رہنمائے گھر داری: سونف ہر باورچی خانے کی ضرورت
سونف گھریلو ضروریات میں استعمال ہونے والی کارآمد جڑی بوٹی ہے جو ہر گھر کے باورچی خانہ میں موجود رہتی ہے۔ کچی سونف کی خوشبو دور سے آتی ہے۔
افعال و خواص:سونف مخرج ریاح ہے۔ کھانا ہضم کرتی، بھوک بڑھاتی،معدے کی جلن کم اور پیاس بجھاتی ہے۔ اسے بینائی کی طاقت میں اضافہ کرنے کے ساتھ پان، اچار، سالن میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔اس کی جڑ اور اوپر والا چھلکا دوا کے طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔
پیٹ درد:سونف 12گرام، اجوائن 12 گرام، کالا نمک 6گرام ملا کر باریک پیس لیں۔ کھانے کے بعد 3گرام پانی سے استعمال کریں۔معدہ درست ہو جائے گا، بھوک بیدار ہو جائے گی اور کھانا بھی جلد ہضم ہوگا۔
دماغی کمزوری:سونف بادام، مصری برابر وزن پیس کر ایک چمچ سفوف دودھ کے ساتھ صبح و شام استعمال کریں۔ نظر کی کمزوری دور کرنے کیلئے فائدہ مند ہے۔
سر درد اور چکروں کیلئے:10گرا م سونف کو آدھے گلاس پانی میں خوب گھوٹ لیں۔ اس میں شکر اور سفید مرچ کا سفوف شامل کرکے صبح و شام پئیں۔ اس سے سر کے درد اور چکروں میں افاقہ ہو گا۔
سینے اور معدے کی جلن: سونف 12گرام، الائچی سبز12گرام، صعتر6گرام، مصطگی رومی 12گرام، پودینہ6 گرام۔ تمام ادویات کو باریک پیس کر 2،2 گرام صبح وشام استعمال کریں۔ پیٹ کی جلن، ریاح، معدہ کی گیس اور غذا کو ہضم کرنے میں بہت مفید ہے۔
حیض کی بے قاعدگی: سونف 10 گرام ، تخم گاجر10گرام کو پانی میں جوش دے کر گڑ شامل کرکے صبح اور سوتے وقت استعمال کی جائے بے قاعدگی دور ہو جاتی ہے۔
دودھ میں اضافہ کیلئے : سونف 20گرام، تل سفید20گرام، زیرہ سفید20گرام، شکر 60 گرام پیس کر صبح و شام ایک بڑا چمچ نیم گرم دودھ کے ساتھ لیں۔ دودھ کی مقدار بڑھ جاتی ہے۔
تیزابیت کو کم کرنے کیلئے:سونف 120 گرام، الائچی سبز60گرام، پودینہ 60 گرام، گل سرخ 60گرام، سوڈا میٹھا 60 گرام۔ تمام دوائوں کو پیس کر کھانے کے بعد تین، تین گرام استعمال کریں اس کے استعمال سے السر کی شکایت دور ہو جاتی ہے۔
دل کیلئے مفید:سونف 5گرام، الائچی سبز 3عدد، سونٹھ2گرام، دارچینی 2گرام، خولنجاں 2گرام۔ تمام دوائوں کو چائے کے قہوہ کی طرح تیار کرکے صبح و شام پئیں۔ دل کو قوت و فرحت دیتا ہے اور آنتوں کو طاقت دیتا ہے۔