آج کا پکوان: اسپائسی فش اسٹکس
اجزاء :مچھلی کے فلے 500 گرام، انڈے کی سفیدی دو عدد، پسا ہوا لہسن ادرک ایک کھانے کا چمچ،پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ،پسی ہوئی ہلدی آدھا چائے کا چمچ، پسا ہوا گرم مصالحہ آدھا چائے کا چمچ، اجوائن آدھا چائے کا چمچ،میتھی دانہ(پیس لیں) آدھا چائے کا چمچ،لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ، میدہ دو کھانے کے چمچ،زردے کا رنگ ایک چٹکی،نمک حسب ذائقہ،تیل تلنے کیلئے، سلاد، پتے، لیموں، ٹماٹر سجانے کیلئے
ترکیب: ایک پیالے میں تیل اور مچھلی کے علاوہ تمام اجزاء اچھی طرح سے ملالیں۔ مچھلی کے فلے کو پٹیوں کی صورت میں کاٹ کر پیالے میں شامل کریں اور آدھا گھنٹے کیلئے رکھ دیں۔ کڑاہی میں تیل گرم کریں، مچھلی کی پٹیاں ایک ایک کر کے اس میں شامل کریں اور سنہری تل کرجازب کاغذ پر نکالیں۔ مزیدار فش اسٹکس سلاد پتے لیموں اور ٹماٹر سے سجا کر پیش کریں۔
افغانی مسلم پلاؤ
اجزاء :چکن ایک کلو، چاول تین پیالی، نمک حسب ذائقہ، ادرک لہسن پسا ہوا دو کھانے کے چمچ، فرائی پیاز ایک پیالی، ٹماٹر پانچ عدد، سرکہ دو کھانے کے چمچ، سفید مرچ پسی ہوئی ایک چائے کا چچ، پسی ہوئی لال مرچ ایک کھانے کا چمچ، آلو دو عدد درمیانے، تیز پات ایک پتہ، ہری مرچیں 11 عدد، تیل حسب ضرورت۔
ترکیب:چکن کے بڑے ٹکڑے کر کے صاف دھولیں، پھر انہیں نمک، سرکہ اور چار سے چھ پسی ہوئی ہری مرچیں لگا کر رکھ دیں۔ کچھ دیر بعد انہیں تیل میں ڈیپ فرائی کر کے نکال لیں، بڑے پین میں چار سے چھ کھانے کے چمچ تیل میں تیز پات ڈال کر گرم کریں اور اس میں ادرک لہسن ڈال کر ایک سے دو منٹ فرائی کریں۔ پھراس میں پیاز اور ٹماٹر کو بلینڈ کرکے ڈالیں اور ساتھ ہی نمک، لال مرچ اور سفید مرچ ڈال کر تیل علیحدہ ہونے تک بھونیں۔ آخر میں فرائی کرکے رکھی ہوئی چکن ڈال کر اچھی طرح ملا لیں۔ چاولوں کو نمک اور ہری مرچیں ڈال کر ایک کنی ابال لیں اور ان کے درمیان میں چکن کا مصالحہ رکھ دیں، کناروںپر چکن اور فرائی کیے ہوئے آلوؤں کے ٹکڑے رکھ کر اوپر سے اچار ڈال دیں۔ ڈھک کر ہلکی آنچ پر 10 سے 12 کیلئے دم پر رکھ دیں۔ ڈش میں نکالتے ہوئے اچھی طرح ملا کر نکالیں اور پیش کریں۔