آج کا پکوان مچھلی کے کوفتے
اجزاء:مچھلی 250گرام، نمک حسب ذائقہ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، پیاز ایک عدد درمیانی، آلو ابلا ہوا ایک عدد، کالی مرچ پسی ہوئی آدھا چائے کا چمچ، ہری مرچیں چار سے چھ عدد، ہرا دنیا باریک کٹا ہوا دو کھانے کے چمچ،انڈا ایک عدد، ڈبل روٹی کا سلائس ایک عدد، کوکنگ آئل حسب ضرورت۔
ترکیب: بغیر کانٹے کی مچھلی کو صاف دھو کر اس پر نمک چھڑکیں اور ڈھک کر درمیانی آنچ پر اتنی دیر پکائیں کہ مچھلی کا اپنا پانی خشک ہو جائے۔ آلو کو مچھلی کے ساتھ ملا کر مکس کر لیں اور اس میں ادرک لہسن، کش کی ہوئی پیاز، کالی مرچ، ہری مرچیں اور ہرا دھنیا ڈال کر ملا لیں۔
انڈے کو ہلکا سا پھینٹ کر اس میں چورا کی ہوئی ڈبل روٹی کا سلائس ڈال کر ملائیں اور مچھلی کے مکسچر میں ملا کر چھوٹے چھوٹے کوفتے بنا لیں۔ ان کو نیم گرم کوکنگ آئل میں سنہری فرائی کرکے نکال لیں۔ان کوفتوں کی کریوی تیار کرنے کیلئے تین سے چار کھانے کے چمچ کوکنگ آئل میں کڑی پتے ڈال کر گرم کریں اور اس میں ایک چائے کا چمچ ادرک لہسن پسا ہوا، نمک، ایک کھانے کا چمچ پسی ہوئی لال مرچ، ایک کھانے کا چمچ پسا ہوا دھنیا، آدھا چائے کا چمچ ہلدی ڈال کر پانی کا چھینٹا دیتے ہوئے بھونیں۔ پھر اس میں آدھی پیالی کو کونٹ ملک، دو کھانے کے چمچ لیموں کا رس اور دو سے تین کھانے کے چمچ فرائی کی ہوئی پیاز ڈال کر ملائیں اور ہلکی آنچ پر دم پر رکھ دیں۔ پانچ سے سات منٹ پکانے کے بعد اس میں فرائی کئے ہوئے کوفتے ڈال کر پین کو کپڑے سے پکڑ کر ہلا لیں اور چولہے سے اتار لیں۔
پریزنٹیشن: کٹا ہوا ہرا دھنیا چھڑک کر اس کوفتوں کے سالن کو ابلے ہوئے چاولوں کے ساتھ پیش کریں۔
تیاری کا وقت آدھا گھنٹہ، فرائینگ کا وقت پندرہ سے بیس منٹ، افراد تین سے چار کیلئے۔