آج کا پکوان: بسکٹ گھر بنایئے
اجزاء:میدہ آدھا کلو، مکھن 50 گرام، دودھ آدھا گلاس ،نمک حسب ضرورت۔
ترکیب: میدے اور مکھن کو دودھ میں گوندھ کر خمیرکر لیا جائے پھر اس خمیر کی موٹی روٹی بنا کر اسے سانچہ کے ذریعے چھوٹے چھوٹے سائز میں کاٹ لیا جائے اور کچھ دیر دھوپ یا ہوا میں رکھ کر خشک کر لیجیے۔ خشک کرنے کیلئے جستی ٹرے موزوں ہوتی ہے۔
اس ٹرے پر پہلے میدہ بچھادینا چاہیے تاکہ بسکٹ اس پر جم کرچپک نہ جائیں۔ جب بسکٹ قدرے خشک ہو جائیں تو انہیں تنور میں رکھ کر تنور کا منہ بند کر دیا جائے یا اوون میں رکھ دیا جائے۔ کچھ دیر کے بعد بسکٹ تیار ہو جائیں گے۔
چھوہاروں کے بسکٹ
اجزاء:میدہ 500 گرام، گھی عمدہ 250 گرام، دودھ 100 گرام، گلاب کا عرق 50 گرام، قندسفید 250 گرام، پستے اور بادام 50 ،50 گرام اور چھوہارے دونوں کے برابر یعنی 100 گرام۔
ترکیب: چھوہاروں کو عرق گلاب میں ملا کر اچھی طرح پیس لیاجائے اور بادام اور پستے کو باریک تراش کر نصف مقدار اس میں ملا دیا جائے۔ دوسری طرف میدہ، دودھ، گھی اور شکر کو خوب اچھی طرح گوندھ کر چھوٹے چھوٹے پیڑے بنا لیے جائیں اور دو دو پیڑوں کے درمیان چھوہارہ، بادام اور پستے کا تھوڑا تھوڑا مرکب رکھ لیں۔ انہیں بسکٹ کے برابر پھیلا لیں اور حسب طریق بالا پکایئے۔ نہایت خوش ذائقہ بسکٹ تیار ہوں گے۔