شارجہ کتاب میلہ: 1954ء سے محفوظ نایاب اخبارات، رسائل اور تاریخی تصاویر کا منفرد ذخیرہ پیش
شارجہ: (سید مدثر خوشنود) متحدہ عرب امارات میں جاری 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں ایک مصری محقق نے 1954ء سے محفوظ نایاب اخبارات، تاریخی رسائل، کتابوں اور تصاویر کا منفرد ذخیرہ پیش کر دیا، جس میں شارجہ کی کئی دہائیوں پر محیط ترقی، ثقافتی ورثے اور اہم تاریخی واقعات کو دستاویزی شکل میں محفوظ کیا گیا ہے۔
نمائش میں شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کی ایک ابتدائی تاریخی تقریر شائع کرنے والا نایاب رسالہ بھی شامل ہے، مصر میں عرب ہیریٹیج آرکائیو فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر محمد صادق نے شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں چوتھی مرتبہ شرکت کرتے ہوئے یہ تاریخی دستاویزات پیش کی ہیں۔
ان کے ذخیرے میں متحدہ عرب امارات، مصر، اردن، شام، فلسطین، سوڈان اور فرانس سمیت مختلف ممالک سے حاصل کردہ اخبارات، رسائل، کتابیں اور تصاویر شامل ہیں۔ نمائش میں پیش کیے گئے تاریخی رسالے ’’آخر ساعہ‘‘ میں شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی کی ایک ابتدائی تقریر محفوظ ہے، جو شارجہ کی ترقی اور مستقبل کے حوالے سے ان کے وژن کی عکاسی کرتی ہے۔
محمد صادق کے مطابق شیخ سلطان القاسمی نے 1972ء میں شارجہ کی حکمرانی سنبھالنے کے بعد ایک مثالی شہر کی تعمیر، اسلامی طرزِ تعمیر کے فروغ اور انسانوں کی تعلیم و تربیت پر سرمایہ کاری کی اہمیت اجاگر کی تھی، ان کے بقول اس وژن کا بنیادی پہلو انسانی ترقی اور صلاحیتوں کو فروغ دینا تھا۔
شارجہ کی تاریخ صرف عمارتوں اور ترقیاتی منصوبوں تک محدود نہیں بلکہ تعلیم، ثقافت اور تاریخی ورثے کے تحفظ کی ایک طویل داستان بھی اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔
مصری محقق نے بتایا کہ کئی برسوں کی تحقیق کے بعد مختلف ممالک سے شارجہ کی تاریخ سے متعلق نایاب مطبوعات جمع کیں، عربی، انگریزی اور فرانسیسی زبانوں میں شائع ہونے والی ان دستاویزات میں سرکاری دوروں، تعلیمی اداروں کے قیام، ترقیاتی منصوبوں اور شارجہ کی تاریخ کے اہم مراحل کی تفصیلات محفوظ ہیں۔
اس مرتبہ خصوصی طور پر شارجہ کی گزشتہ تقریباً 60 برس کی تاریخ کو نمائش کا حصہ بنایا گیا ہے، تاکہ زائرین شہر کی موجودہ شناخت تک پہنچنے کے تاریخی سفر سے آگاہ ہوسکیں۔
نمائش میں بچوں کے پرانے رسائل اور کامکس بھی توجہ کا مرکز ہیں، جن میں مکی ماؤس، سپرمین، ٹارزن، سمیر اور ماجد جیسے مشہور کرداروں کی نایاب اشاعتیں شامل ہیں۔ بعض مطبوعات تقریباً ایک صدی پرانی ہیں، محمد صادق کے مطابق کئی والدین اپنے بچوں کے ساتھ نمائش میں آتے ہیں اور انہیں وہ رسائل اور کہانیاں دکھاتے ہیں جو وہ خود بچپن میں پڑھا کرتے تھے، یوں یہ تاریخی مطبوعات نئی اور پرانی نسل کے درمیان یادوں اور تجربات کے تبادلے کا ذریعہ بھی بن رہی ہیں۔
تاریخی ذخیرے میں متحدہ عرب امارات میں خواتین کے کردار، جامعات کے قیام، مسلح افواج کے اتحاد اور ملکی تاریخ کے دیگر اہم واقعات سے متعلق دستاویزات بھی شامل ہیں۔ محمد صادق کا کہنا ہے کہ پرانے اخبارات اور رسائل کی اہمیت یہ ہے کہ ان میں واقعات اسی دور کے تناظر اور انداز میں محفوظ ہوتے ہیں، جبکہ مختلف ممالک اور زبانوں کی مطبوعات آنے والی نسلوں کو تاریخی واقعات مختلف زاویوں سے سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔
شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں پیش کیا گیا یہ نایاب ذخیرہ نہ صرف شارجہ کی ترقی اور ثقافتی شناخت کو اجاگر کر رہا ہے بلکہ اس امر کی بھی یاد دہانی کراتا ہے کہ اخبارات، رسائل اور تصاویر قوموں اور شہروں کی تاریخ محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments