پتھر سے بنائیں کیکٹس کرافٹ!

بچوں کیلئے ایک مختلف پروجیکٹ کا انتخاب کیا گیا ہے، جس میں بچوں کو پتھروں کی مدد سے کیکٹس پینٹ کرنے کا طریقہ سکھایا جائے گا۔
بچے پتھروں کو پینٹ کرکے آسانی سے کیکٹس بنا سکتے ہیں اور خوبصورت سا کیکٹس کا پودا اپنے کمرے میں سجا سکتے ہیں۔ اس کرافٹ کو بنانے کیلئے مندرجہ ذیل چیزوں کی ضرورت ہو گی۔اشیاء: بڑے پتھر، جو اکثر ساحل سمندر سے بچے جمع کرکے گھروں میں لے آتے ہیں۔ کوشش کریں کہ بیضوی ساخت کے ہوں تو زیادہ اچھا رہے گا۔ گلاس پینٹ،(ہرا، سفید)، پینٹ برش، مٹی کا گلدان یا گملہ، چمکیلی سجاوٹ کیلئے استعمال ہونے والی مٹی۔ترکیب:سب سے پہلے تمام پتھروں کو اچھی طرح دھو لیں اور اسے خشک کر لیں۔ تاکہ اس پر لگی ہوئی دھول مٹی صاف ہو جائے۔ اس کے بعد اس پر پینٹ برش کی مدد سے ہرا رنگ کر لیں اور اسے سوکھنے دیں۔اب ان پتھروں پر پینٹ برش کی مدد سے لمبائی میں سفید لائنیں ڈالیں، جیسے نو کیلے کانٹے ہوتے ہیں۔ اسے بھی سوکھنے دیں۔اب گلدان یا چھوٹے گملے میں سجاوٹ والی مٹی یا عام مٹی ڈال دیں۔ اس میں پینٹ کئے جانے والے کیکٹس(پتھر) رکھیں۔ اس کے آگے پیچھے ماربل کے چھوٹے ٹکڑے ڈال دیں، تاکہ پتھر اپنی جگہ پر قائم رہیں۔ لیجئے پتھروں سے تیار کردہ خوبصورت سا کیکٹس کرافٹ تیار ہے۔