کپڑوں پہ لگے داغ مٹائیں کیسے؟
تیل یا چکنائی کے داغ:پان والا چونا اور سفید چاک کا پائوڈر ہم وزن لے کر گاڑھا پیسٹ بنا لیں۔ برش کے ساتھ داغ پر موٹا موٹا لیپ کر دیں اور سوکھنے پر دھو لیں یا ٹیلکم پائوڈر، میدہ یا آٹا ڈال کر تھوڑی دیر کپڑا رکھے رہنے دیں۔ تھوڑی دیر بعد دوسرا کپڑا یا بٹر پیپر اسی داغ پر رکھ کر استری کر لیں۔ داغ پر براہ راست استری سے گریز کریں ورنہ داغ پکا ہو جائے گا۔
چائے کا داغ:چائے کے داغ پر نمک لگا کر فوراً دھو لینا صحیح ہے مگر نمک جذب کرنے کا انتظار ضرور کیجئے۔ اگر ہو سکے تو فوراً سہاگہ مل دیں اور دس منٹ بعد نیم گرم پانی سے دھو لیں۔
پن کی سیاہی کے داغ:پن کے داغ دور کرنے کیلئے اس پرہیئر سپرے کریں اس کے بعد دھو لیں۔
مہندی کے داغ:پان والے چونے کا پیسٹ بنا کر مہندی کے داغ پر لگائیں اور جب سوکھ جائے تو برش سے رگڑ کر دھو لیں۔ کپڑے کا رنگ نہ خراب ہوتا ہو تو لیموں اور سرکہ میں تھوڑا سا پانی ملا کر داغ پر لگائیں اور تیز دھوپ میں کپڑا رکھیں۔ داغ مٹ جائے گا۔
پان کے داغ:پنساریوں کی دکان سے رنگ کاٹ لے کر اس سے داغ والی جگہ دھونے سے رنگ کٹ سکتا ہے مگر اس کی مقدار معمولی ہو تو بہتر ہے اور بڑی احتیاط کی ضرورت ہے۔ اگر لیموں کا رس ملا جائے تو داغ ہلکا ہو جائے گا۔ اگر کوئی ایسا کپڑا ہے جو آپ کیلئے بڑی اہمیت رکھتا ہے تو پھر مرغی یا کبوتر کی بیٹ برش کی مدد سے لگا کر سکھانے کے بعد دھونے سے پان کا داغ فوراً غائب ہو سکتا ہے۔
کاسمیٹکس کے داغ:ایسے داغ گلیسرین سے صاف ہو سکتے ہیں۔ لپ اسٹک کے داغ ٹوتھ پیسٹ ملنے سے صاف ہو جاتے ہیں۔
رنگ کے داغ:دہی کی چھاچھ میں رنگ والا حصہ ڈبو دیں۔ تھوڑی دیر بعد دھو لیں یا ایگزلک ایسڈ سے صاف کیا جا سکتا ہے۔