پیپلزپارٹی کی نظریں اگلے انتخابات پر
وزیراعظم آزادجموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے دنیا نیوز کی 17ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں کہا کہ پیپلزپارٹی کی نظریں 2026 ء کے انتخابات پر ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دستیاب وقت کو جمہوری اداروں پر عوام کے اعتماد کی بحالی کیلئے صرف کریں گے۔
آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر وترقی اور تحریک آزادی مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاوہ پیپلزپارٹی کا کوئی ایجنڈا نہیں۔وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور نے وزیر قانون میاں عبد الوحید اور وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماؤں ارشاد احسن، شاہد محمود وانی اور فاتح محمود کیانی کے ہمراہ دنیا نیوز کی سالگرہ کا کیک کاٹا اور دنیا میڈیا گروپ کے چیئرمین میاں عامر محمود اور ٹیم دنیا کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں پاکستان کو دنیا نیوز اور روزنامہ دنیا دے کر صحافت کے میدان میں ملک و قوم کی قابلِ قدر خدمت انجام دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا نیوز نے ذمہ دارانہ صحافت کو فروغ دیا ہے اور آ زاد کشمیر کی تعمیر و ترقی اور تحریک آزادی مقبوضہ جموں وکشمیر کو اجاگر کرنے کیلئے دنیا نیوز نے گزشتہ 17 سال میں جو کام کیا وہ صحافتی تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر کا کہنا تھا کہ حکومت صحافت اور صحافتی اقدار کے فروغ کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے دنیا نیوز کی سالگرہ کے موقع پر دنیا نیوز کو تعمیری، حقائق پر مبنی اور پیشہ ورانہ صحافت کے تسلسل کو برقرار رکھنے پر بھی مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسائل بے شمار جبکہ وسائل محدود ہیں تاہم حکومت تمام چیلنجز کے باوجود عوامی مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت کی شراکت داری تو تھی لیکن اس حکومت کو عوام کی طرف سے پذیرائی حاصل نہیں ہو سکی، موجودہ حکومت مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے، اب معاملات درست سمت کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ صحت، سیاحت اور دیگر اہم شعبوں میں بہتری ناگزیر ہے، اگر یہ شعبے اپنے قدموں پر کھڑے ہو جاتے ہیں تو بے روزگاری جیسے مسائل کا خاتمہ ممکن ہے۔اس موقع پرتقریب میں سینئر وزیر میاں عبدالوحید اور وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ دنیا نیوز نے آزاد جموں و کشمیر کے مسائل کو اجاگر کرنے اور سیاحت کے فروغ میں جو کردار ادا کیا وہ قابلِ تحسین ہے۔
ادھر منگل کے روز مشیر وزیراعظم پاکستان رانا ثنااللہ اور وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس منسٹر چیمبر اسلام آباد میں سیاسی کمیٹی آزاد جموں و کشمیر کا اجلاس ہوا جس میں آزاد جموں و کشمیر کی مجموعی صورتحال اور عام انتخابات 2026ء پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔مسلم لیگ (ن) کے اس اجلاس سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر میں آنے والے انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کیلئے تیاریوں کا آغاز کر چکی ہے۔(ن)لیگ آزاد جموں و کشمیر کو اس وقت ایک بڑی کامیابی ملی جب آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں جماعت کے صدر شاہ غلام قادر کو قائد حزب اختلاف بنا دیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) کے صدر کی بطور اپوزیشن لیڈر تعیناتی کا چیف الیکشن کمشنر اور سینئر ممبر الیکشن کمیشن کی تقرری میں بڑا عمل دخل ہو گا۔ آزاد جموں و کشمیر کے آئین کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے ناموں کا پینل وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر اپوزیشن لیڈر کی مشاورت سے وزیر اعظم پاکستان کو بھیجیں گے جو بطور چیئر مین آزاد جموں و کشمیر کونسل چیف الیکشن کمشنر کے نام کی حتمی منظور دیں گے۔
ادھر وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے لائن آف کنڑول کے علاقے وادی نیلم کا دو روزہ دورہ مکمل کر نے کے بعد کہا کہ لائن آف کنڑول پر بسنے والے آزاد جموں و کشمیر کے شہری بالعموم اور وادی نیلم کے لوگ بالخصوص پاک فوج کے بغیر وردی کے سپاہی ہیں۔ پاک فوج کی موجودگی سے اہلِ کشمیر لائن آف کنڑول پر سکون کی نیند سوتے ہیں۔ لائن آف کنڑول پر آباد اہلِ آزاد جموں و کشمیر کا پاک فوج کے ساتھ ایک قلبی لگاؤ ہے۔ ایل او سی پر پاک فوج کی موجودگی پاکستان کی قومی یکجہتی اور وحدت کی علامت ہے۔ادھر منگل کے روز آزاد جموں و کشمیر کابینہ نے ہیلتھ کارڈ کے اجرا، طلبہ یونین کی بحالی، مظفرآباد اور راولاکوٹ میں تعلیمی بورڈ کے قیام اور نو دیگر اضلاع میں سالڈ ویسٹ منصوبے شروع کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی زیر صدارت میں کابینہ کے غیر معمولی اجلاس میں اہم عوامی فیصلے کیے گئے۔ کابینہ کے اجلاس میں محکمہ برقیات کے 13 کروڑ روپے کے بقایاجات معاف کرنے اور سرکاری تعلیمی اداروں میں سٹاف کی کمی پوری کرنے کیلئے نئی آسامیوں کی تخلیق کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ کابینہ اجلاس کے بعد وزرانے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کی منظوری کے بعد بہت جلد اس کو شروع کر دیا جائے گا اور سرکاری تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو فوری طور پر پورا کیا جائے گا۔ وزراکا کہنا تھا کہ طلبہ یونین کی بحالی کیلئے وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر ملک کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔ کابینہ کے اجلاس میں پراپرٹی ٹرانسفر پر عائد ٹیکس کم کرنے کیلئے وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔کابینہ نے راولاکوٹ میں شاہرات و تعمیرات عامہ ڈویژن کیلئے مشینری خریدنے اور ریونیو کمپلیکس مظفرآباد کی نظرثانی شدہ سکیم کی منظوری بھی دے دی۔صحت کے شعبے میں بہتری کیلئے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں سی ٹی اسکین اور ایم آر آئی مشینوں کی مرحلہ وار تنصیب کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔