ICC CHAMPIONS TROPHY 2025,روایتی حریف کا پاکستان آنے سے انکار

تحریر : محمد ارشد لئیق


آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی2025ء میگا ایونٹ کا نواں ایڈیشن ہو گا، یہ ایک بین الاقوامی کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جس کا مقابلہ ایک روزہ بین الاقوامی(او ڈی آئی)کی مردوں کی قومی ٹیموں کے درمیان ٹاپ آٹھ درجہ بندی پر ہوتاہے، اس کا اہتمام انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی)کرتاہے اور اس کی میزبانی پاکستان 19 فروری سے 9 مارچ 2025ء تک کرے گا۔ پاکستان دفاعی چیمپئن ہے، جس نے 2017 ء میں چیمپئنز ٹرافی کا پچھلا ایڈیشن جیتا تھا۔

پاکستان کو16 نومبر 2021 ء آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی باضابطہ طور پر دی گئی۔یہ پہلا عالمی ٹورنامنٹ ہو گا جس کا پاکستان 2009 ء میں سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم پر حملے کے بعد سے واحد میزبان ہوگا۔وطن عزیز میں ہونے والا آخری بڑا ٹورنامنٹ 1996 ء کا کرکٹ ورلڈ کپ تھا جس کی میزبانی پاکستان نے انڈیا اور سری لنکا کے ساتھ مشترکہ طور پر کی تھی۔ پاکستان نے بطور میزبان خود بخود مقابلے کیلئے کوالیفائی کر لیا جبکہ اس کے ساتھ 2023 ء کرکٹ ورلڈ کپ کے گروپ مرحلے کی سات دیگر اعلیٰ ترین ٹیمیں شامل ہیں۔ یہ پہلا موقع ہو گا جب سابق چیمپئن سری لنکا ٹورنامنٹ کیلئے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہا جبکہ افغانستان اس ٹورنامنٹ میں پہلی بار شرکت کرے گا۔

پاکستان کا ہمسایہ ملک اور روایتی حریف بھارت ہمیشہ کھیلوں میں بھی سیاست کرتا ہے اور پاکستان دشمنی میں یہاں کھیلوں کے مقابلے رکوانے کیلئے ہمیشہ مختلف سازشوں کے جال بنتا رہتاہے۔ انڈین کرکٹ ٹیم نے پاکستان میں ایشیاء کپ کھیلنے سے بھی انکار کردیاتھا اور روایتی حریف کے میچز ہائیبرڈ ماڈل کے تحت غیر جانبدار وینیو پر کرائے گئے تھے لیکن اس کے باوجود پاکستان نے کھیل کو سیاست سے الگ رکھا اور ہماری قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے بھارت گئی۔ گزشتہ دنوں بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کیلئے پاکستان آئے، یہاں پاکستان کے ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جے شنکر سے انڈین ٹیم کی چیمپینز ٹرافی میں شرکت کے حوالے سے بات کی جس میں وفاقی وزیرداخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی موجود تھے جس کے بعد بھارتی وزیرخارجہ نے واپس جانے کے بعد پاکستان کی میزبانی کی بڑی تعریف بھی کی لیکن اب ایک بار پھر بھارتی میڈیا نے دعویٰ کردیاہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان نہیں آئے گی اور بھارت اپنے میچز دبئی میں کرانے کا خواہاں ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو حال ہی میں ایک پیغام بھیجا ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی ٹیم کے پاکستان نہ آنے کی خبریں آنے کے ساتھ ہی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کا مجوزہ شیڈول بھی سامنے آ گیاہے۔ پی سی بی نے گزشتہ ہفتے چیمپئنز ٹرافی کی تاریخوں کا اعلان کیا تھا۔ چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے 9 مارچ 2025ء تک  پاکستان میں کھیلی جائے گی، جبکہ ایونٹ میں یکم مارچ کو سب سے اہم مقابلہ یعنی دو روایتی حریفوں کے درمیان پاک بھارت ٹاکرا شیڈول ہے۔پی سی بی ذرائع کے مطابق چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم اپنے تمام میچز لاہور میں ہی کھیلے گی۔آئی سی سی کے اعلان سے پہلے منظر عام پر آنے والے تفصیلی شیڈول کے مطابق پاکستان، بھارت، نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش گروپ اے میں شامل ہیں، جبکہ آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور افغانستان گروپ بی میں شامل ہیں۔میزبان پاکستان ٹیم تینوں وینیوز لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں گروپ میچز کھیلے گی۔ 

چیمپئنز ٹرافی کا افتتاحی میچ 19 فروری کو کراچی میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا۔20 فروری کو لاہور میں انڈیا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔21 فروری کو کراچی میں افغانستان اور جنوبی افریقہ کا میچ ہوگا، 22 فروری کو لاہور میں آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔23 فروری کو لاہور میں انڈیا اور نیوزی لینڈ کا میچ ہوگا جبکہ پاکستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں 24 فروری کو راولپنڈی میں میچ کھیلیں گی۔25 فروری کو لاہور افغانستان اور انگلینڈ کے میچ کی میزبانی کرے گا، 26 فروری کو راولپنڈی میں آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کا میچ ہوگا۔27 فروری کو لاہور میں بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کا میچ ہوگا، 28 فروری کو راولپنڈی میں افغانستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں میچ کھیلیں گی۔یکم مارچ کو پاکستان اور انڈیا کی ٹیموں کے درمیان میچ لاہور میں ہوگا جبکہ دو مارچ کو راولپنڈی میں جنوبی افریقہ اور انگلینڈ کا میچ ہوگا۔5 مارچ کو پہلا سیمی فائنل کراچی جبکہ دوسرا سیمی فائنل 6 مارچ کو راولپنڈی میں رکھا گیا ہے۔پہلا سیمی فائنل گروپ اے کی ٹاپ ٹیم اور گروپ کی نمبر 2 ٹیموں کے درمیان ہوگا جبکہ دوسرا سیمی فائنل گروپ بی کی نمبر ون اور گروپ اے کی نمبر ٹو کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 9 مارچ کوچیمپئنز ٹرافی کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے گا۔

بھارتی ٹیم کا پاکستان آنے سے انکار سامنے آنے کے بعد چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)محسن نقوی نے بحیثیت میزبان بھرپور موقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم کے آنے یا نہ آنے کے حوالے سے بھارتی کرکٹ بورڈ نے آگاہ نہیں کیا۔ بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جارہی۔ہم آج بھی چاہتے ہیں کہ کرکٹ سیاست سے پاک ہو، دو ماہ سے بھارتی میڈیا پر خبریں آرہی تھی کہ بھارتی ٹیم نہیں آرہی۔ بھارتی ٹیم کے نہ آنے کے حوالے سے ابھی تک بھارتی کرکٹ بورڈ نے تحریری طور پر آگاہ نہیں کیا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کا کوئی خط نہیں ملا، اگر نہ آنے کا تحریری پر طور پر بتایا گیا تو حکومت کے پاس جاوں گا، ہم چیمپئنز ٹرافی کیلئے اپنی تیاریاں جاری رکھیں گے۔ حکومت پاکستان جو فیصلہ کرے گی اس پر عمل کریں گے، پاکستان نے ہمیشہ خیرسگالی کے جذبات کا مظاہرہ کیا ہے، ہر دفعہ یہ توقع نہ رکھی جائے، اگر کوئی صورت حال ہے تو پی سی بی کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے۔ بھارتی میڈیا میں پچھلے دو ماہ سے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت نہ کرنے کی خبریں آ رہی ہیں، کوئی بھی ملک ہو کھیل کے اندر سیاست کو نہیں لانا چاہیے۔ہر ملک کی خواہش ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہو، میرا نہیں خیال کہ کوئی بھی ملک اس طرح کی سیاست میں آئے گا۔

بھارت کب کب انکاری ہوا!

بھارتی کرکٹ ٹیم نے کئی مرتبہ پاکستان میں سیریز کھیلنے سے انکار کیا ہے، جس کی وجوہات میں سیکورٹی خدشات، سیاسی تناؤ اور دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی شامل ہیں۔ 

 بھارت نے ایشیا کپ 2008ء کے بعد سے پاکستان میں کوئی میچ نہیں کھیلا، جبکہ 2012-13ء میں پاکستان کے دورہ بھارت کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان کوئی دو طرفہ سیریز بھی نہیں کھیلی گئی ہے۔

 2008ء کے ممبئی حملوں کے بعد بھارت نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ روابط ختم کر دیے، اور 2009ء میں طے شدہ سیریز کھیلنے سے انکار کر دیا۔

اگرچہ بھارت نے 2012-13ء میں پاکستان کو ایک محدود اوورز کی سیریز کیلئے بھارت آنے کی دعوت دی، تاہم دونوں ممالک میں مکمل باہمی سیریز کا کوئی معاہدہ نہیں ہو سکا اور بھارت نے پاکستان آ کر کھیلنے سے اجتناب کیا۔

2014-15: پاکستان کرکٹ بورڈ اور بی سی سی آئی کے درمیان ایک معاہدہ طے پایا جس کے تحت دونوں ممالک کو سیریز کھیلنی تھیں، لیکن بھارتی حکومت کی جانب سے منظوری نہ ملنے کی وجہ سے بھارتی ٹیم نے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔

2023: ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کو ملی، مگر بھارت نے سیکورٹی وجوہات کا حوالہ دیتے ہوئے پاکستان میں میچ کھیلنے سے انکار کر دیا۔ اس کے بعد ایک ہائبرڈ ماڈل اپنایا گیا، جس میں بھارتی ٹیم کے میچ نیوٹرل وینیوز (سری لنکا) پر منعقد کیے گئے۔

بھارت اور پاکستان کے درمیان کرکٹ کے تعلقات سیاسی اور سیکورٹی معاملات کی وجہ سے اکثر متزلزل رہتے ہیں۔ اس کے علاوہ، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایونٹس میں دونوں ٹیمیں نیوٹرل وینیوز پر ایک دوسرے کے مدمقابل ہوتی رہی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

پاکستان چیمپئنز ٹی 20 کپ 2024

ستمبر میں ’’چیمپئنز ون ڈے کپ‘‘ کی شاندار کامیابی کے بعد پی سی بی ’’چیمپئنز ٹی 20 کپ2024ء‘‘ کا آغاز ہو گیا ہے۔ راولپنڈی میں شروع ہونے والے اس ٹورنامنٹ میں 5 ٹیمیں مد مقابل ہیں۔ پہلے روز 2 میچ کھیلے گئے، پہلے میچ میں لائنز اور مارخورز جبکہ دوسرے میچ میں سٹالیئنز اورپینتھرز مد مقابل ہوئے۔

مگرمچھ کا انجام

سردیوں کا موسم تھا اورجنگل کا سردار ٹارزن آگ جلانے کیلئے لکڑیاں کاٹنے میں مصروف تھا کہ وہ رونے کی آواز سن کر چونک اٹھا۔اس نے آس پاس گھوم کر دیکھا لیکن کوئی نظر نہ آیا جبکہ رونے کی آواز مسلسل آ رہی تھی۔

سات پریاں

ایک پرستان میں7 بے حد خوبصورت پریاں رہتی تھیں۔ وہ آپس میں بہت اچھی سہیلیاں بھی تھیں۔ان میں اس قدر پیار تھا کہ وہ سہیلیاں کم اور بہنیں زیادہ لگتی تھیں۔

آئن سٹائن کی باتیں

٭…صرف دو چیزیں لامحدود ہیں، پہلی کائنات اور دوسری انسان کی حماقت۔میں کائنات کے بارے میں یہ دعویٰ یقینی طور پر نہیں کر سکتا۔ ٭… مجھے یہ تو معلوم نہیں ہے کہ تیسری عالمی جنگ کن ہتھیاروں سے لڑی جائے گی لیکن مجھے یقین ہے کہ انسان چوتھی عالمی جنگ لاٹھیوں اور پتھروں کے ساتھ لڑے گا۔

ذرامسکرایئے

ایک کائو بوائے نے ایک شخص کو دیکھا جو گھوڑے پر الٹی زین کس رہا تھا ۔ کائو بوائے نے بڑی نرمی سے اس سے کہا ’’معاف کیجئے گا ، آپ گھوڑے پر الٹی زین کس رہے ہیں ‘‘ ۔ ’’ یہ بات تم اتنے وثوق سے کیسے کہہ سکتے ہو؟ ‘‘ اس شخص نے ناراض ہو کر کہا جبکہ تم یہ جانتے ہی نہیں کہ میں کس سمت سفر کر نے کا ارادہ رکھتا ہوں ‘‘ ۔٭٭٭

دلچسپ معلومات

٭… مچھلی کی آنکھیں ہمیشہ کھلی رہتی ہیں کیونکہ اس کے پپوٹے نہیں ہوتے۔ ٭… الو وہ واحد پرندہ ہے جو اپنی اوپری پلکیں جھپکتا ہے۔ باقی سارے پرندے اپنی نچلی پلکیں جھپکاتے ہیں۔٭… کیا آپ بحیرہ مردار کے متعلق یہ دلچسپ بات جانتے ہیں کہ اگر آپ اس سمندر میں گر بھی جائیں تو بھی آپ اس میں نہیں ڈوبیں گے۔