ٹرافی لیورپول کے شوکیس میں سجنے کو تیار

انگلش فٹ بال پریمیئر لیگ کے 32میچ ویک مکمل ہونے کے بعد صورتحال واضح ہو گئی ہے کہ اس بار چیمپئن بننے کا اعزازلیورپول کے حصے میں آئے گا جبکہ دفاعی چیمپئن مانچسٹر سٹی ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔
38ہفتوں پر مشتمل اس فٹ بال ایونٹ پر دنیا بھر کے شائقین کی نظر رہتی ہے، اس بار حیرت انگیز طور پر لو پروفائل اور نسبتاً غیر معروف کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیموں نیو کیسل یونائیٹڈ، نوٹنگھم فاریسٹ، آسٹن ولا، بورنے ماؤتھ، فلہم اوربرائٹون اینڈ ہوو البائن نے اپنی کارکردگی سے دھاک بٹھا دی اور ٹاپ ٹین میں کھڑی نظر آرہی ہیں جبکہ گزشتہ برس ٹاپ ٹین میں شامل دو بڑی ٹیمیں مانچسٹر یونائیٹڈ اور ٹوٹنہم رواں سیزن میں ٹاپ ٹین میں بھی شامل نہ ہو سکیں۔2015-16سیزن کی چیمپئن ٹیم لیسسٹر سٹی سمیت ایپسوچ ٹاؤن اور ساؤتھمپٹن کی ٹیمیں اپنی ناقص کارکردگی کے باعث ایونٹ سے باہر ہوتی نظر آرہی ہیں اور اگلے ایونٹ میں تین نئی ٹیمیں انگلش فٹ بال پریمیئر لیگ کیلئے کوالیفائی کرکے طبع آزمائی کریں گی۔
گزشتہ سیزن میں مانچسٹر سٹی ایونٹ کی فاتح ٹیم تھی، آرسنل دوسری، لیور پول تیسری ،آسٹن ولا چوتھی، ٹوٹنہم پانچویں، چیلسی چھٹی، نیوکیسل یونائیٹڈ 7ویں، مانچسٹریونائیٹڈ 8ویں ،ویسٹ ہام یونائیٹڈ 9ویں، کرسٹل پیلس 10ویں ، برائٹون اینڈ ہووالبائن 11ویں، بورنے ماؤتھ 12ویں، فلہم 13ویں، وولورہمپٹن اینڈ وانڈررز 14ویں، ایورٹن 15ویں، برینٹ فورڈ 16ویں اور نوٹنگھم فاریسٹ 17ویں پوزیشن پر رہے جبکہ لوٹن ٹاؤن، برنلے اور شیفیلڈ یونائیٹڈ آخری تین نمبر وں پر آکر ایونٹ سے باہر ہو گئے۔
رو اں سیزن میں بہترین کارکردگی کا سہرا نیویونائیٹڈ کیسل کے سر سجا ہواہے، جس نے 17ویں پوزیشن سے ترقی کرکے چوتھے نمبر پر قبضہ جما لیا ہے۔اس کے ایونٹ میں فتح کے چانس تو نہیں ہیں تاہم اس پوزیشن کی بدولت وہ یوئیفاچیمپئنز لیگ کیلئے کوالیفائی کرجائے گا۔ نیوکیسل یونائیٹڈ کی ٹیم 7ویں پوزیشن سے ترقی کر کے تیسرے نمبر پر براجمان ہے جو اس کی یوئیفا چیمپئنز لیگ میں شرکت کی ضامن ہے۔آسٹن ولا نے گزشتہ برس چوتھی پوزیشن کی بدولت یوئیفا چیمپئنز لیگ کیلئے کوالیفائی کیاتھاتاہم اس بار 7ویں پوزیشن سے اس کی بڑے ایونٹ میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔بورنے ماؤتھ 12ویں پوزیشن سے 8ویں پوزیشن پر آچکی ہے جو اس کی بہترکارکردگی کی دلیل ہے۔فلہم نے 13ویں سے 9ویں اور برائٹون اینڈ ہوو البائن 11ویں سے 10ویں پوزیشن تک ترقی کرسکی ہیں ۔رواں برس ایونٹ میں شرکت کے اہل قرار پانے والے کلب،لیسسٹرسٹی ، ساؤتھمپٹن اور ایپسوچ ٹاؤن اپنی دھاک بٹھانے میں ناکام رہے اور آخری تین پوزیشنز پر ہونے کے باعث ایونٹ سے باہر ہوجائیں گے ۔یسسٹر شائر 2015-16ء میں ایونٹ کوالیفائی کر کے چیمپئن بنا تھا اور 2022-23ء کے سیزن میں ناقص کارکردگی پر باہر ہوکر گزشتہ سیزن میں پھر ایونٹ کیلئے کوالیفائی کرگیاتاہم اس بار وہ کوئی کارنامہ کرنے کی بجائے ناکام لوٹ جائے گا اور پھر سے کوالیفائی کرنے کیلئے محنت کرے گا ۔
اس وقت ایونٹ کا 33واں میچ ویک چل رہا ہے جس کے مکمل ہوتے ہی ٹیبل پوزیشنز میں تبدیلی ممکن ہے تاہم ایونٹ سے باہر ہونیوالی تین ٹیمیں فائنل ہوچکی اور فاتح کا فیصلہ بھی تقریبا ً ہو چکا ہے جس میں اگر مگر کی گنجائش بھی نظر نہیں آتی تاہم میگا ایونٹ یوئیفا چیمپئنز لیگ میں کوالیفائی کرنے کی جنگ آخری 38ویں میچ ویک تک جاری رہے گی۔جس کیلئے اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر موجود ٹاپ 7ٹیموں میں سے لیورپول اورآرسنل کی پوزیشن مضبوط ہے تاہم نیوکیسل یونائیٹڈ، نوٹنگھم فاریسٹ ،مانچسٹرسٹی ،چیلسی اور آسٹن ولا کی ٹیمیں آخری میچ تک اگر مگر کی پوزیشن میں رہیں گی اور 2ٹیموں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا ۔انگلینڈ سے رواں سال 7کلب یوئیفا چیمپئنز لیگ کیلئے کوالیفائی کرسکتے ہیں۔جن میں پریمیئر لیگ کی ٹاپ فائیوٹیمیں شامل ہوں گی، علاوہ ازیں یوئیفا چیمپئنز لیگ اور یوروپا لیگ کی فاتح ٹیمیں بھی میگا ایونٹ کا حصہ ہوتی ہیں تاہم اگر وہ پریمیئر لیگ کی ٹاپ فائیو ٹیموں میں شامل ہوں تو یہ ٹائٹل ان کیلئے کوالیفائی کرنے کیلئے بے سود ہوتاہے۔
پریمیئر لیگ کے رواں سیزن میں انفرادی طور پر لیورپول کے محمد صلاح 27گول کرکے اپنی دھاک بٹھا چکے ہیں ،ا س کے علاوہ انہوں نے اپنے ساتھیوں کوپاس دے کر 18گول کرنے میں بھی مدد فراہم کی ،لیورپول کی ٹیم نے رواں سیزن میں اب تک 74گول کئے ہیں جن میں سے 45کے ساتھ محمد صلاح کانام آتا ہے۔ مانچسٹرسٹی کے ارلنگ ہالینڈ اور نیوکیسل یونائیٹڈ کے الیگزینڈر اسک 21،21کرکے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن پر موجود ہیں جبکہ نوٹنگھم فاریسٹ کے کرس ووڈ 18بار گیند کوجال میں پھینک کر چوتھے نمبر پر براجمان ہیں۔ برینٹ فورڈ کے برآئن ایمبیومو 16 اوریونے ویسا 15گولوں کیساتھ پانچویں اور چھٹی پوزیشن پر فائز ہیں۔