کھیتوں اور کھلیانوں کا پرندہ... بٹیر
بٹیر ایک مشہور اور جانا پہچانا پرندہ ہے، یہ ہمارے دیہی علاقوں میں عام ملتا ہے۔ اس پرندے کا تعلق پرندوں کے ایک بڑے خاندان، گالی فورمز (Galliformes) سے ہے۔ مرغی، مور اور تیتر بھی اس خاندان میں شامل ہیں۔
بٹیر کا شمار خوبصورت پرندوں میں ہوتا ہے۔ یہ 10 انچ تک لمبا اور 100 گرام تک وزنی ہوتا ہے۔ اس کا جسم گول اور موٹا ہوتا ہے۔ بٹیر بھورے، سیاہ، نیلے اور سفید رنگوں میں ملتا ہے۔ بٹیر اپنی خصوصیات میں چڑیا سے بہت ملتا جلتا ہے۔ اس کی نظر زیادہ تیز نہیں اور یہ اپنے حساس کانوں سے ماحول سے باخبر رہتا ہے۔ پنجے اور ٹانگیں مضبوط ہوتی ہیں اور یہ کافی دیر تک زمین پر چل سکتا ہے۔ کھیتوں، کھلیانوں میں رہنے والے اس پرندے کو بڑے شوق سے پالتے ہیں۔
بٹیر اپنا زیادہ وقت زمین پر گزارتا ہے۔ اس کے پَر چھوٹے ہوتے ہیں، اس لیے یہ زیادہ لمبی اور اونچی پرواز نہیں کرسکتا۔ تاہم خطرے کے وقت یہ 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اُڑ سکتا ہے۔ ایسے موقعوں پر یہ ایک دم سے فضا میں بلند ہوتا ہے، اور بڑی تیزی سے خطرے سے دور اُڑ جاتا ہے۔
بٹیر بیج، پتے اور پھل پھول کھانے والا پرندہ ہے۔ تاہم یہ زمینی کیڑے مکوڑے بھی کھاتا ہے۔ قدرت نے اس کی چونچ خاص طور پر ایسی بنائی ہے کہ یہ ہر قسم کے بیج اور پھل کھا سکتا ہے۔ اپنی اس موٹی چونچ کی مدد سے یہ زمین میں چھپے ہوئے بیج بآسانی نکال لیتا ہے۔
بٹیر کا گھونسلا کھیتوں یا میدانوں میں ہوتا ہے۔ یہ زیادہ تر پودوں کی جڑوں کے قریب، کسی گڑھے میں اپنا گھونسلا بناتا ہے۔ یہ گھونسلا 3 انچ تک گہرا اور 8انچ تک چوڑا ہوتا ہے۔ یہ اپنے گھونسلے کو پتوں اور گھاس سے محفوظ بناتا ہے۔
گرمیوں میں مادہ بٹیر 14 سے 20 تک چھوٹے چھوٹے انڈے دیتی ہے۔ یہ انڈے ہلکے سفید رنگ کے ہوتے ہیں اور ان پر سیاہ دھبے نمایاں نظر آتے ہیں. ان انڈوں سے 23 دنوں کے بعد بچے نکلتے ہیں۔ یہ بچے شروع میں صرف کیڑے کھاتے ہیں اور پھر بڑے ہونے پر یہ بیج وغیرہ کھانے لگتے ہیں۔ یہ بہت تیزی سے بڑے ہوتے ہیں اور صرف دو ماہ بعد یہ اُڑنے اور اپنی خوراک تلاش کرنے لگتے ہیں۔