ڈرامائی فیصلوں کے بعد سیاسی استحکام کا سفر

تحریر : عدیل وڑائچ


گزشتہ چند روز میں ملکی سیاست میں ڈرامائی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں جنہوں نے آنے والے برسوں کا منظر بھی واضح کر دیا ہے۔ ان ڈویلپمنٹس نے ملک سے سیاسی عدم استحکام کا بظاہر خاتمہ کر دیا ہے اور خبر دے دی ہے کہ نہ صرف پالیسیوں کا تسلسل جاری رہے گا بلکہ حکومت کو درپیش خطرات بھی بظاہر ٹل گئے ہیں۔

 ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ آئینی بنچ بن گیا ہے۔ اور ایسا پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ سینیارٹی میں چیف جسٹس کے بعد چوتھے نمبر پر موجود جسٹس عدالت عظمیٰ کے طاقتور ترین جج بن چکے ہیں۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سات رکنی آئینی بنچ بن چکا ہے جس میں پنجاب سے جسٹس عائشہ ملک، سندھ سے جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس حسن اظہر رضوی، بلوچستان سے جسٹس جمال مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افغان اور خیبر پختونخوا سے جسٹس مسرت ہلالی آئینی بنچ کا حصہ ہیں۔ جوڈیشل کمیشن کے حالیہ اجلاس میں حکومت نے اپنی اکثریت ثابت کرتے ہوئے اپنی مرضی کا آئینی بنچ تشکیل دینے میں کامیابی حاصل کی اور چیف جسٹس آف پاکستان ، جسٹس منصور علی شاہ اور  جسٹس منیب اختر، اوراپوزیشن بنچز سے عمر ایوب اور شبلی فراز اقلیت میں چلے گئے۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ حکومت نے عدلیہ میں اپنے پنجے گاڑنے میں بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آئینی بنچ کی تشکیل میں اسے سات اراکین کی حمایت سے کامیابی ملی ہے۔ آئینی بنچ کا سربراہ بننے کے بعد جسٹس امین الدین خان عدالتی فیصلہ سازی میں اہمیت اختیار کر چکے ہیں کیونکہ وہ نئے قانون کے مطابق پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کا رکن بننے کے ساتھ ساتھ کیسز کے آئینی پہلو کا جائزہ لینے والی کمیٹی کا بھی حصہ بن چکے ہیں۔ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد بننے والے جوڈیشل کمیشن کا وہ پہلے ہی سے حصہ تھے۔ یعنی جسٹس امین الدین نہ صرف اس تین رکنی کمیٹی کا حصہ ہیں جو یہ تعین کرے گی کہ کون سا کیس آئینی بنچ کو ریفر کیا جانا ہے۔ جسٹس امین الدین اس کمیٹی میں بھی فیصلہ سازی کا کردار ادا کریں گے جو پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت سپریم کورٹ میں کیسز مقرر کرنے کا اختیار کھتی ہے۔ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں بھی جسٹس امین الدین کا ووٹ اہمیت کا حامل ہو گا ۔ ان تمام اہم عہدوں کے ساتھ وہ آئینی بنچ کے سربراہ بھی ہوں گے۔ 

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی بھی بڑے دلچسپ انداز میں عدالتی معاملات کو لے کر چل رہے ہیں۔ ایک جانب وہ جوڈیشل کمیشن آف پاکستان میں جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں اور اقلیت میں چلے جاتے ہیں تو دوسری جانب وہ آئینی ترمیم کے خلاف درخواستیں فل کورٹ میں لگانے کے معاملے پر جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر کے فیصلے کا ساتھ نہیں دیتے۔ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس منیب اختر کے چیف جسٹس آف پاکستان کو لکھے گئے خط میں انکشاف ہوتا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے اکثریتی ججز نے فل کورٹ بٹھانے کا فیصلہ سنایا مگر کمیٹی کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ یہ صورتحال بتا رہی ہے کہ عدلیہ میں اہم ایشوز پر اختلافِ رائے پایا جاتا ہے۔ 

صرف یہی نہیں حکومت نے سپریم کورٹ کے ججز کی تعداد دوگنی کرنے کا قانون بھی منظور کروا لیا ہے۔ یہ قانون ایک ایسے وقت میں منظور ہوا ہے جب ججز کا تقرر جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے کرنا ہے اور اس میں حکومت اپنی اکثریت ثابت کر چکی ہے ۔ اس اکثریت کے ساتھ حکومت سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپنی مرضی کے ججز کا تقرر کرنے جا رہی ہے۔ یوں سپریم کورٹ آف پاکستان میں نئے ججز کے تقرر کے بعد حکومت کی عدلیہ کو اپنی گرفت میں لینے کے خواہش تقریباً پوری ہو  چکی ہے۔ تمام ایسے معاملات جو حکومت کیلئے خطرہ ہو سکتے ہیں آئینی بنچ کو جا چکے ہیں جسے حکومت نے اپنی مرضی سے تشکیل دیا ہے ، اورحکومت جن جج صاحبان کو اپنے لئے خطرہ سمجھتی تھی وہ فیصلہ سازی میں اقلیت میں ہیں۔ ایسے میں حکومت پُر اعتماد  نظر آتی ہے کہ جس معاملے کو وہ 25 اکتوبر کے بعد خطرہ سمجھتی تھی وہ ٹل چکا ہے۔ 

دوسری جانب سروسز چیفس کی مدت ملازمت کے معاملے نے بھی واضح پیغام دے دیا ہے کہ آئندہ کئی برس پالیسیوں کا  تسلسل جاری رہے گا۔ سروسز چیفس کی مدت ملازمت میں توسیع کا فیصلہ فردِ واحد کی بجائے پہلی مرتبہ ادارہ جاتی اپروچ کو لے کر چلنے کو ظاہر کر تا ہے ،مگر اس میں سب سے اہم معاملہ یقیناً آرمی چیف کی مدت ملازمت اور اس سے جڑی ڈویلپمنٹس ہیں۔ حالیہ برسوں میں آرمی چیف کی مدت ملازمت کے آخری سال میں اقتدار کے ایوانوں میں بھونچال دیکھنے کو ملتا رہا جس کا اثر براہ راست ملکی سیاست پر بھی پڑتا ہے۔ مگر حکومت نے مدت ملازمت کو تین سال سے بڑھا کر پانچ سال کرنے کی قانون سازی کرکے تمام قیاس آرائیوں کو نہ صرف دفن کر دیا بلکہ سیکورٹی اور معیشت سمیت اہم ریاستی پالیسیوں کے تسلسل کو سیاست کی نظر ہونے سے بچا لیا ہے۔ آرمی ایکٹ میں ترمیم کے بعد جنرل سید عاصم منیر بغیر توسیع لئے نومبر 2027ء تک آرمی چیف رہیں گے اور حکومت نے اگر توسیع دینے کا فیصلہ کیا تو وہ نومبر 2032ء تک آرمی چیف رہ سکیں گے۔ تو جو  محرکات حکومتوں کے چلنے اور گھر جانے کی وجہ بنتے ہیں تمام میں صورتحال واضح ہو چکی ہے کہ معاملات تو ایسے ہی چلیں گے اور اگر کوئی اور وجہ نہ بنی تو حکومت اپنی مدت بھی پوری کرے گی۔ 

اس صورتحال میں پاکستان تحریک انصاف کا سیاسی کردار بھی حیران کن ہے جو آئینی ترمیم کی منظوری کے دوران بھی فرنٹ فٹ پر نہیں کھیلی ، سروسز چیفس کی مدت ملازمت کے معاملے کو افواج کا اندرونی معاملہ قرار دیا اور شورش پیدا کرنے کی کوشش نہیں کی۔ اس کا مطلب ہے کہ تحریک انصاف اپنے سیاسی رویے میں کسی حد تک تبدیلی لا چکی ہے اور وہ انگیج ہونے کیلئے بھی تیار ہے۔ پاکستان تحریک انصاف امریکی صدارتی انتخاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جیت پر بھی خوش دکھائی دیتی ہے اور امید لگائے بیٹھی ہے کہ اس جیت کے اثرات پاکستانی سیاست پر بھی ہوں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے تو جیل میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کے ساتھ ان کے اچھے تعلقات رہے ہیں اور وہ ڈونلڈ ٹرمپ کو دوبارہ صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں۔ پاکستان کے سیاسی منظر نامے پر امریکی انتخابات کے نتائج کے اثرات آنے میں تو شاید وقت لگے مگر پاکستان تحریک  انصاف کو آگے بڑھنے کیلئے اپنی ماضی کی حکمت عملی کو ترک کرنا ہو گا۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

پاکستان چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024

ستمبر میں ’’چیمپئنز ون ڈے کپ‘‘ کی شاندار کامیابی کے بعد پی سی بی ’’چیمپئنز ٹی 20 کپ2024ء‘‘ کا آغاز ہو گیا ہے۔ راولپنڈی میں شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں 5 ٹیمیں مد مقابل ہیں۔ پہلے روز 2 میچ کھیلے گئے، پہلے میچ میں لائنز اور مارخورز جبکہ دوسرے میچ میں سٹالیئنز اورپینتھرز مد مقابل ہوئے۔

مگرمچھ کا انجام

سردیوں کا موسم تھا اورجنگل کا سردار ٹارزن آگ جلانے کیلئے لکڑیاں کاٹنے میں مصروف تھا کہ وہ رونے کی آواز سن کر چونک اٹھا۔اس نے آس پاس گھوم کر دیکھا لیکن کوئی نظر نہ آیا جبکہ رونے کی آواز مسلسل آ رہی تھی۔

سات پریاں

ایک پرستان میں7 بے حد خوبصورت پریاں رہتی تھیں۔ وہ آپس میں بہت اچھی سہیلیاں بھی تھیں۔ان میں اس قدر پیار تھا کہ وہ سہیلیاں کم اور بہنیں زیادہ لگتی تھیں۔

آئن سٹائن کی باتیں

٭…صرف دو چیزیں لامحدود ہیں، پہلی کائنات اور دوسری انسان کی حماقت۔میں کائنات کے بارے میں یہ دعویٰ یقینی طور پر نہیں کر سکتا۔ ٭… مجھے یہ تو معلوم نہیں ہے کہ تیسری عالمی جنگ کن ہتھیاروں سے لڑی جائے گی لیکن مجھے یقین ہے کہ انسان چوتھی عالمی جنگ لاٹھیوں اور پتھروں کے ساتھ لڑے گا۔

ذرامسکرایئے

ایک کائو بوائے نے ایک شخص کو دیکھا جو گھوڑے پر الٹی زین کس رہا تھا ۔ کائو بوائے نے بڑی نرمی سے اس سے کہا ’’معاف کیجئے گا ، آپ گھوڑے پر الٹی زین کس رہے ہیں ‘‘ ۔ ’’ یہ بات تم اتنے وثوق سے کیسے کہہ سکتے ہو؟ ‘‘ اس شخص نے ناراض ہو کر کہا جبکہ تم یہ جانتے ہی نہیں کہ میں کس سمت سفر کر نے کا ارادہ رکھتا ہوں ‘‘ ۔٭٭٭

دلچسپ معلومات

٭… مچھلی کی آنکھیں ہمیشہ کھلی رہتی ہیں کیونکہ اس کے پپوٹے نہیں ہوتے۔ ٭… الو وہ واحد پرندہ ہے جو اپنی اوپری پلکیں جھپکتا ہے۔ باقی سارے پرندے اپنی نچلی پلکیں جھپکاتے ہیں۔٭… کیا آپ بحیرہ مردار کے متعلق یہ دلچسپ بات جانتے ہیں کہ اگر آپ اس سمندر میں گر بھی جائیں تو بھی آپ اس میں نہیں ڈوبیں گے۔