عید پر ہیئر سٹائل ہو کیسا ؟
رمضان کا آخری عشرہ چل رہا ہے اور عیدالفطر بس چند دنوں کی دوری پر ہے۔ عید پر ہر کوئی منفرد اور پُرکشش نظر آنا چاہتا ہے۔
اسی خواہش کی تکمیل کے پیش نظر کئی روز پہلے عید کی تیاریاں شروع کر دی جاتی ہیں۔ خواتین اس حوالے سے ہر چیز کا باریک بینی سے جائزہ لیتی ہیں۔ بال چونکہ انسان کی شخصیت کا آئینہ ہوتے ہیں، لہٰذا اس حوالے سے خاصی سوچ بچار سے کام لیا جاتا ہے۔
عید سردیوں میں آئے تو بال کھلے رکھنے کا آپشن موجود ہوتا ہے اور سمیٹے نہ بھی جائیں تو برے نہیں لگتے لیکن گرمیوں میں کون بال کھلے رکھتا ہے خاص کر دن کے وقت تو انہیں سمیٹا ہی جائے تو اچھا ہے۔ گرمی میں تو ویسے بھی بال چپ چپے ہو جاتے ہیں اور ہفتے میں دو سے چار مرتبہ تو شمپو کرنا ہی پڑتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسٹائلنگ کا خیال رکھنا بھی بہت ضروری ہے۔ ذیل میں ہم آپ کو بہت کم وقت میں اپنے بالوں کو خوبصورت اسٹائل دینے کے طریقے بتا رہے ہیں۔
ہلکے لہریئے دار بال درمیان سے نکلی مانگ کے ساتھ بہت خوبصورت لگتے ہیں اور انہیں بنانے میں محنت بھی کم لگتی ہے۔ بالوں میں لہریں بنانے کیلئے سر کے درمیان میں سے مانگ نکال لیں اور بالوں کو کرل کرنے والے جیل کا استعمال کریں۔ اس کے بعد بالوں میں جان ڈالنے کیلئے گول برش کی مدد سے بالوں کو بلو ڈرائی کریں۔ بالوں کو مختلف حصوں میں بانٹ لیں اور بالوں کی درمیانی لمبائی سے لے کر اختتام تک کرلنگ آئرن کے ذریعے کرل کر لیں۔اب بالوں کی خوبصورتی بڑھانے کیلئے ہیئر اسپرے کا استعمال کر لیں۔
سلیک بن
سائیڈ مانگ کے ساتھ بنائے گئے ہیئر اسٹائل کا فیشن پرانا ہوگیا ہے۔ اس عیدالفطر پر سائیڈ مانگ کے بجائے سیدھی مانگ کے ساتھ بنائے گئے ہیئر اسٹائل خواتین میں زیادہ مقبول رہیں گے۔ اس ہیئر اسٹائل کو بنانے کا خاص فائدہ چوڑے اور صحت مند چہرے کی حامل خواتین کو ہوتا ہے کیونکہ سیدھی مانگ میں ان خواتین کا چہرہ پتلا لگتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہیئر اسٹائلسٹس اور ایکسپرٹس، صحت مند چہرے والی خواتین کو سیدھی مانگ نکالنے کا مشورہ دیتے ہیں۔ یہ ایک پرفیکٹ اور آسان سا ہیئر اسٹائل ہے، جسے بنانے کیلئے سیدھی مانگ کے ساتھ پیچھے کی جانب سادہ سا بن بنایا جاتا ہے، جو نہ صرف گرمیوں میں عید کی تقریبات کیلئے پرفیکٹ ثابت ہوتا ہے بلکہ اس ہیئر اسٹائل کے ساتھ آپ کے خوبصورت ایئررنگ دیگر تمام ہیئر اسٹائل کی نسبت زیادہ نمایاں ہوتے ہیں۔
چند اہم کار آمد باتیں:سر دھونے کے بعد بالوں کی سٹائلنگ کا کام اس وقت تک نہ شروع کریں جب تک کہ بال کم از کم 80فیصد تک خشک نہ ہو جائیں۔
بالوں پر کوئی کریم، جیل یا آئل وغیرہ لگانے کا صحیح طریقہ یہ ہے کہ پہلے لگانے والی چیز کو ہاتھوں پر اچھی طرح مل لیں۔ ہاتھ تولئے یا پھیریئے تاکہ زائد مقدار اتر جائے اور اب دونوں ہاتھ سر پر پھیر لیجئے۔
رولرز لگانے سے پہلے رولرز پر یا بالوں پر ہلکا سا ہیئر لوشن اسپرے کر لیں اس سے آپ کے بال رولرز پر زیادہ گہری گرفت قائم کریں گے اور پڑنے والے کرل زیادہ واضح اور پائیدار ہوں گے۔ ہیئر اسپرے کرتے وقت اسپرے کا کین سر سے کم از کم دو فٹ تک فاصلے پر رکھنا چاہئے تاکہ بال چپکنے نہ پائیں۔
اگر ہیئر ڈرائی کروانے کے بعد سر کی جلد میں جلن ، چبھن یا خارش ہو تو سنک پر جھک کر ٹھنڈے دودھ کا گلاس سر پر ڈالنے سے الرجی نہیں ہوتی تاہم الرجی ٹیسٹ اگر پہلے کر لیا جائے تو ہیئر کاسمیٹکس کم سے کم یا قطعی طور پر نہ استعمال کرنا ہی بہتر ہے۔
سارہ خان اسلام آباد میں مقیم ایک فیشن ایکسپرٹ ہیں ، خواتین کے بدلتے فیشن پر گہری نظر رکھتی ہیں ، اصلاحی
اور سماجی موضوعات پر ان کے مضامین ملک کے
مؤقر جریدوں میں شائع ہو چکے ہیں