خلاصہ قرآن(پارہ 06)

تحریر : مفتی منیب الرحمن


اللہ اور رسولوں پر ایمان :سورۃ النساء کی آیت 150 میں بتایا کہ جو لوگ ایمان لانے میں اللہ اور اُس کے رسولوں کے درمیان فرق کریں یا بعض رسولوں پر ایمان لائیں اور بعض کا انکار کریں یا ایمان اور کفر کے مابین کوئی درمیانی راستہ تلاش کریں‘ یہ سب لوگ پکے کافر ہیں۔ مومن صرف وہی ہیں جو اللہ پر ایمان لائیں اور بلا تفریق اُس کے سارے رسولوں پر بھی ایمان لائیں۔

یہود کی سرکشی

آیات 153 تا 161 میں یہود کی بہت سی جہالتوں‘ سرکشیوں‘ ہٹ دھرمیوں اور فرمائشی مطالبات کا ذکر ہے۔ اُنہوں نے رسولﷺ سے مطالبہ کیا کہ ہم پر آسمان سے کتاب نازل کریں‘ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یہ موسیٰ علیہ السلام سے اس سے بھی بڑے مطالبات کر چکے ہیں۔ پھر اللہ تعالیٰ نے اُن کی عہد شکنی اور کفر کی وجوہ کو بیان کیا کہ اُنہوں نے آیاتِ الٰہی اورمعجزاتِ انبیاء سے انکار کیا، انبیاء کرام کو ناحق قتل کیا، حضرت مریم پر بہتان باندھا، سیدنا عیسیٰ علیہ السلام کے قتل کا دعویٰ کیا، ہٹ دھرمی سے یہ کہاکہ ہمارے دلوں پر غلاف ہیں۔ 

وحی اور نبوت

آیت 163 میں بتایا کہ وحیٔ ربّانی اور نبوّت کا سارا سلسلہ آپس میں مربوط ہے۔ حضرت نوح  ؑاور اُن کے بعد کے انبیاء کرام علیہم السلام اور حضرت ابراہیم تا حضرت عیسیٰ متعدد انبیاء کرام علیہم السلام کا ذکر فرمایا۔ مزید فرمایا کہ کچھ رسولوں کے نام اور حالات ہم نے آپ پر بیان کیے اور ایسے بھی رسول ہیں‘ جن کے واقعات قرآنِ مجید میں بیان نہیں ہوئے‘ جن کے نام قرآنِ و حدیث میں بیان ہوئے‘ اُن پر نام بہ نام ایمان لانا فرض ہے اور جن کے نام اور حالات بیان نہیں ہوئے‘ اُن پر اجمالی طور پر ایمان لانا فرض ہے۔

روشن دلیل

 آیت 174 میں فرمایا: اے لوگو! تمہارے پاس اللہ کی طرف سے قوی دلیل آ گئی ہے اور ہم نے تمہاری طرف واضح نور نازل کیا ہے‘ برہان سے مراد ’’سیّدنا محمد رسول اللہﷺ‘‘ کی ذاتِ گرامی ہے۔ سیدنا محمدﷺ اور قرآنِ مجید سے مکمل وابستگی اختیار کرنے پر ہی صراطِ مستقیم پر ثابت قدم رہنے کا انحصارہے۔

محرمات قطعیہ

 آیت 3 میں مُحرماتِ قطعیہ کا بیان ہے، وہ حلال جانور جو طبعی موت مرگیا ہو اور ذبح نہ کیا جا سکا ہویعنی مُردار،ذِبح کے وقت بہنے والا خون، خنزیر کا گوشت، جس جانور پر ذِبح کرتے وقت غیر اللہ کا نام لیا گیا ہو۔ وہ حلال جانور جو گلا گھونٹنے یا چوٹ لگنے سے مر جائے یا جو بلندی سے گر کر مر گیا ہو یا دوسرے جانور نے سینگوں کی چوٹ سے مار دیا ہو یا درندوں نے کھایا ہو یا بتوں کے تھان پر ذِبح کیا گیا ہو ۔ اور فال کے تیروں سے قسمت کا حال معلوم کرنا۔ اِسی آیت مبارکہ میں مسلمانوں کیلئے ایک اعزازی اعلان ہوا کہ ’’آج میں نے تمہارے لیے تمہارا دین مکمل کر دیا اور تم پر اپنی نعمت کو پورا کر دیا اور تمہارے لیے اسلام کو (بطور دین) پسند کر لیا ہے‘‘۔ اسی آیت میں بتایا کہ حالت اضطرار میں بقائے جان کیلئے بقدرِ ضرورت حرام چیز کا کھانا جائز ہے۔

اہل کتاب

آیت 5 میں بتایا کہ مسلمانوں کا کھانا اہلِ کتاب کیلئے حلال ہے اور اہلِ کتاب کا کھانا مسلمانوں کیلئے حلال ہے‘ بشرطیکہ وہ کھانا اپنے اصل کے اعتبار سے حلال ہو اور اُس میں کسی حرام کی آمیزش نہ ہو۔ اسی آیت میں یہ حکم بھی بیان ہوا کہ اہل کتاب کی آزاد‘ پاک دامن عورتوں سے مسلمان کا نکاح جائز ہے۔

بشیر و نذیر

آیت 17 میں اللہ تعالیٰ نے مسیح ابن مریم کو ’’اِلٰہ‘‘ قرار دینے والوں کو کافرکہا ہے اور فرمایا کہ اللہ مسیح ابن مریم اور اُن کی ماں کو ہلاک کرنا چاہے‘ تو ساری زمین والے مل کر بھی اُن کو بچا نہیں سکتے۔ پھر یہود و نصاریٰ کی اس خوش فہمی اور زَعمِ باطل کا رَد فرمایا کہ وہ اللہ کے بیٹے اور اُس کے محبوب ہیں۔ فرمایا کہ تم بھی منجملہ انسانوں میں سے ہو۔ اہل کتاب کو مخاطب کر کے فرمایا کہ انبیاء کی بعثت کے بعد اِنقطاعِ نبوّت کا دور آیا اور پھر ہم نے اپنے رسولِ عظیم کو مبعوث فرمایا تا کہ تم یہ نہ کہہ سکو کہ ہمارے پاس کوئی بشیر و نذیر نہیں آیا‘ سو اب تمہارے پاس اللہ کی رحمت کی بشارت دینے والے اور اُس کے عذاب سے ڈرانے والے آخری رسول (محمدﷺ) آ چکے۔ 

ہابیل و قابیل

آیت 27 تا 31 میں آدمؑ کے دو بیٹوں کا واقعہ بیان ہوا کہ دونوں نے اللہ کی بارگاہ میں قربانی پیش کی‘ ایک کی قبول اور دوسرے کی رَد ہو گئی۔ اُس زمانے کی شریعتوں میں قربانی کی قبولیت کی علامت یہ تھی کہ آسمان سے آگ آتی اور اُسے جلا ڈالتی۔ قابیل‘ جس کی قربانی رَد ہو گئی‘ اُس نے غصے میں اپنے بھائی ہابیل کو قتل کر دیا‘ پھر اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا: ’’اسی وجہ سے ہم نے بنی اسرائیل پر لکھ دیاکہ جس شخص نے جان کے بدلے (یعنی حق قصاص) کے بغیر یا زمین میں فساد (جرم) بغیر کسی انسانی جان کو قتل کیا‘ تو گویا اُس نے تمام انسانوں کو قتل کیا اور جس نے (کسی بے قصور) شخص کی جان کو بچا یا توگویا اُس نے تمام انسانوں کو بچا لیا‘‘۔

ایمان و تقویٰ

 آیت 35 میں اہل ایمان کو تقویٰ اختیار کرنے اور اللہ کی بارگاہ میں (نجات کا) وسیلہ تلاش کرنے کا حکم دیا۔

کافر کا انجام

 آیت 36 میں فرمایا کہ کوئی شخص ساری روئے زمین کا مالک ہو جائے اور اتنی ہی دولت اُسے اور مل جائے‘ اور وہ یہ سب کچھ اپنی جان کے فدیے کے طور پر دے دے‘ تو پھر بھی قیامت کے دن کافر کی نجات ممکن نہیں۔ 

چور کی سزا

آیت 38 میں چوری کرنے والے مرد اور عورت کیلئے ہاتھ کاٹنے کی سزا کا حکم ہے‘ یہ اُن کے کیے کی سزا ہے اور اللہ کی طرف سے دوسرے لوگوں کیلئے درسِ عبرت ہے۔ اس کے بعد اگر وہ توبہ کر لیںاور اپنی اصلاح کیلئے آمادہ ہو جائیں تو اللہ اُنہیں معاف فرمانے والا ہے۔

انصاف کا حکم

 آیت 40 میں زمینوں اور آسمانوں کی بادشاہی اور عذاب دینے اور معاف کرنے کی قدرت رب العالمین کا خاصہ بیان فرمائی۔ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہﷺ کو فرمایا کہ اگر وہ آپ کے پاس کوئی مقدمہ لائیں تو آپ کو اختیار ہے کہ آپ فیصلہ کریں یا نہ کریں‘ لیکن اگر آپ کو فیصلہ کرنا ہو تو وہی فیصلہ کریں‘ جو انصاف پر مبنی ہو۔ اس کے بعد آیت 44 تا 47 میں بالترتیب فرمایا کہ جو اللہ تعالیٰ کے نازل کیے ہوئے اَحکام کے موافق فیصلہ نہ کریں‘ وہ کافر ہیں‘ ظالم ہیں اور فاسق ہیں۔

قانونِ قصاص

آیت 45  میں قانونِ قصاص کو بیان کیاکہ جان کا بدلہ جان‘ آنکھ کا بدلہ آنکھ‘ ناک کا بدلہ ناک‘ کان کا بدلہ کان‘ دانت کا بدلہ دانت اور اِسی طرح زخموں کا بھی قصاص ہے اور جو خوشدلی سے قصاص دے دے (اور اپنے جرم پر صدقِ دل سے توبہ بھی کرے) تو یہ اُس کے گناہ کا کفارہ ہے۔ 

یہود و نصاریٰ

آیت 51 میں بتایاکہ یہود و نصاریٰ کو اپنا دوست نہ بناؤ‘ مسلمانوں کے مقابلے میں وہ ایک دوسرے کے حامی اور دوست ہیں‘ لہٰذا جو اُن کی دوستی اختیار کرے گا ‘وہ اُنہی میں سے ہو گا۔

نصاریٰ کے عقائد

آیت 73 تا 80 تک نصاریٰ کے عقیدے کی خرابیوں کو بیان کیا کہ وہ تثلیث کے قائل ہیں، حالا نکہ اللہ تعالیٰ کی ذات وحدہ لاشریک ہے۔ مسیح ابن مریم اسی طرح ایک رسول ہیں‘ جس طرح ان سے پہلے رسول گزر چکے اور ان کی ماں صدیقہ ہیں۔

وضو کے فرائض

 آیت 6 میں وضو کے چار فرائض بیان ہوئے ہیں‘ یعنی (1) پورے چہرے کو دھونا (2)کہنیوں سمیت ہاتھوں کا دھونا (3) سر کا مسح (4) ٹخنوں سمیت پاؤں کا دھونا۔ اس کے بعد مریض‘ مسافر‘ بے وضو اور جُنبی (جس پر غسل واجب ہو) کیلئے ضرورت کے وقت تیمم کی اجازت کا بیان ہے۔

بدترین سزا

 آیت 60 میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا: بدترین سزا اُن لوگوں کی ہے‘ جن پر اللہ تعالیٰ نے لعنت فرمائی‘ اُنہوں نے شیطان کی عبادت کی اور اُن میں سے بعض کی صورتوں کو مَسخ کرکے بندر اور خنزیر بنا دیا۔ 

سورۃ المائدہ

سورۃ المائدہ میں فرمایا کہ مستثنیات کے سِوا (جن کا بیان آگے آ رہا ہے) چار پاؤں والے جانور حلال کیے گئے ہیں‘ لیکن احرام کی حالت میں شکار حلال نہیں ہے۔ مزید فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کی نشانیوں اور حرمت والے (چار) مہینوں کی بے حرمتی نہ کرو‘ اِسی طرح کعبہ میں بھیجی ہوئی قربانیوں اور جن جانوروں کے گلوں میں (قربانی کی علامت کے) پَٹّے پڑے ہوں‘ اُن کی بھی بے حرمتی نہ کرو۔ اِس کے بعد مسلمانوں کو نیکی کے کاموں میں ایک دوسرے کی مدد کرنے اور گناہ اور ظلم کے کاموں میں مدد نہ کرنے کا حکم ہوا ہے۔ یہ آیتِ مبارکہ ’’جوامع الکلم‘‘ میں سے ہے۔ ہر خیر و شَر‘ بھلائی اور برائی کا اس آیت مبارکہ میں بڑے اختصار کے ساتھ تذکرہ کرکے قرآنِ مجید نے تمام کاموں کیلئے ایک اصل اور ضابطہ قراردے دیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

خلاصہ قرآن(پارہ 07)

ساتویں پارے کا آغاز سورۃ المائدہ کی جس آیت سے ہوتا ہے اس میں نجاشی کے دربار میں موجود علماء اور راہبوں کی قرآن پاک سننے کے بعد ہونے والی کیفیت کو بیان کیا گیا ہے کہ

خلاصہ قرآن(پارہ 07)

قرآنِ مجید فرقانِ حمید کے ساتویں پارے کے شروع میں اللہ تبارک و تعالیٰ نے نرم دل اور ایمان شناس عیسائیوں کی جماعت کا ذکر کیا ہے کہ جب ان کے سامنے اللہ کے کلام کی تلاوت کی جاتی ہے تو حقیقت کو پہچاننے کی وجہ سے ایسے لوگوں کی آنکھوں سے آنسوئوں کی جھڑیاں لگ جاتی ہیں اور وہ لوگ حق کو پہچاننے کے بعد اس کو قبول کر لیتے ہیں‘ وہ کہتے ہیں:

خلاصہ قرآن(پارہ 06)

قرآن پاک کے چھٹے پارے کے شروع میں اللہ تعالیٰ سورۃ النساء میں فرماتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ غلط بات کو پسند نہیں کرتا‘ مگر یہ کہ اگر کوئی مظلوم شخص اپنے اوپر کیے جانے والے ظلم کیخلاف آواز اٹھائے تو اسے ایسا کرنے کی اجازت ہے۔

خلاصہ قرآن(پارہ 05): محرماتِ قطعیہ

پانچویں پارے کے شروع میں محرماتِ قطعیہ کے تسلسل میں بتایا گیا ہے کہ جب تک کوئی عورت کسی دوسرے شخص کے نکاح میں ہے‘ اس سے نکاح حرام ہے،

خلاصہ قرآن(پارہ 05):نکاح

چوتھے پارے کے آخر میں ان رشتوں کا ذکر کیا گیا ہے‘ جن سے نکاح کرنا حرام ہے۔

سپر ایٹ :نئی گروپ بندی، نیاامتحان

آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء:پاکستان نے ٹی 20 ورلڈکپ 2028 ء کیلئے براہ راست کوالیفائی کر لیا:سپرایٹ میں پاکستان اپنا پہلا میچ نیوزی لینڈ کے خلاف کھیل چکا،انگلینڈ اورسری لنکا کیخلاف امتحان باقی، سیمی فائنل میں رسائی کیلئے سپرایٹ کے دو میچز جیتنا لازمی