فرنیچر بخشے گھر کو خوبصورتی
لکڑی اور میٹل کے مقابلے میں پلاسٹک فرنیچر کی مقبولیت بڑھمے لگی
گھر کی سجاوٹ کیلئے دیدہ زیب فرنیچر نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ فرنیچر نہ صرف ہر گھر کی ضرورت ہوتا ہے بلکہ اگر اس کا انتخاب سوچ سمجھ کر کیا جائے اور اسے نہایت سلیقے سے رکھا جائے تو یہ گھر کو خوبصورتی بخشتا ہے۔ پہلے پہل لکڑی اور میٹل کے فرنیچر ہی استعمال کیے جاتے تھے لیکن آج کل پلاسٹک فرنیچر خواتین میں تیزی سے مقبولیت پا رہا ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ یہ فرنیچر مارکیٹ میں کم قیمت، نہایت دلکش رنگوں اور منفرد ڈیزائنوں میں دستیاب ہوتے ہیں۔
پلاسٹک فرنیچر کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ ان کا وزن بہت کم ہوتا ہے اس لیے انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے میں آسانی ہوتی ہے جب کہ اس کی نسبت لوہے اور لکڑی کے فرنیچر ایک جگہ رکھ دیئے جائیں تو ان کی جگہ تبدیل کرنا بہت مشکل ہوتا ہے۔ پلاسٹک کے فرنیچر کو آپ جب چاہیں اور جہاں چاہیں باآسانی لے جاسکتے ہیں۔ اگر آپ کا شام کی چائے سے لطف اندوز ہونے کا دل چاہ رہا ہے تو اسے لان میں لے جا سکتے ہیں۔ اگر آپ کا موسم سے لطف اندوز ہونے کا دل چاہ رہا ہے تو اسے ٹیرس پر بھی منتقل کر سکتے ہیں۔
پلاسٹک کے فرنیچر میں ہمیں رنگوں اور ڈیزائن کی لاتعداد ورائٹی ملتی ہے، جس میں سے ہم اپنی پسند کے مطابق انتخاب کر سکتے ہیں۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ان کی قیمت نہایت مناسب ہوتی ہے ا س لیے ہر خاص و عام انہیں اپنے گھر کی زینت بنا سکتا ہے۔ سب سے بڑی بات کہ یہ فرنیچر دوسری مصنوعات کی نسبت زیادہ پائیدار ہوتا ہے۔
پلاسٹک فرنیچر بچوں میں بھی بے حد مقبول ہے کیوں کہ اس میں بچوں کیلئے بے پناہ ورائٹی موجود ہے بچوں کیلئے مختلف سائز میں بنائے گئے سٹڈی ٹیبل ، اٹیچڈ کرسی اور میز اور کئی طرز پر بنائے گئے فرنیچر بچوں میں بے حد پسند کیے جارہے ہیں۔ماہرین کے مطابق بچوں کیلئے خاص انداز میں بنائے گئے یہ فرنیچر ان کی دلچسپیوں کو ابھار کر سیکھنے کے عمل کو تیز کرتے ہیں ۔اس طرح بچوں میں اپنی چیز کا خیال رکھنے اور اسے صاف ستھرا رکھنے کی بھی تحریک پیدا ہوتی ہے۔ اس لیے آپ بھی اپنے گھر کو اچھوتے زاویوں کے ساتھ سجائیں اور اس میں پلاسٹک فرنیچر کا اضافہ کریں یہ یقینا آپ کیلئے نہایت پر سکون اور فائدہ مند ثابت ہوگا اور آپ کے گھر کی دلکشی میں بھی اضافہ کرے گا۔