ہنیہ شہادت ‘پاکستان ایران کامعاملہ او آئی سے میں اٹھانے پر اتفاق

ہنیہ شہادت ‘پاکستان ایران کامعاملہ او آئی سے میں اٹھانے پر اتفاق

اسلام آباد(دنیانیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور ایران کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا اس دوران تہران میں قاتلانہ حملے میں شہید ہونے والے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی شہادت کا معاملہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)کے اجلاس میں اٹھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاک ایران وزرائے خارجہ میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ایرانی قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری نے تہران میں حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے پس منظر میں تبادلہ خیال کیا ۔ پاک ایران وزرائے خارجہ نے اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد ہونے والی پیشرفت پر بھی گفتگو کی۔ اسحاق ڈار نے ایرانی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم پاکستان نے اسماعیل ہنیہ شہید کے بہیمانہ قتل اور غزہ میں ہونے والی پیش رفت کی مذمت کی ہے ۔پاک ایران وزرائے خارجہ نے فلسطینیوں کے جائز حقوق اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے حمایت جاری رکھنے اور دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مربوط بنانے پر اتفاق کیا۔ ایرانی وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار سے وزرائے خارجہ کی سطح پر بلائے جانے والے او آئی سی کے غیر معمولی اجلاس میں شرکت کی درخواست کی ، جس کی اسحاق ڈار نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اجلاس میں بڑھ چڑھ کر شریک ہوگا۔ اجلاس کی درخواست ایران کی جانب سے کی گئی ہے ، امکان ہے کہ جلد ہی او آئی سی کا اجلاس منعقد ہوگا، پاکستان کی قومی اسمبلی نے متفقہ طور پر اس گھناؤنے فعل کی مذمت کی ہے جو بین الاقوامی قانون کے خلاف ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں