راحت جان عالم جگر گوشہ رسولﷺ

تحریر : صاحبزادہ ذیشان کلیم معصومی


نبی کریمﷺ کو اپنے نواسوں سیدنا امام حسن ؓ اور سیدنا حضرت امام حسینؓ سے بہت محبت تھی۔ آپﷺ نے دونوں شہزادوں کی شان خود بیان فرمائی تاکہ امت کو اندازہ ہو سکے کہ یہ دونوں بھائی کس عظمت و شان، مقام و مرتبہ کے حامل ہیں۔ کئی احادیث ان کی شان میں ہیں۔

حضرت علیؓ سے روایت ہے کہ ’’جب سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا کے ہاں حضرت حسنؓ کی پیدائش ہوئی تو نبی کریمﷺ تشریف لائے اور فرمایا: میرا بیٹا مجھے دکھاؤ، تم نے اس کانام کیا رکھا ہے؟ آپؓ فرماتے ہیں میں نے عرض کی، میں نے اس کانام حرب رکھا ہے تو آپﷺ نے فرمایا: (نہیں) یہ تو حسنؓ ہے۔ جب حسینؓ کی ولادت ہوئی تو رسول اللہﷺ تشریف لائے اورفرمایا: مجھے میرا بیٹا دکھاؤ، تم نے اس کا نام کیا رکھا ہے؟ آپؓ نے کہا میں نے اس کا نام حرب رکھاہے تو نبی کریم ﷺ نے فرمایا: (نہیں)یہ حسینؓ ہیں۔ پھرجب تیسرے بچے کی ولادت ہوئی تو رسول اللہﷺ تشریف لائے اور فرمایا:مجھے میرا بیٹا دکھاؤ تم نے اس کانام کیا رکھا ہے؟ تو میں نے عرض کیا: میں نے اس کانام حرب رکھا ہے تو آپﷺ نے فرمایا: (نہیں)یہ محسنؓ ہیں۔ پھرفرمایا:میں نے ان کے نام حضرت ہارون علیہ السلام کی اولاد شبر، شبیر اور مشبر کے نام پہ رکھے ہیں (مستدرک حاکم : 4773)۔

حضرت عمران بن سلیمانؒ بیان کرتے ہیں کہ حسنؓ اور حسینؓ دونوں جنتی ناموں میں سے ہیں، دورجاہلیت میں یہ نام کسی کے بھی نہ تھے (اسد الغابہ، ج2، ص24)۔ امام احمد بن حنبلؒ روایت کرتے ہیں کہ سیدہ فاطمۃ الزہراؓکے ہاں جب امام حسین ؓ کی ولادت ہوئی تو انہوں نے بارگاہ رسالت میں عرض کیا: یا رسول اللہﷺ! کیا میں اپنے بیٹے کا عقیقہ کروں؟ ارشاد فرمایا: نہیں! پہلے ان کے بال اترواؤ اور بالوں کے وزن کے برابر چاندی صدقہ کرو (احمدبن حنبل :27253)۔ اُم المؤمنین سیدہ عائشہؓ فرماتی ہیں کہ نبی کریم ﷺ نے حضرت امام حَسن اور امام حُسین رضی اللہ عنہما کی پیدائش کے ساتویں دن بکریاں عَقیقہ میں ذَبح فرمائیں (مصنف عبد الرزاق: 7963)

نبی کریمﷺ نے حسنین کریمینؓ سے متعلق ارشاد فرمایا ’’یہ دونوں میرے بیٹے ہیں ،میری بیٹی کے بیٹے ہیں، اے اللہ تو ان دونوں سے محبت فرما اور جو ان سے محبت رکھے اس کو اپنا محبوب بنا لے‘‘ (جامع ترمذی: 4138)۔ سیدنا ابوہریرہؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا : جس نے حسنؓ اور حسینؓ سے محبت کی، اس نے درحقیقت مجھ سے محبت کی اور جس نے حسنؓ اور حسینؓ سے بغض رکھا اس نے مجھ سے بغض رکھا (ابن ماجہ: 148)۔

 حضرت عبد اللہ بن شدادؓ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں، انہوں نے فرمایاکہ رسول اللہ ﷺ عشاء کی نمازکیلئے تشریف لائے، اس حال میں کہ آپ ﷺ حضرت حسنؓ یا حضرت حسینؓ کو اٹھائے ہوئے تھے، نبی کریمﷺ  انہیں بٹھا کر نماز ادا فرمانے لگے۔ آپ ﷺ نے طویل سجدہ فرمایا، میں نے سر اٹھاکر دیکھا کہ نبی کریمﷺ سجدہ میں ہیں اور شہزادے آپ ﷺ کی پشت انور پر ہیں۔ میں پھر سجدہ میں چلا گیا، جب رسول اللہﷺ نماز سے فارغ ہوئے تو صحابہ کرامؓ نے عرض کیا:  آپﷺ نے نمازمیں سجدہ اتنا دراز فرمایا کہ ہمیں اندیشہ ہوا کہ کہیں کوئی واقعہ پیش تو نہیں آیا یا آپﷺ پروحی کا نزول ہورہا ہے۔ نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: اس طرح کی کوئی بات نہیں ہوئی سوائے یہ کہ میرا بیٹا مجھ پرسوار ہو گیا تھا، جب تک وہ اپنی خواہش سے نہ اترتے مجھے عجلت کرنا ناپسند ہوا(سنن نسائی: 1129)۔

 حضرت عبداللہ بن بریدہؓ فرماتے ہیں کہ انہوں نے حضرت ابوبریدہ ؓکو فرماتے ہوئے سُنا نبی اکرم ﷺ ہمیں خطبہ ارشاد فرما رہے تھے کہ حسنین کریمینؓ سرخ دھاری دار قمیص مبارک زیب تن کئے لڑکھڑاتے ہوئے آرہے تھے تو رسول اللہ ﷺ منبر سے نیچے تشریف لائے، امام حسنؓ و امام حسینؓ کوگود میں اٹھایا، پھر (منبر مقدس پر رونق افروز ہو کر) ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ نے سچ فرمایا، تمہارے مال اورتمہاری اولاد ایک امتحان ہے میں نے ان دونوں بچوں کو دیکھا لڑکھڑاتے ہوئے آ رہے تھے،مجھ سے صبر نہ ہو سکا، میں نے اپنے خطبہ کو موقوف کر کے انہیں اٹھا لیا (جامع ترمذی: 3707)۔

حضرت انسؓ سے روایت ہے کہ رسولِ خداﷺ سے پوچھا گیا کہ آپﷺ کو اہلِ بیت میں سے کس سے زیادہ محبت ہے؟ تو آپﷺ نے فرمایا: حسنؓ و حسینؓ سے، چنانچہ رسول اللہﷺ حضرت فاطمہؓ کو فرماتے کہ میرے بچوں کو میرے پاس بلائو، پھر آپﷺ انہیں چومتے اور سینے سے لگاتے (ترمذی:  3772)۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

میدان محشر میں نعمتوں کا سوال!

’’اور اگر کفران نعمت کرو گے تو میری سزا بہت سخت ہے‘‘ (سورہ ابراہیم :7) ’’اور اس نے تمہارے کان اور آنکھیں اور دل بنائے تاکہ تم شکر گزار بنو‘‘ (سورۃ النحل : 78)’’اے ایمان والو! ہماری دی ہوئی ستھری چیزیں کھاؤ اور اللہ کا شکر ادا کرو اگر تم اُسی کی عبادت کرتے ہو‘‘ (البقرہ )’’اللہ تعالیٰ اس سے راضی ہوتا ہے جو کھاتا ہے تو اس پر خدا کا شکر ادا کرتا ہے اور پانی پیتا ہے تو اس پر خدا کا شکر ادا کرتا ہے‘‘ (صحیح مسلم)

کامیاب انسان کون؟

’’وہ اہل ایمان کامیابی پائیں گے جو اپنی نماز میں خشوع اختیار کرنے والے ہیں‘‘ (المومنون) قرآن و سنت کی روشنی میں صفاتِ مومناللہ تعالیٰ فرماتے ہیں ’’جس نے خود کو گناہوں سے بچالیا حقیقتاً وہی کامیاب ہوا(سورۃ الیل)

صدقہ: اللہ کی رضا، رحمت اور مغفرت کا ذریعہ

’’صدقات کو اگر تم ظاہر کر کے دو تب بھی اچھی بات ہے، اور اگر تم اسے چھپا کر دو تو یہ تمہارے لیے زیادہ بہتر ہے‘‘(سورۃ البقرہ)

مسائل اور ان کا حل

’’اسے اپنے گھر لے جاو‘‘ کہنے سے طلاق نہیں ہوتی سوال :میں نے اپنی بیوی سے ایک موقع پرکہاتھاکہ میں تمہیں کبھی ناراض نہیں کروں گا،اگرکوئی ناراضی ہوئی توآپ کے کہنے پرطلاق بھی دے دوں گا۔

فیض حمید کی سزا،بعد کا منظر نامہ

آئی ایس آئی کے سابق سربراہ اور سابق لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو سزا سنا دی گئی ہے جو کئی حلقوں کیلئے ایک واضح پیغام ہے۔ ریاست ملک میں عدم استحکام پھیلانے والے عناصر کیلئے زیرو ٹالرنس کی پالیسی اختیار کر چکی ہے۔

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے امکانات

چیف الیکشن کمشنر کا مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے لیے تیار ہے،لیکن حکومتِ پنجاب نے10 جنوری تک کا وقت مانگا ہے۔ پنجاب حکومت نے انتخابی بندوبست کرنا ہے جبکہ شیڈول کا اعلان الیکشن کمیشن کی آئینی ذمہ داری ہے۔