دورہ نیوزی لینڈ و آسٹریلیا:ڈار الیون فاتح،شاہینوں کا امتحان باقی

تحریر : محمد اسامہ غوری


پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے نداڈار کی قیادت میں تاریخ رقم کرتے ہوئے نیوزی لینڈکے خلاف پہلی بار ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز میں فتح حاصل کر لی، ڈار الیون نے کیویز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز دو، ایک سے اپنے نام کی۔

گرین شرٹس نے ابتدائی دو میچوں میں شاندار کامیابی حاصل کی جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ بارش کے باعث مکمل نہ ہو سکا اور یوں ڈرک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت کیویز گرلز نے گرین شرٹس کو 6 رنز سے شکست دے دی، یوں ڈار الیون تو اپنے چیلنج میں کامیاب ہو گئی لیکن شاہینو ں کا امتحان ابھی باقی ہے۔ کینبرا میں پاکستان اور آسٹریلیا کی پرائم منسٹر الیون کا بارش سے متاثرہ میچ ڈرا ہوگیا، یہ چار روزہ میچ ٹیسٹ سیریز کی تیاری کا حصہ تھا۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز 14 دسمبر 2023ء سے 7 جنوری 2024ء تک کھیلی جائے گی۔ قومی ٹیم کی قیادت شان مسعود کر رہے ہیں۔

پہلے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی بات کرتے ہیں جس نے کیویز کے خلاف تاریخی فتح حاصل کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ پاکستان ویمنز نے پہلے دونوں میچز میں شاندار کامیابی حاصل کی تاہم تیسرے میچ کے دوران بارش گرین شرٹس کے کلین سویپ کی راہ میں رکاوٹ بن گئی اور نیوزی لینڈ ویمنز نے پاکستان ویمنز کو تیسرے اور آخری ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 6  رنز سے شکست دے دی، میچ کا فیصلہ ڈک ورتھ لوئس قانون کے تحت ہوا۔پاکستان ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے5 وکٹوں پر 137 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ ویمنز نے 15 اوورز میں 2 وکٹوں پر101 رنز بنائے تھے کہ بارش کی وجہ سے کھیل روک دیا گیا۔ اس طرح تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں کی یہ سیریز پاکستان ویمنز نے دو ایک سے اپنے نام کی۔ پاکستان نے پہلا میچ سات وکٹوں سے اور دوسرا میچ دس رنز سے جیت کر نیوزی لینڈ میں ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے والی پہلی ایشیائی ٹیم ہونے کا منفرد اعزاز حاصل کیا ہے۔ 

 اگر شماریاتی طور پر جائزہ لیا جائے تو پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم اور نیوزی لینڈ کی ویمنز کرکٹ ٹیم کے درمیان آج تک 10 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے گئے ہیں۔ جن میں پاکستان نے دو جبکہ نیوزی لینڈ نے آٹھ میچ جیتے ہیں۔ یہ سیریز شروع ہونے سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان 8مختصر طرز کے میچز کھیلے گئے تھے۔ جو سب کے سب کیویز کے پلڑے میں ہی گئے تھے۔ ریکارڈز کی بات یہیں نہیں رکتی بلکہ پاکستانی ویمنز کرکٹ ٹیم دنیا کی دوسری ٹیم بن چکی ہے جس نے کیویز کا ان کے گھر میں شکار کیا ہے۔ اس سے قبل صرف انگلینڈ کی ویمن کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو ان کے گھر میں شکست دی ہے۔ یوں پاکستان ایشیا کی پہلی ٹیم بھی بن گئی جس نے نیوزی لینڈ کو ہوم سیریز میں شکست دی ہے۔

یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم آہستہ آہستہ دنیا میں وہ مقام حاصل کر رہی ہے جو بڑی ٹیموں کو حاصل ہے۔پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے بڑی ٹیموں کو ہرانے کا سلسلہ جنوبی افریقہ کے خلاف ہوم سیریز سے شروع کیا تھا۔ پاکستان نے رواں سال اگست، ستمبر میں ہونے والی ہوم سیریز میں جنوبی افریقہ کو تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز میں کلین سویپ کیا تھا۔ جنوبی افریقہ کو کلین سویپ کرتے ہوئے جو اعتماد قومی ٹیم کو حاصل ہوا وہ اب نیوزی لینڈ میں بھی نظر آرہا ہے۔سچ بات تو یہ ہے کہ ندا ڈار کی قیادت میں یہ ٹیم منظم اور مضبوط ہو کر کھیل رہی ہے۔ کپتان کا دیا ہوا اعتماد اب ہر کھلاڑی میں نظر آرہا ہے۔ 

کپتان ندا ڈار 141 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل چکی ہیں،اس طرح وہ پاکستان کی طرف سے سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیلنے والی کھلاڑی بن گئی ہیں، اس سے قبل یہ ریکارڈ بسمہ معروف کا تھا جو 140ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کھیل چکی ہیں۔وہ اس وقت ٹی ٹونٹی میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی تاریخ کی سب سے کامیاب بائولر ہیں۔ وہ اس فارمیٹ میں 130 وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔نداڈار ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 130 وکٹیں لے کر سرفہرست ہیں۔ ویسے بھی جب کسی بھی ٹیم میں کپتان فرنٹ لائن پہ لڑ رہا ہو تو ہر کھلاڑی کو اعتماد ملتا ہے۔ کپتان کی اچھی فارم سے ٹیم کا مجموعی مورال بھی بہت اوپر ہوتا ہے۔

 پاکستان ویمنز اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کی ون ڈے سیریز کھیلی جائے گی۔ پہلا میچ 12 دسمبر کو کوئنز ٹائون میں کھیلا جائے گا جبکہ بقیہ دو میچز 15 اور 18 دسمبر کو کرائسٹ چرچ میں ہوں گے۔شان مسعود کی قیادت میں مشن آسٹریلیا میں قومی ٹیسٹ ٹیم کا اصل امتحان 14دسمبر سے شروع ہوگا ، سیریز کی تیاری کیلئے پاکستان اور پرائم منسٹر الیون آسٹریلیا کے درمیان چار روزہ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیامانوکا اوول کینبرا میں مسلسل بارش کی وجہ سے میچ ڈرا ہوا۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی اننگز کو 391 رنز پر ڈکلئیر کردیا تھا۔شان مسعود نے 201رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ پریکٹس میچ میں پاکستانی بائولرز قابل ذکر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ امید ہے کہ ٹیسٹ میچ میں شاہین شاہ آفریدی آسٹریلوی وکٹوں پر اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ پرتھ میں 14 دسمبر سے شروع ہوگا،تاہم ٹیسٹ سیریز سے پہلے پاکستان ٹیم کو ایک دھچکا لگاہے کہ لیگ سپنر ابرار احمد انجری کا شکار ہوگئے ہیں،پاکستانی حکام نے ان کے متبادل کیلئے 2 ناموں پر مشاورت شروع کر دی ہے۔

قومی ٹیم تجربے کار اور نئے کھلاڑیوں کا مجموعہ ہے، ٹیم پچھلے چند روز سے آسٹریلیا میں پریکٹس کررہی ہے تاکہ وہاں کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوجائے۔ آسٹریلوی سیریز شان مسعود کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے ،اب دیکھنا ہے کہ قومی بیٹرز اور بائولرز کس حد تک کینگروز کا مقابلہ کرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

دھوکے کی سزا

کسی گائوں میں ایک دھوبی رہتا تھا،جو شہر سے لوگوں کے کپڑے گدھے پر لاد کے گائوں لاتا اور دھونے کے بعد اسی پر لاد کے واپس شہر پہنچاتا تھا۔دھوبی کی کمائی کا یہی ذریعہ تھا اور وہ اس قدر کما لیتا کہ با آسانی گزر بسر کر سکے۔

زمین کی گردش رُک جائے تو کیا ہو؟

پیارے بچو!زمین اپنے محور کے گرد ایک ہزار میل فی گھنٹہ سے زائد کی رفتار سے گھو م رہی ہے،تاہم اس وقت کیا ہو گااگر اس کی گرد ش اچانک رُک جائے؟اس کا جواب یہ ہے کہ ایسا ہوا تو اس کے اثرات انتہائی تباہ کُن ہوں گے۔ماہرین کے مطابق اگر زمین کا گھومنا اچانک تھم جائے تو ہر وہ چیز جو کسی دوسری چیز سے بندھی ہوئی نہیں ہے ۔اچانک مشرق کی جانب ایک ہزار میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اُ ڑنے لگے گی۔اس کے اثرات فضا پر بھی مرتب ہوں گے اور ہوائیں اتنی طاقتور ہو جائیں گی جیسے کسی ایٹم بم کے دھماکے کے بعد ہو سکتی ہیں۔

جانوروں کی دنیا

بٹیر دیہی علاقوں میں پایا جانے والا ایک خوبصورت پرندہ ہے۔اس کا تعلق پرندوں کے گالی فورمز خاندان سے ہے۔پرندوں کے اس بڑے خاندان میں مرغی،مور اور تیتر بھی شمال ہیں۔

پہیلیاں

ایک کھیتی کا دیکھا یہ حال نہ کوئی پتا نہ کوئی ڈال نہ ہی ڈالا بیج نہ جوتا ہل

اقوال زریں

٭… جوش کی بجائے ہوش سے کام لو۔ ٭… نادان کی صحبت میں مت بیٹھو کہیں ایسا نہ ہو کہ اس کی باتیں تمہیں اچھی لگنے لگیں۔ ٭…خوش رہنا چاہتے ہو تو کسی کا دل نہ دکھائو۔

ذرامسکرایئے

باپ بیٹے سے: یہ تم کیسی ماچس لائے ہو ایک تیلی بھی نہیں جل رہی؟ بیٹا: ایسا کیسے ہو سکتا ہے ابو ، میں تو ایک ایک تیلی چیک کر کے لایا ہوں سب جل رہی تھیں۔٭٭٭