امارات میں کینیڈا ویزا کے درخواست گزاروں کیلئے اہم انتباہ، اپائنٹمنٹ بالکل مفت

دبئی: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں کینیڈا کے ویزے کے لیے درخواست دینے والے پاکستانیوں سمیت مختلف ممالک کے شہریوں کو جعلی ایجنٹوں اور ویزا فراڈ سے خبردار کر دیا گیا۔

بین الاقوامی ویزا خدمات فراہم کرنے والے ادارے وی ایف ایس گلوبل نے واضح کیا ہے کہ فوری اپائنٹمنٹ دلوانے یا ویزے کی سو فیصد منظوری کی ضمانت دینے والے افراد کے دعووں پر بھروسہ نہ کیا جائے، کیونکہ کوئی ایجنٹ کینیڈین ویزے کی منظوری یقینی نہیں بنا سکتا۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وی ایف ایس گلوبل نے بتایا کہ کینیڈا ویزا درخواست گزاروں کے لیے اپائنٹمنٹ کی بکنگ سرکاری ویب سائٹ کے ذریعے مفت دستیاب ہے، درخواست گزاروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپائنٹمنٹ حاصل کرنے کے لیے غیر متعلقہ افراد یا غیر مجاز ایجنٹوں کو اضافی رقم ادا نہ کریں اور صرف مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔

ادارے نے واضح کیا کہ وی ایف ایس گلوبل کا کام ویزا درخواستوں سے متعلق انتظامی خدمات فراہم کرنا ہے، جبکہ ویزا منظور یا مسترد کرنے کا مکمل اختیار کینیڈا کی حکومت کے پاس ہے، اسی طرح اضافی یا خصوصی خدمات خریدنے سے ویزا درخواست کی منظوری کے امکانات یا فیصلے کی رفتار پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

وی ایف ایس گلوبل کے مطابق ایسے افراد سے خصوصی احتیاط کی ضرورت ہے جو پیسے لے کر فوری اپائنٹمنٹ، ترجیحی کارروائی یا یقینی ویزا فراہم کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں، درخواست گزاروں کو چاہیے کہ وہ اپنی ذاتی معلومات، پاسپورٹ کی تفصیلات اور مالی معلومات غیر مصدقہ افراد کے حوالے کرنے سے گریز کریں۔

یہ انتباہ متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں، بھارتیوں اور دیگر غیر ملکی رہائشیوں کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے، جو سیاحت، تعلیم، کاروبار یا خاندان سے ملاقات کے لیے کینیڈا کے ویزے کی درخواست دیتے ہیں۔

درخواست گزاروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ویزا شرائط، مطلوبہ دستاویزات اور اپائنٹمنٹ سے متعلق معلومات صرف کینیڈا کی حکومت اور وی ایف ایس گلوبل کے مستند ذرائع سے حاصل کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...