احترامِ رمضان

پیارے بچو!رمضان کا مبارک مہینہ خیرو عافیت کے ساتھ گزر رہا ہے۔رمضان کی صورت میں قدرت کی جانب سے عطا ہوا یہ با برکت مہینہ ہمارے لیے کسی تحفے سے کم نہیں ہے۔اس کے بے شمارجسمانی اور روحانی فوائد ہیں۔یہ ہمیں جینے کا قرینہ سکھاتا ہے۔دلوں میں ایک دوسرے کا احسا س پیدا کرتا ہے۔
بیماریاں دور کر کے جسمانی طور پر صحت مند بناتا ہے۔ہمارے اندر برداشت بڑھتی ہے ،قوتِ مدافعت میں اضافہ ہوتا ہے وغیرہ وغیرہ۔ہم غور کریں تو جان جائیں گے کہ رحمت کے اس مہینے میں قدرت نے مسلمانوں کے لیے کیسے کیسے فوائد پوشیدہ رکھے ہیں ،اور بلاشبہ اسی کے باعث یہ مہینہ احترام کے لائق ہے۔
بچو!رمضا ن کا احترام کیا ہے؟روزہ نہ ہوتے ہوئے بھی کھلے عا م سب کے سامنے کھانے پینے سے اجتناب کرنا احترامِ رمضان ہے۔چاہے آپ پر روزہ فرض ہو یا نہیں لیکن سحر و افطار میں خاندا ن کے ساتھ بیٹھ کر قدرت کے بتائے ہوئے وقت پر کھانا بھی اس ماہ کا احترام ہے۔بچے اکثر نماز کے عادی نہیں ہوتے لیکن ماہِ صیام کے احترام میں پانچوں وقت کی نماز ادا کرنا ہمیں اس کا پابند بنا دیتا ہے۔گھر میں ہلہ گُلہ کرنا اور اونچی آواز میں ٹی وی لگانے سے بھی رمضان میں گریز کرنا چاہیے۔ ان تیس د نوں میں ہر ایک کی بھر پور کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ خود کو خدا کی عبادت میں مصروف رکھا جائے ایسے میں اگر آپ چھوٹی عمر کے ہیں یا کسی بھی وجہ سے خود عبادت نہیں کر رہے تو آس پاس والو ں کا خیال رکھنا ضروری ہے تا کہ ان کی عبادت میں خلل نہ پڑے۔
بچو! اللہ پاک نے انسان کے لیے بے شمار آسانیاں پیدا کی ہیں۔اس کی چھوٹی چھوٹی نیکیوں کے بدلے بڑے ثواب کا وعدہ کیا ہے،اور خاص کر رمضا ن المبارک کی اہمیت اور فضیلت سے متعلق تو بے شمار احادیث بیان کی گئی ہیں،ایسے میں آپ بھی چند معمولی باتوں کا خیال رکھ کر رمضان کا احترام کریں اور جس قدر ہو سکے نیکیاں سمیٹیں۔