بچوں کے دلچسپ جملے
میں ایک دوست کے ہاں ڈنر پر مدعو تھا، ڈنر تھوڑا لیٹ تھا اس لیے مجھے سخت بوریت ہو رہی تھی۔ اتنے میں اُن کی 6 سالہ بیٹی کھیلتے کھیلتے میرے قریب آئی اور اپنے ہاتھ میں پکڑی ٹافی میری طرف لہرا کر بولی ’’کھائیں گے؟‘‘۔
میں نے مسکراتے ہوئے اثبات میں سرہلایا اور منہ کھول دیا۔ اْس نے اطمینان سے ٹافی کا ریپر کھولا اور ٹافی میرے منہ میں ڈالنے کی بجائے اپنے منہ میں ڈال کر چٹخارے لیتے ہوئے بولی ’’مزیدار ہے ناں؟‘‘۔ سیچوئیشنل کامیڈی کے اتنے اچھے مظاہرے نے مجھے ایک دم فریش کر دیا۔
میں جب بھی کسی بچے سے گفتگو کرتا ہوں تو ایسے ایسے تخلیقی جملے سننے کو ملتے ہیں کہ ہنس ہنس کر برا حال ہوجاتاہے۔میرے ہمسائے میں ایک صاحب ہیں جن کے سر پر 60سال کی عمر میں بھی گھنے بال ہیں، ایک دن ان کی پوتی مجھ سے پوچھنے لگی ’’انکل۔میرے دادا امیر ہیں کہ غریب؟‘‘ میں نے پیار سے کہا ’’بھئی آپ کے دادا بہت امیر ہیں‘‘۔ منہ بنا کر بولی ’’سر سے تو نہیں لگتے‘‘!!!
ایک دفعہ میری چھوٹی بھانجی کہنے لگی’’ماموںمیں نے میکڈونلڈ جانا ہے‘‘۔ میں نے اس کے بالوں میں ہاتھ پھیرا ’’ٹھیک ہے، لے جاتا ہوں لیکن پہلے میکڈونلڈ کے سپیلنگ بتاؤ‘‘کچھ دیر سوچ کر بولی ’’رہنے دیں،کے ایف سی چلتے ہیں!‘‘