وٹامن ای اور نکھار کا گہرا تعلق
انسانی صحت کے لئے وٹامنز اور منرلز اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ کچھ وٹامنز صحت سمیت خوبصورتی میں اضافے کے لئے بھی مؤثر ثابت ہوتے ہیں، جن میں ’’وٹامن ای‘‘ بے شمار فوائد کے ساتھ سرفہرست ہے۔
طبی و غذائی ماہرین کے مطابق ’’وٹامن ای‘‘ انسانی صحت کیلئے بنیادی جزو سمجھا جاتا ہے۔ وٹامن ’’ای‘‘ ایک کی بجائے کئی فیٹ سولیوبل اور اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کا مجموعہ ہے۔ وٹامن ’’ای‘‘ جہاں مجموعی صحت میں کردار ادا کرتا ہے وہیں کینسر سے بھی بچانے میں بھی معاون ہے۔
’’وٹامن ای‘‘ خوبصورتی میں اضافے کے لئے براہ راست چہرے پر لگایا جا سکتا ہے۔ داغ، دھبوں اور ایکنی والی جلد کے لئے ’’وٹامن ای‘‘ سے فیس مساج تجویز کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ اسے روزانہ استعمال کی جانے والی کاسمیٹک اشیاء جیسے باڈی لوشن اور کریم میں ملا کر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ مارکیٹ میں بآسانی سستے داموں دستیاب وٹامن ای اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات کا حامل ہونے کے سبب جلد کے داغ دھبوں اور متعدد بیماریوں کا بہترین علاج ہے۔ ’’وٹامن ای‘‘ کے کیپسول کو روزانہ کی بنیاد پر بطور سپلیمنٹس بھی کھایا جا سکتا ہے جبکہ اسے براہ راست جلد پر لگا کر بے شمار اور کرشماتی نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ ’’وٹامن ای‘‘ کے سکن پر لگانے سے حاصل ہونے والے چند فوائد مندرجہ ذیل درج ہیں۔
خشک جلد کیلئے بہترین موئسچرائزر
خشک جلد والوں کیلئے وٹامن ’’ای‘‘ایک بہترین موئسچرائزر ہے۔ وٹامن ’’ای‘‘ کا استعمال کریم یا لوشن میں ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔ رات سونے سے قبل اس وٹامن کے کیپسول سے آئل نکال کر چہرے پر مساج کرنے سے جھریوں، داغ دھبوں اور ایکنی کا دنوں میں خاتمہ ممکن ہوتا ہے اور جلد صاف شفاف اور چہرہ بارونق نظر آتا ہے۔
جھلس جانے والی جلد کیلئے مفید
وٹامن ’’ای‘‘ سورج کی شعاعوں سے جھلس جانے والی جلد کا بہترین علاج ہے۔ سورج کا براہ راست سامنا جلدکے کینسر کا سبب بنتا اور جلد کو جھلسا بھی دیتا ہے۔ ان اثرات سے بچنے کیلئے وٹامن ’’ای‘‘ کا استعمال براہ راست پائوں، بازوئوں، گردن اور چہرے پر کیا جا سکتا ہے۔ کمزور، پتلے اور ٹوٹتے ناخنوں سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے روزانہ کی بنیاد پر وٹامن ’’ای‘‘ کا استعمال لازمی کرنا چاہئے۔ وٹامن ’’ای‘‘ ناخنوں کی بیماری’’ییلو نیل سینڈروم‘‘ سے بھی نجات کا باعث بنتا ہے۔ وٹامن ’’ای‘‘ کے بطور سپلیمنٹس استعمال سے ناخنوں، بالوںاور جلد کی صحت بہتر ہوتی ہے۔
بالوں کو پہنچنے والے فوائد
وٹامن ’’ای‘‘ کا استعمال کسی بھی دستیاب تیل میں ملا کر کیا جا سکتا ہے۔ مطلوبہ تیل کی مقدار میں وٹامن ’’ای‘‘ کا ایک کیپسول ملا لیں۔ یہ تیل بالوں میں لگانے سے بال گھنے، ملائم اور چمکدارہو جاتے ہیں۔اس سے ڈائی کئے ہوئے بالوں کا روکھا پن دور ہوتا ہے اور بالوں کی گرنے کی رفتار کم ہو جاتی ہے۔
احتیاط
وٹامن ’’ای‘‘ کا استعمال ہر انسان پر مختلف طریقے سے اثر انداز ہو سکتا ہے۔وٹامن ’’ای‘‘ کے استعمال سے قبل اپنی جلد پر اسے ٹیسٹ ضرور کر لیں۔ وٹامن ’’ای‘‘ کا کیپسول سوئی کی مدد سے پھوڑیں اور اس میں سے وٹامن ’’ای‘‘ کا تیل نکال کر اپنے بازوئوں پر ایک انچ کے حصے پر لگائیں اس کے بعد آنے والے 24سے 48گھنٹوں تک کا انتظار کریں۔ جلد پر اگر کسی قسم کا ری ایکشن نہ ہو تو اس کا استعمال براہ راست جاری رکھیں۔ اگر اس ٹیسٹ کے دوران جلد پر خارش، انفیکشن یا ری ایکشن ہو تو وٹامن کا استعمال ہر گز نہ کریں۔