ن لیگ اپنی مقبولیت بحال کر پائے گی؟

تحریر : سلمان غنی


بلوچ طلبا سے وزیراعلیٰ پنجاب کی ملاقات

صوبائی دارالحکومت لاہور میں وزیراعلیٰ مریم نواز کی بلوچستان سے آنے والے نیشنل ورکشاپ کے طلبا و طالبات سے ملاقات اہمیت کی حامل رہی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں سندھی، پنجابی، پختون اور بلوچ کی تفریق سے بالاتر ہو کر، پاکستانی بن کر سوچنا ہے اور ایسا کوئی عمل نہیں کرنا جس سے پاکستان کمزور ہو۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں سیاست کو جوڑ توڑ کا ذریعہ بنانے کے خلاف ہوں، سیاست برائے خدمت ہونی چاہئے اور خدمت کی سیاست ہی مضبوط جمہوریت کا باعث بنتی ہے۔ انہوں نے بلوچ طلبا و طالبات کو بتایا کہ پنجاب میں عوام کا پیسہ عوام کی فلاح پر خرچ ہو رہا ہے، میں نے پنجاب کی سطح پر میرٹ کی بالادستی قائم کی اور اس وقت سفارش کے سلسلہ کو ختم کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے انتظامی مشینری میں پوسٹنگ ٹرانسفر کے عمل میں سیاسی اثرو رسوخ کو ختم کیا ہے تو انتظامی مشینری کو جوابدہ بھی بنایا ہے اور یہی انتظامی مشینری پر اصل دبائو ہے۔ ان کی جانب سے شروع کی جانے والی ستھرا پنجاب مہم کے اثرات صوبہ بھر میں نظر آ رہے ہیں لیکن اس میں بہتری کی بڑی گنجائش ہے۔ ناجائز تجاوزات جو ماضی میں حکومتوں کیلئے بڑا چیلنج رہا، اس دور میں اس حوالے سے بھی مثبت پیش رفت دیکھنے میں آ رہی ہے اور حکومت کے سیاسی مخالفین بھی اس کا اعتراف کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ جرائم کی شرح بارے وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ جرائم کی شرح سو فیصد سے تیس فیصد پر آئی ہے۔ سی ٹی ڈی کی کاوشوں کے باعث زیادتی اورہراسانی کے واقعات میں بہت کمی ہوئی ہے۔

زیادتی کے واقعات کے تدارک کیلئے مختلف اقدامات ہوئے اور اچھے نتائج سامنے آئے۔ خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا رہا ہے۔ اپنا گھر سکیم کے تحت روزانہ کی بنیاد پرپانچ سو گھر تعمیر کئے جا رہے ہیں اب تک 65ہزار گھر مکمل ہو چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ نوجوانوں کو کسی کے بہکاوے میں نہیں آنا چاہئے، اپنی تعلیم پر توجہ دیں، آگے بڑھیں، پاکستان کو آج باصلاحیت اور قابل نوجوانوں کی ضرورت ہے۔ نوجوان ہی پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ ہمیں نوجوانوں کیلئے مواقع بھی پیدا کرنا ہیں اور انہیں ہر طرح کی سہولتیں بھی فراہم کرنا ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے احساسات و خیالات سے پتہ چلتا ہے کہ وہ اس حوالے سے یکسو ہیں اور آج کی بڑی ضرورت بھی یہی ہے کہ نوجوان نسل کے سامنے پاکستان کی اچھی تصویر پیش کی جائے اور ان کے اندر قوم و ملک کے حوالے سے ولولہ پیدا کیا جائے۔ بلاشبہ پاکستان کی نوجوان نسل نہایت ذہین اور محنتی ہے ان میں آگے بڑھنے کا جذبہ ہے صرف ان کی سرپرستی کی ضرورت ہے۔ ان کا رخ اگر بامقصد تعلیم کی طرف موڑا جائے اورسہولتیں فراہم کی جائیں تو پاکستان کا مستقل روشن اور مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ لیکن ہماری سیاسی بدقسمتی یہ رہی ہے کہ سیاسی قیادتوں نے نوجوانوں کی طاقت کو اپنے سیاسی مقاصد کے حصول کیلئے تو استعمال کیا لیکن ان کے مسائل اور مشکلات کو ترجیح نہ دی۔ ان کے اندر قومی جذبہ اور خصوصاً ملک سے محبت پیدا کرنے کی بجائے انہیں پاکستان سے متنفر کرنے کی کوشش کی جس سے ان میں ردعمل اور غصہ بڑھا۔ آج ان کا قبلہ درست کرنے کیلئے ان کو پاس بٹھانے سمجھانے اور ان میں آگے بڑھنے کا جذبہ پیدا کرنے کی ضرورت ہے اور یہ کام پاکستان کے اہلِ سیاست کو کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے جس خلوص و محبت اور تعلق کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلوچ طلبا سے بات کی اور ان کے سامنے اپنے صوبہ کی تصویر پیش کی یقینا اس کے اچھے اثرات ان کے دلوں میں اتریں گے۔ آج کی بڑی ضرورت بھی یہی ہے کہ جہاں معاشرے سے تنائو ختم کیا جائے وہاں سیاسی محاذ پر بھی ایک دوسرے کو ٹارگٹ کرکے انتشار پیدا کرنے کی بجائے اتحاد و یکجہتی پر کام ہونا چاہئے۔ آج کی بڑی ضرورت یہی ہے اور جس طرح پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے بلوچ طلبا سے بامقصد ملاقات اور مشاورت کی یہ سلسلہ دیگر صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور سیاستدانوں کو بھی آگے بڑھانا چاہئے۔ آج اگر پاکستان کی نوجوان نسل پر اعتماد کیا جائے اور انہیں تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں تو پاکستان کو ترقی خوشحالی اور استحکام کی منزل پر جانے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔ 

رواں ہفتہ مہنگائی زدہ عوام کیلئے حکومت کی جانب سے ریلیف بارے اہم قرار دیا جا سکتا ہے۔ پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کے ساتھ اب بجلی اور گیس کی قیمتوں بارے بھی خبریں سامنے آئی ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی حکومت کی جانب سے بجلی صارفین کو ریلیف دینے کے اعلان کو خوش آئندقرار دیا جا سکتا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرط پر کیپٹو پاور لیوی عائد کرنے سے بجلی سستی کرنے کی راہ ہموار ہوئی ہے۔ اس رقم سے ماہانہ بنیادوں پر بجلی کے ریلیف کا منصوبہ ہے اور حکومتی ذرائع کے مطابق ماہانہ جمع ہونے والی لیوی کا فائدہ دو ماہ کے وقفہ سے دینے کا پلان ہے۔ خدا کرے کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی آئے کیونکہ بجلی کے بلوں نے عام آدمی کی زندگی میں تلخیاں پیدا کی ہیں۔ بجلی، پٹرولیم اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کا عمل صرف ان تک ہی محدود نہیں رہتا بلکہ اس کے اثرات عام اشیائے ضروریات اور کرایوں کے عمل پر اثر انداز ہوتے ہیں اور اس طرح سے مہنگائی زدہ، مسائل زدہ عوام کی پریشانی میں اضافہ ہوتا ہے۔ وزیر پٹرولیم پرویز ملک نے گیس کی قیمتوں میں کمی کا اعلان تو نہیں کیا لیکن ان کی جانب سے آنے والے چھ ماہ میں گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کرنے کا اعلان ہی پریشان حال عوام کیلئے اطمینان کا باعث ہے اس لئے کہ گیس کی قیمتیں دو تین سال پہلے تک عوام کی پہنچ میں تھیں لیکن گیس کی قیمتوں میں اضافہ نے عوام کی پریشانیوں میں اضافہ کیا تھا۔

وزیراعظم شہبازشریف جو ہمیشہ عوام کیلئے ریلیف کی بات کرتے نظر آتے تھے اور ان کا کہنا تھا کہ اب بوجھ پاکستان کی اشرافیہ اٹھائے گی اور عوام قربانی دے چکے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کے قیام کے بعد بڑے اور تلخ فیصلوں سے جہاں ان کی مقبولیت میں کمی آئی تھی اب بڑے اور مفاد عامہ میں اقدامات اور ریلیف کا عمل ہی ان کی مقبولیت و اہمیت کی بحالی اور تقویت کا باعث بن سکتا ہے۔ جب تک جمہوریت کے ثمرات جمہور تک نہیں پہنچیں گے اور حکومتی اقدامات کے نتیجہ میں ان کی زندگیوں میں اطمینان نہیں آئے گا تب تک ملک میں جمہوریت اور سیاست مضبوط نہیں ہوگی، لہٰذا عوامی ریلیف کیلئے مسلم لیگ (ن) کو اپنے لیڈر سابق وزیراعظم نوازشریف کی پالیسیوں پر گامزن ہونا ہوگاجنہوں نے اپنی سیاست کو عوام کی خدمت اور ریلیف کے عمل سے منسلک کیا اور بڑی لڑائیاں لڑنے کے باوجود ان کی سیاست اور مقبولیت قائم رہی۔ اس کی بڑی وجہ یہ تھی کہ ان کی حکومت کے ثمرات عام آدمی تک پہنچتے تھے، لہٰذا جب تک حکومتوں کے ثمرات اشرافیہ کی بجائے عام آدمی تک نہیں پہنچیں گے ملک میں استحکام نہیں آئے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

عداوت اور محبت صرف اللہ کیلئے !

’’اللہ کے دوستوں پر نہ کوئی اندیشہ ہے اور نہ وہ غمگین ہوتے ہیں‘‘ (سورۃ یونس) رسول اللہﷺ نے فرمایا ’’قیامت کے دن اللہ تعالیٰ ارشاد فرمائیں گے،کہاں ہیں میرے وہ بندے جو میری عظمت اور میرے جلال کی وجہ سے آپس میں محبت کرتے تھے؟ آج جبکہ میرے سائے کے سوا کوئی سایہ نہیں، میں اپنے ان بندوں کو اپنے عرش کے سائے میں جگہ دوں گا‘‘ (صحیح مسلم)

اسلام میں نکاح مسنونہ کے احکام

’’چار چیزیں انبیاء کی سنتیں ہیں،حیاء ،خوشبو ،مسواک اور نکاح‘‘(جامع ترمذی)

رشوت :معاشرے کا بڑھتا ناسور

’’رشوت لینے والے اوردینے والے پراللہ تعالیٰ کی لعنت برستی ہے‘‘(سنن ابن ماجہ) ’’رشوت لینے اور دینے والا دونوں دوزخ میں جائیں گے‘‘ ( معجم طبرانی)

اخلاص: عبادات اور اعمال کی اصل روح

’’آپ اللہ کی عبادت اس کیلئے طاعت و بندگی کو خالص رکھتے ہوئے کیا کریں‘‘(الزمر)

مسائل اور اُن کا حل

وکیل کا زکوٰۃ کی رقم خود استعمال کرنا:سوال :اگر کسی نے کسی کو زکوٰۃ کی رقم دی اور یہ کہا کہ اسے مستحق تک پہنچادو۔ اگر وکیل خود مستحق زکوٰۃ ہو تو کیا وہ یہ رقم استعمال کرسکتا ہے ؟(نعیم سرور، فیصل آباد)

تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات میں بڑی رکاوٹ

ملک میں سیاسی استحکام کے لیے حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات کی تجویز کے بعد کئی اہم پیش رفتیں سامنے آئی ہیں مگر اس کے باوجود مذاکراتی عمل تاحال غیر یقینی صورتحال کا شکار نظر آتا ہے۔