سائبان کا سالنامہ
حسین مجروح معروف ادبی مجلے ’’سائبان‘‘ کیلیے موسم کی شدت ،اسفار کی صعوبت حتیٰ کہ کسی طرح کی بھی دقت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے دیوانہ وار اپنی خدمات سرانجام دینے کیلئے پرجوش رہتے ہیں۔ ابھی حال ہی میں ’’سائبان‘‘ کاسالنامہ شائع ہوا ہے۔پانچ سو سے زائد صفحات، دو درجن کے لگ بھگ رنگین تصاویر اور چہار رنگے طبع زاد سرورق سے آراستہ یہ جہانِ حیرت ادب کے پروانوں کیلئے کسی دستاویز سے کم نہیں۔
اس خصوصی نمبر میںنمایاں تر لکھنے والوں میں ظفر اقبال، سحر انصاری، خورشید رضوی، سرمد صہبائی، حلیم قریشی، محمود احمد قاضی، مسلم شمیم، نجیب جمال، فیصل عجمی، خالد فتح محمد، سلیم شہزاد،طارق محمود، اصغر ندیم سید،غلام حسین ساجد، جان کاشمیری ، ناصر بلوچ ، نیلم احمد بشیر، امداد آکاش، نجیب جمال، نسیم سید، اشفاق حسین، امجد علی شاکر، طالب انصاری، شاہد اقبال کامران، ناصر عباس نیئر، زاہد منیر عامر، نذیر قیصر، عباس رضوی، خالد اقبال یاسر، خواجہ رضی حیدر، اقتدار جاوید، حسن جعفر زیدی، شاہین عباس ، روش ندیم ،عرفان جاوید،نعیم بیگ، یوسف خالد، پروین طاہر، ارشد نعیم، حمید رازی، اقبال خورشید، رحمن حفیظ، سعدیہ قریشی، افضل خان، لیاقت علی، شاہد ماکلی،طارق نعیم، نجم الدین احمد، نذیر احمد، خالد عرفان، عزیز فیصل، فیاض احمد اشعر، احمد صفی، انعام ندیم، غافر شہزاد، اقبال خورشید، ظہیر گیلانی، محمد عاطف علیم، افضل ساحر، غلام اصغر خان، فیضان عارف ، رفاقت حیات، ثاقب ندیم، روش ندیم، ارشدمعراج، اویس ملک اورسرفراز عارض و غیرہ شامل ہیں۔
ایک نظر اس کے مشک بار اور غیر معمولی مشمولات پر بھی :
تخلیق اور ڈربے کی نفسیات، ماتھے کی شکنوں کو چھیڑتا اداریہ،مطلع غالب پر ایک چشم کشا مکالمہ،معلقات۔۔ (عربوں کی شاہکار نظموں) کا فاضلانہ جائزہ،کارل مارکس کی ہندوستان شناسی کا تجزیاتی مطالعہ،اکیسویں صدی کے اردو افسانوں پر انتقادی نظر،محمد خالد اختر کے سفر ناموں کا کرداری مطالعہ،خالد جاوید کے ناول ’’ارسلان اور جاوید‘‘ پر غیر معمولی نقد،اسکندریہ، دید و باز دید، سفر نامے اور تاریخی بازیافت کا مرقع،صحافت کا بدلتا چہرہ۔ ایک منفرد تلاش،ہرمن ہیسے کا سدھارتھ۔ ایک انجانا زاویہ ،مقبول عام اور سنجیدہ ادب کی شعریات۔ ایک انوکھا زائچہ، پاکستان میں جدید مصوری کے امام ، شاکر علی کے فن اور شخصیت پر نادرروزگار تحریر،عبداللہ حسین کی یادوں سے لبریز ہلکورے،عصمت چغتائی کے ناول ’’معصومہ ‘‘پر ابن صفی کا تنقیدی محاکمہ (توشہء خاص)،عرفان جاوید سے ایک چشم کشامصاحبہ،سرگیان۔شنکر جے کشن : حقیقت یا افسانہ،معتوب متنازعہ فلمیں اور گیت۔ پون صدی پر محیط تلاش،اردو زبان کا پہلا رپورتاژ۔ انکشافات بھری غواصی، روزن۔آئندہ کے تحت مصنوعی ذہانت کے امکانات اور مضمرات پر خیال انگیز مذاکرہ، زیتون کے گھاؤ کے عنوان سے جامع گوشہ، تین بیگھے زمین، ایک دل فگار رپورتاژ،شاہ جی: ہنڑ سنوئیے۔ چشم ِخوں بستہ سے ٹپکا ہوا خاکہ،نہر کنارے ، بھوبھل کو کریدتا ناول کا ایک باب ،لیکھ بھوئیں دے کی چھتر چھاویں، نمائندہ پنجابی گوشہ۔
مزید براں سپردگی، وحشت کے پھول، سوا نیزے پر سورج ، فسانے صد گمانے، گل شگفتنی، دور کا سیندور پس۔مکالمت اور خط۔مبتلا کے مستقل عنوانات کے تحت علی الترتیب نمائندہ ترین حمد نعت، غزلیات، منظومات، افسانوں، فکاہیات، تراجم، تبصرات اور خطوط کی کہکشاںبھی اس سالنامے میں شامل ہیں۔