موسم برسات جلد کی حفاظت کیسے کریں؟
موسمِ برسات جہاں گرمی کی شدت کم کر کے راحت فراہم کرتا ہے، وہیں یہ موسم جلد کے مسائل کا سبب بھی بن سکتا ہے۔ نمی، پسینہ اور جراثیم جلد کو متاثر کرتے ہیں جس سے دانے، الرجی، فنگس اور دیگر مسائل جنم لیتے ہیں۔
اس لیے مون سون میں جلد کی حفاظت کے لیے خصوصی توجہ دینا ضروری ہوتا ہے۔موسمِ برسات میں جلد کی حفاظت ایک چیلنج ہو سکتی ہے مگر چند سادہ احتیاطی تدابیر اور روزانہ کی معمولی تبدیلیاں جلد کو صحت مند، شفاف اور چمکدار رکھ سکتی ہیں۔ آئیے جانتے ہیں کہ ہم اس موسم میں اپنی جلد کو صحت مند اور صاف ستھرا کیسے رکھ سکتے ہیں۔
1 :جلد کو صاف رکھیں
برسات میں نمی کے باعث جلد پر میل، پسینہ اور دھول مٹی آسانی سے چمٹ جاتی ہے جو بیکٹیریا کی افزائش کا باعث بنتی ہے۔ دن میں کم از کم دو بار چہرہ دھونا چاہیے۔ نارمل یا آئلی سکن والے افراد جھاگ دار یا سالیسیلک ایسڈ(Salicylic Acid) والے فیس واش کا استعمال کریں۔ ڈرائی سکن والے افراد نرم کلینزر استعمال کریں تاکہ جلد خشک نہ ہو۔
2 :موئسچرائزنگ کو نہ بھولیں
اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ برسات میں نمی کے باعث موئسچرائزر کی ضرورت نہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ نمی کے باوجود جلد کی اندرونی تہیں پانی کھو دیتی ہیں۔ ہلکا اور واٹر بیسڈ موئسچرائزر استعمال کریں تاکہ جلد ہائیڈریٹ رہے اور چپچپا ہٹ نہ ہو۔
3 :سن سکرین کا استعمال جاری رکھیں
بادل ہونے کے باوجود UV شعاعیں زمین تک پہنچتی ہیں اور جلد کو نقصان پہنچا سکتی ہیں اس لیے کم از کم SPF 30 والی سن سکرین کا استعمال ضروری ہے، خاص طور پر جب آپ باہر نکل رہے ہوں۔
4 :میک اَپ کا استعمال محدود رکھیں
برسات کے موسم میں پسینہ اور نمی کے باعث میک اپ جلد پر جم نہیں پاتا، جس سے مسام بند ہو جاتے ہیں اور دانے نکل سکتے ہیں۔ اگر میک اپ ضروری ہو تو واٹر پروف اور نانکومیڈوجینک (Non-comedogenic) میک اپ استعمال کریں۔
5 :متوازن غذا کا استعمال کریں
جلد کی حفاظت صرف بیرونی طور پر نہیں بلکہ اندرونی طور پر بھی کی جاتی ہے۔ تازہ پھل، سبزیاں، پانی، دہی اور خشک میوہ جات کا استعمال جلد کو صحت مند رکھتا ہے۔ آئلی، مصالحے دار اور فاسٹ فوڈ سے پرہیز کریں کیونکہ یہ جلدی بیماریوں کا سبب بن سکتے ہیں۔
6 :فنگل انفیکشن سے بچاؤ
برسات میں فنگس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے خاص طور پر جلد کی تہوں جیسا کہ گردن، بغل یا انگلیوں کے درمیان۔ صاف ستھرا اور خشک لباس پہنیں، بھیگنے کے بعد فوراً کپڑے تبدیل کریں اور اینٹی فنگل پاؤڈر کا استعمال کریں۔
7 :سکرب کا استعمال کریں
ہفتے میں ایک بار سکریب کرنا جلد کی مردہ خلیات کو ہٹاتا ہے، مگر روزانہ یا بار بار سکرب کرنے سے جلد پر خراش آ سکتی ہے، خاص طور پر حساس جلد پر۔