بالوں کیلئے قدرتی ’’ ٹانک ‘‘ چمک اور مضبوطی کیلئے پیاز کے حیران کن فوائد
بالوں کیلئے پیازآئل یاپیازکارس استعمال کرنے کے بارے میں آپ کو جاننے اور استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔
جی جناب،اگر آپ صحت مند، گھنے اور خوبصورت بالوں کی خواہش رکھتی ہیں ، تو آپ کو اپنے خوابوں کے بال حاصل کرنے کیلئے ایک طاقتور جزو کے طور پر ’’پیاز‘‘ کااستعمال کرنا چاہئے۔ پیاز سلفر اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے جس میں بالوں کو فائدہ پہنچانے والے دیگر اجزاء کی بہتات ہے۔میں اس بات سے اتفاق کرتی ہوں کہ بالوں پرپیاز کے استعمال سے آپ ایک انتہائی ناپسندید ہ بدبو کاشکارہوسکتی ہیں لیکن اس کے نتائج ناقابل یقین حد تک بہترین ہیں۔ سرخ پیاز ، گھنے اور خوبصورت بالوں کا حقیقی ہیرو ہے۔پیازسے بالوں کو پہنچنے والے فوائد اور طریقوں کے بارے میں جاننے سے پہلے، آئیے آیورویدک تاریخ میں پیاز کی اہمیت کے بارے میں بھی جانتے ہیں۔
آیوروید سائنس میں پیاز کوبالوں کیلئے انتہائی اہم قراردیاگیاہے۔آیورویدک طبی سائنس کے مطابق،پیاز کو خوراک اور دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔پیاز کئی بیماریوں کا علاج کرتا ہے۔ آیورویدک پیشاب کی خرابی، دانتوں کے امراض، ذیابیطس اور کیڑوں کے علاج کیلئے پیاز کے استعمال پر روشنی ڈالتاہے لیکن بالوں کے گرنے اور گنجے پن کے علاج کیلئے بھی پیاز اور اس کے چھلکے کے فوائد پربھی زور دیا گیا ہے۔ پیاز بالوں کا پاور ہاؤس ہے جو سلفر، وٹامن سی، وٹامن بی 6 اور اینٹی آکسیڈنٹس کے علاوہ سرکی کھوپڑی کی صحت کو بحال کرنے کیلئے اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی فنگل خصوصیات سے بھرے ہوتے ہیں۔پیاز فائٹو کیمیکلز سے بھرپور ہوتے ہیں جو پھپھوندی اور بیکٹیریا سے لڑتے ہیں۔
پیاز میں موجود سلفر بالوں کی نشوونما کو بڑھاتا ہے،تیزابیت اور جوؤں کا علاج کرتی ہے جبکہ پیاز کے تیل میں موجود روغنی پن اور تیزابیت خشکی کابھی خاتمہ کرتاہے۔پیازکو بالوں کی دیکھ بھال کے معمولات میں بنیادی طور پر دو طریقوں سے شامل کیا جا سکتا ہے:
1):پیاز کا تیل 2): پیاز کا رس۔
پیاز کا تیل تیارکرنے کیلئے آپ کو ایک کیریئر آئل کی ضرورت ہے،ناریل کا تیل یا بادام کا تیل لیاجاسکتاہے جس میں پیاز کا رس یا پیاز کاٹ کرڈال دینے سے یہ پیازکاتیل بن جائیگا۔
ہیرآئل کے استعمال کے طریقے:
کیلے، شہد اور پیاز کے تیل کا پیسٹ ہفتے میں ایک بار بالوں پر لگانے سے بال نرم اورگھنے ہوتے ہیں۔ ایلوویرا کے گودے اور پیاز کے تیل کو ملا کر کھوپڑی پر لگانے سے بال گرنا بند ہو جاتے ہیں ۔ بالوں کو مضبوط بنانے کیلئے، انڈے، دہی اور پیاز کے تیل کا پیسٹ ہفتے میں ایک بار لگایا جا سکتا ہے ۔ ایوکاڈو، شہد اور پیاز کے تیل سے بنا ماسک بالوں کی گہری کنڈیشننگ کیلئے مہینے میں ایک بار لگایا جا سکتا ہے۔ پیاز کا تیل اور میتھی ملا کر سر کی جلد پر لگانے سے بالوں کا قبل از وقت سفید ہونا اور گرنے کا علاج ہوتا ہے۔
پیازکے استعمال کے فوائد
بالوں کی نشوونمامیں اضافہ
پیازکاتیل بالوں کی نشوونما کو بڑھاتا ہے اور پتلے بالوں کو گھنا بناتا ہے۔ پیاز کے تیل کا باقاعدگی سے استعمال کھوپڑی پر موجود غیر فعال انزائمز کو فعال کرکے اور بالوں کے نشوونما کو فروغ دے کر ان کی حالت کو تبدیل کرنے میں مدد کرتا ہے ۔ پیاز کا تیل سلفر اور پوٹاشیم سے بھرپور ہوتا ہے۔ یہ بالوں کو ٹوٹنے، دوموئے اور پتلا ہونے سے بھی روکتا ہے۔ پیاز کے تیل سے کھوپڑی کی مالش کرنے سے خون کی گردش بہتر ہوتی ہے اور بالوں کی نشوونما کو فروغ ملتا ہے۔ پیاز کا تیل کھوپڑی اور بالوں کی جڑوں کے پی ایچ کو برقرار رکھنے میں مدد کرتا ہے۔ پیاز کا تیل غذائی اجزاء سے بھرا ہوتا ہے جس کے نتیجے میں بالوں کے سفید ہونے میں تاخیر ہوتی ہے۔ سرخ پیاز کھوپڑی کے انفیکشن کا علاج بھی کرتا ہے۔پیاز میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس بالوں کوگھنا کرتے اور بالوں میں چمک پیدا کرتے ہیں۔
پیاز کا تیل خشک بالوں کیلئے موزوں ہے۔ یہ بالوں کو نرم کرتا ہے،تاہم چکنے بالوں والے افرادبھی استعمال کرسکتے ہیں۔
کیا پیاز کے تیل کے کوئی مضر اثرات ہوتے ہیں؟
ہم سب پیاز کی بدبو سے واقف ہیں جو کم از کم ایک ہفتے تک بالوں پر رہتی ہے لیکن یہ ایک قدرتی جزو ہے، اس کے مضر اثرات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ پیاز کے تیل کی تاثیرگرم ہوتی ہے جو کچھ لوگوں کے سرپر چھالوں کا سبب بن سکتا ہے تاہم ایلو ویرا کے جوس یا ناریل کے تیل میں پیاز کے تیل کو ملا کر اس سے بچا جا سکتا ہے۔
اہم نوٹ: آپ پیاز کا تیل کتنی بار استعمال کرتے ہیں اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ اس سے کن نتائج کی توقع کر رہے ہیں۔ اگر گنجا پن اور بالوں کا بہت زیادہ گرنا آپ کی پریشانی ہے تو ہر روز پیاز کا رس یاپیاز کا تیل لگائیں، اگر نہیں، تو ہفتے میں ایک سے دو بار استعمال کریں۔ آپ کو پیاز کے تیل کو ذخیرہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے ہر استعمال سے پہلے اسے تازہ بنانا چاہیے۔