ڈرونز کو فضائی دفاعی نظام نے نشانہ بنایا اور تباہ کر دیا، ان علاقوں میں ماسکو ریجن بھی شامل ہے۔
روسی وزارت دفاع کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق یہ رواں سال روس پر ہونے والے سب سے بڑے ڈرون حملوں میں سے ایک تھا۔
اس سے قبل 17 اور 18 اکتوبر کی درمیانی شب یوکرینی فوج کی جانب سے بڑے پیمانے پر ڈرون حملے کیے گئے تھے، جن کے دوران روسی فضائی دفاع نے 1015 یوکرینی ڈرونز مار گرانے کی اطلاع دی تھی۔
روسی اعداد و شمار کے مطابق رواں سال روس پر سب سے بڑا یوکرینی ڈرون حملہ 20 ستمبر کو ریکارڈ کیا گیا تھا، جو روسی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں، اسٹیٹ ڈوما کے انتخابات میں ووٹنگ کا آخری دن تھا۔
اس حملے کے دوران روسی فضائی دفاع نے 1951 یوکرینی ڈرونز اور آٹھ میزائلوں کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
روسی وزارت دفاع کی جانب سے 29 اکتوبر کو جاری کیے گئے تازہ اعداد و شمار کے مطابق حالیہ حملہ رواں سال کے بڑے فضائی حملوں میں شمار ہوتا ہے، جس میں ماسکو ریجن سمیت روس کے 19 علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments