رہنمائے گھر داری :خشخاش کے فائدے بیشمار

خشخاش کے بیج سفید اور سیاہ دو قسم کے ہوتے ہیں۔عام طور پر سفید بیج زیادہ استعما ل کیے جاتے ہیں۔پوست کے اندر سے جو نہایت باریک گول بیج نکلتے ہیں یہ عموماً مختلف پکوانوں میں استعمال کیے جاتے ہیں۔
خصوصاً کوفتے جیسا سالن جو ہمارے ملک کے ہر گھر میں شوق سے پکایا اور کھایا جاتا ہے خشخاش کے بغیر ادھورا سمجھا جاتا ہے۔کھانوں میں استعمال کے ساتھ ساتھ اس کے طبی فوائد بھی ہیں۔خشخاش کا تیل بھی نکالا جاتا ہے جو دردوں کیلئے مفید ہے۔ خشخاش میں صحت بخش اجزاء جیسے میگنیشیئم، میگنیز، آیوڈین، زنک، تھیامن، فولیٹ، کیلشیئم، آئرن ،فاسفورس،اومیگا تھری فیٹی ایسڈ اور فائبر پائے جاتے ہیں۔یہ بہت سی بیماریوں میں بھی مفید ہے۔
بھر پور نیند کے لیے
خشخاش اور تربوز کے بیج ہم وزن لے کر پیس کے رکھ لیں اور انہیں رات کو سونے سے آدھا گھنٹہ پہلے دودھ کے ساتھ ایک چمچ کھا لیں۔نیند کی کمی کا شکار افراد کیلئے یہ بہترین نسخہ ہے۔
خشک خارش
موسم بدلنے لگے اور اس میں ہلکی سے خنکی ہو جائے تو جلد پر خارش ہونے لگتی ہے اور اکثر جلد کے اوپر سے چھلکا سا اترنے لگتا ہے۔اس کا علاج بھی خشخاش کے ذریعے ممکن ہے۔ خشخاش کے پائوڈر میں چند قطرے لیموں کا رس اور حسب ضرورت پانی ملا کر لگانے سے چند ہی دنوں میں آپ کوخارش سے نجات مل جائے گی۔
دماغی صحت
کام کا دبائو،ذہنی تنائو یا کوئی بیماری دماغ کی صحت پر اثر انداز ہو سکتی ہے۔ اس کے علاج کیلئے خشخاش کا حریرہ بے حد مفید ہے۔ اگر اسے بادام کے ساتھ پیس کر استعمال کیا جائے تو اس کی افادیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
وزن میں کمی
جیسا کہ کم سب جانتے ہیں کہ مصروف طرزِ زندگی اور فاسٹ فوڈ کے باعث ہمارے ہاں زیادہ تر افراد کیلئے بڑھتا ہوا وزن پریشانی کا باعث ہوتا ہے۔ایسے لوگ اکثر لاکھ کوشش کے باوجود بھی اپنا وزن گھٹانے میں ناکام رہتے ہیں اور انہیں وزن کم کرنے کی خواہش ہوتی ہے۔ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ خشخا ش میں پائے جاتے ہیں جو وزن گھٹانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اسی لیے اس کا استعمال روز مرہ کرنے سے آپ اپنے وزن میں نمایاں کمی کر سکتے ہیں۔
دردبھگائے
گرمی کا سر درد:خشخاش کوپیسٹ بنا کر پیشانی پر لگایا جائے تو گرمی اور تیز دھوپ کے باعث ہونے والا سر درد دور ہو جاتا ہے۔
آنکھ اور کان کا درد:خشخاش کو پانی میں پکا کر اس پانی سے اگر آنکھ اور کان کو سینکا جائے تو ان میں ہونے والا درد دور ہو جاتا ہے۔
جوڑوں کا درد:اس کا تیل لگانے سے جوڑوں کے درد میں افاقہ ہوتا ہے۔اگر آپ درد کی گولی کی بجائے خشخاش کا استعمال کریں تو یہ بے حد مفید رہے گا۔
سر کی خشکی
یہ ایک اہم مسئلہ ہے جس کے باعث بال جھڑنے لگتے ہیں۔ خشخاش کو پیس کر دہی میں ملا کر سر پر لگانے سے خشکی دور ہو جاتی ہے۔
نرم و ملائم جلد
خشک جلد سے نجات کیلئے اگر خشخاش کو پیس کر اس میں دودھ اور شہد یا پھر خالی دہی ملا کر جلد پر لگائیں تو جلد نرم و ملائم ہو جاتی ہے۔