مسائل اور اُن کا حل
وکیل کا زکوٰۃ کی رقم خود استعمال کرنا:سوال :اگر کسی نے کسی کو زکوٰۃ کی رقم دی اور یہ کہا کہ اسے مستحق تک پہنچادو۔ اگر وکیل خود مستحق زکوٰۃ ہو تو کیا وہ یہ رقم استعمال کرسکتا ہے ؟(نعیم سرور، فیصل آباد)
جواب :اگر موکل نے زکوٰۃ کی رقم دیتے وقت یہ کہا ہو کہ جہاں چاہیں خرچ کریں تو ایسی صورت میں اگر وکیل مستحق زکوٰۃ ہو تو وہ خود بھی اسے استعمال کرسکتا ہے۔ اگر وہ خود مستحق زکوٰۃ نہ ہو یا موکل نے اس طرح عام اجازت نہ دی ہو یا کسی متعین مستحق زکوٰۃ کو دینے کیلئے رقم دی ہو تو ان تمام صورتوں میں وہ وکیل خود یہ زکوٰۃ کی رقم استعمال نہیں کرسکتا ۔(وفی الدر المختار، ج2، ص 269)
مجلس میں باآواز بلند تلاوت کرنا
سوال :کیا ایک ہی جگہ پر اکٹھے بیٹھ کر سب لوگوں کا بلند آواز سے تلاوت کرنا درست ہے ؟ اس میں کوئی بے ادبی کا پہلو تو نہیں ؟ (عصمت اللہ، ڈی جی خان)
جواب :ایک ہی مجلس میں اس طرح باآوازبلند تلاوت کرنا جبکہ ان کا مقصدحفظ کرنا بھی نہ ہو تو شرعاً مکروہ ہے۔ کیونکہ اس میں خاموش ہوکر سننے کے حکم پر عمل کرنا نہیں پایا جاتا۔ اس لئے جب ایک ہی جگہ پر کئی افراد موجود ہوں تو انہیں چاہئے کہ پست آواز سے تلاوت قرآن کریں ۔(عالمگیری ج5 ص 317 )
ایک گائے میں 3 بچوں کا عقیقہ کرنا
سوال :عقیقہ کیلئے اگر گائے خریدی جائے تو اس میں کتنے حصے اور کس طرح سے ہوسکتے ہیں ؟ 2لڑکے اور ایک لڑکی کا عقیقہ اگر گائے کے ذریعہ کرناہو تو اس کے حصے کیسے کئے جائیں گے؟ (علی ساہیوال)
جواب:گائے میں7 حصے ہوتے ہیں لہٰذا گائے کے ذریعے عقیقہ کرنے کی صورت میں 2 لڑکوں کے 4 اور 1 لڑکی کا 1 حصہ رکھ کر 5 حصے عقیقہ کے ہوسکتے ہیں اور پوری گائے بھی عقیقہ ہوسکتی ہے ۔
امام مسجد کیلئے غیر حاضری کے ایام کی تنخواہ کا مسئلہ
سوال :امام مسجد جن دنوں میں غیر حاضر ہوتے ہیں ان اوقات کی بھی تنخواہ لیتے ہیں کیا یہ جائز ہے ؟
جواب :جس قدر ماہانہ یا ہفتہ واری ناغہ مساجد کے عرف میں رخصت شمار کیا جاتا ہے اس قدر غیر حاضری کی تنخواہ لینا شرعاً جائز ہے۔ اس سے زیادہ کی جائز نہیں ۔
لڑکی کو دئیے گئے جہیز کی شرعی ملکیت
سوال :جہیز میں لڑکی کے والدین کی طرف سے جو سامان ملتا ہے اس کی زکوٰۃ شوہر کو دینی ہے یا بیوی کو ۔جو سونا چاندی لڑکی کو اس کے والدین نے دیا اس کے بارے میں کیا حکم ہے ؟(ابراہیم، کراچی)
جواب :لڑکی کو جو کچھ جہیز میں ملتا ہے وہ سب لڑکی کی ذاتی ملکیت ہے۔ اس کی زکوٰۃ بھی اسے ادا کرنا ہو گی۔
مردوں کیلئے سرخ کپڑے پہننا
سوال :مردوں کیلئے سرخ رنگ کے کپڑے استعمال کرنا کیسا ہے ؟اس کے ساتھ زرد رنگ کے بارے میں بھی وضاحت کر دیں۔(عالم ، لاہور)
جواب:سرخ رنگ صرف معصفر یعنی کسم کارنگاہوا اور زرد رنگ زعفران سے رنگا ہوا مردوں کیلئے ناجائز ہے۔ اس کے سوازردسب اور سرخ خالص بکراہت تنزیہی اور مخلوط سرخ بلاکراہت جائزہے۔ (امداد الاحکام، 4؍360)
دوران نماز سوجانا
سوال:نمازجمعہ میں نمازی کا چند سیکنڈکیلئے سوجانا کیسا ہے، جبکہ جماعت سے نماز پڑھی جا رہی ہو؟ (نصیر احمد خان، لاہور)
جواب:نمازمیں بیٹھے بیٹھے یاکھڑے کھڑے اورسجدہ کی حالت میں سجدہ کی ہیئت مسنونہ برقراررکھتے ہوئے اگر سوگیا تووضونہیں ٹوٹا(عمدۃ الفقہ 1؍152، بہشتی زیور 1؍45) نیزامام کے پیچھے مقتدی سے کوئی واجب چھوٹ جائے تواس سے بھی مقتدی پرسجدہ سہولازم نہیں ہوتا۔ لہٰذاایسی کوئی صورت پیش آئی ہوتونمازہوگئی ،تاہم اگر کوئی فرض مثلاًرکوع یاسجدہ امام کے پیچھے رہ گیایاسجدہ میں اس طرح سویاکہ سجدہ کی مسنون حالت وہیئت برقرارنہ رہی تویہ نمازنہیں ہوئی اس نمازکی قضا پڑھنالازم ہے۔(عمدۃ الفقہ 1؍152،بہشتی زیور1 ؍ 45)
خریدی ہوئی زمین کی واپسی کا مطالبہ کرنا
سوال : مسجدسے ملحقہ جگہ ایک صاحب نے مجھ سے 3لاکھ روپے میں اس لئے خریدی تھی کہ وہ اسے مسجدمیں شامل کرے گا۔ اب مسجددوسری جگہ تعمیرہوچکی ہے تواس شخص نے یہ جگہ اپنے نام کرالی ہے۔وہ میرے نام سے لگے میٹر سے بجلی استعمال کررہاہے اوربل ادا نہیں کرتا۔ میں اس کے 3لاکھ روپے واپس دے کراپنی جگہ واپس لینا چاہتا ہوں۔ شریعت کی روشنی میں رہنمائی فرمائیں کہ کیا میرا مطالبہ جائزہے؟(عبدالکریم ،کراچی )
جواب :مذکورہ صورت میں یہ شخص اس پلاٹ کامالک بن گیاہے۔ شرعاًآپ کوواپس لینے کااختیارہے نہ وہ دینے کا پابند ہے۔ تا ہم اگروہ رضامندی سے واپس کرنے کیلئے تیارہوتوآپ کیلئے لیناجائزہے۔البتہ جوبجلی وہ آپ کے کنکشن سے استعمال کررہاہے اس کابل اس کے ذمہ لازم ہے۔نیز اگرسرکاری قانون میں کنکشن دینے پرپابندی ہو توآئندہ آپ پر اس کاکنکشن ختم کرنا لازم ہو گا ۔( فی الھدایۃ،3؍63)، (صحیح مسلم 2؍33)