آج کا پکوان : شو فوت
اجزاء:بکرے کا قیمہ 200 گرام، نمک حسب ذائقہ، ادرک پسا ہوا ایک چائے کا چمچ، لہسن پسا ہوا ڈیڑھ چائے کا چمچ، پیاز ایک عدد درمیانی، پسی ہوئی لال مرچ ایک چائے کا چمچ، ہلدی آدھا چائے کا چمچ، دہی دوپیالی، پیٹا بریڈدو عدد، ہری مرچیں ایک سے دوعدد، ہرادھنیا آدھی گٹھی، پودینہ آدھی گٹھی، گاجرایک عدد، کھیرا ایک عدد، ہری پیاز ایک عدد، کوکنگ آئل دو سے تین کھانے کے چمچ۔
ترکیب:ہرا دھنیا، پودینہ اور ہری مرچوں کو دھو کرباریک کاٹ لیں۔ پیاز کو باریک کاٹ کر رکھ لیں، گاجر، کھیرا اور ہری پیاز کو کش کرلیں یا باریک کاٹ کر رکھ لیں۔پھرانہیں بلینڈر میں ڈال کردہی اورآدھا چائے کاچمچ لہسن ڈال کربلینڈ کریں، اگر ضرورت محسوس کریں تو ہلکاسا پانی کا چھینٹا دے دیں لیکن خیال رہے کہ مکسچر گاڑھارہناچاہیے۔بریڈ کے چھوٹے ٹکڑے کاٹیں، پلیٹر میں تھوڑے سے ٹکڑے پھیلا کر رکھیں اور اس پر دہی کا مکسچر ڈال دیں۔اس عمل کودو سے تین مرتبہ کریں اور ڈش کو فریج میں رکھ دیں۔پین میں کوکنگ آئل کو درمیانی آنچ پر رکھیں اور اس میں پیاز کوسنہرا فرائی کر لیں۔ پھر اس میں نمک، ادرک، لہسن، لال مرچ اور ہلدی ڈال کربھونیں، قیمہ اور دو کھانے کے چمچ دہی ڈال کرملائیں اور ہلکی آنچ پر پکنے رکھ دیں۔جب قیمے کا پانی خشک ہو جائے تو اسے اچھی طرح بھون لیں، پھر فریج میں رکھی ہوئی ڈش نکال کر اس پر یہ قیمہ پھیلا کر ڈال دیں۔اس غذائیت بھری ڈش کو ہوئی گاجر، کھیرا اور ہری پیاز سے سجا کر پیش کریں۔
لذیذہ
اجزاء: چاول دو پیالی، چنے کی دال آدھی پیالی، نمک حسب ذائقہ، ادرک لہسن پسا ہوا ایک کھانے کا چمچ، پیازدو عدد، بادام آٹھ سے دس عدد، پستے آٹھ سے دس عدد، اخروٹ کی گری آدھی پیالی،دار چینی دو ٹکڑے، ثابت کالی مرچ چھ سے آٹھ عدد،لونگ چار سے چھ عدد،تیزپات ایک ٹکڑا،بڑی الائچی دو عدد، چھوٹی الائچی تین سے چار عدد،سیاہ زیرہ ایک کھانے کا چمچ،جائفل آدھا چائے کا چمچ،جاوتری آدھا چائے کا چمچ،گھی آدھی پیالی۔
ترکیب: چنے کی دل کودھو کر ایک پیالی گرم پانی میں بھگو دیں پھر اسے اتنی دیر ابالیں کہ گل جائے لیکن کھلی کھلی رہے۔چاولوں کو دھو کر بیس منٹ پہلے بھگو کر رکھ دیں، پیاز کو باریک کاٹ لیں۔جائفل، جاوتری ، ایک دار چینی کا ٹکڑا، دو لونگ، چار عدد کالی مرچ، دو چھوٹی الائچی اور ایک بڑی الائچی کو ملا کر کوٹ لیں۔پین میں گھی کو درمیانی آنچ پر دو سے تین منٹ گرم کریں اور اس میں ثابت گرم مصالحے ڈال کر کڑکڑالیں۔پھر اس میں پیاز کو ہلکی سنہری فرائی کریں اور اس میں ادرک لہسن اور خشک میوہ ڈال کر ایک سے دو منٹ فرائی کریں۔چاولوں کو پانی سے نکال کر اس میں ڈال کر بھونیں اور دو سے تین منٹ کے بعد اس میں ابلی ہوئی دال، نمک اور پسے ہوئے گرم مصالحے شامل کردیں۔جب پانی خشک ہو جائے تو ایک کھانے کا چمچ گھی میں سیاہ زیر فرائی کرکے چاولوں پر ڈالیں اور اسے ہلکی آنچ پر دس سے بارہ منٹ کیلئے دم پر رکھ دیں۔اچھی طرح ملا کر خوبصورت سے پلیٹر میں نکالیں اور گرم گرم لذیذہ کو مغلئی قورمے کے ساتھ پیش کریں۔