خلاصہ قرآن(پارہ 11)
ناپاک لوگ:اس پارے کے شروع میں اللہ تعالیٰ نے نبی کریمﷺ کو مطلع فرمایا کہ جب آپ سفرِ جہاد سے واپس مدینہ طیبہ پہنچیں گے تو بغیر کسی عذر کے جہاد سے پیچھے رہ جانے والے منافقین جھوٹی قسمیں کھا کر اپنے عذر پیش کریں گے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ آپ ان سے کہہ دیں کہ بہانے بنانے کی ضرورت نہیں‘ اللہ تعالیٰ نے ہمیں تمہارے حالات سے مطلع فرما دیا۔ یہ واقعہ غزوۂ تبوک سے پیچھے رہنے والوں کا ہے‘ اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ آپ ان سے صرفِ نظر کریں، یہ ناپاک لوگ ہیں اور ان کا ٹھکانہ جہنم ہے۔
دو طبقوں کا بیان
آیت 98 سے عرب کے دیہاتی لوگوں کے دو طبقوں کا بیان ہوا۔ ایک وہ جو اللہ کی راہ میں خرچ کرنے کو تاوان سمجھتے اور مسلمانوں پر برے دن آنے کے منتظر رہتے،دوسرے وہ لوگ ہیں جو اِسے اللہ تعالیٰ کی رِضا اور نبیﷺ کی نیک دعاؤں کے حصول کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔
نعمتوں کی بشارت
آیت 100 میں اللہ تعالیٰ نے ایمان لانے میں پہل کرنیوالے مہاجرین و انصار اور نیکی کے ساتھ ان کی اتباع کرنیوالوں کو اپنی رضا مندی کی قطعی سند عطا فرمائی اور ان کیلئے جنت کی دائمی نعمتوں کی بشارت سنائی۔
زکوٰۃ لینے کا حکم
آیت 103 میں فرمایا: (اے رسول!) مسلمانوں کے مال داروں سے زکوٰۃ لیجئے تاکہ اس کے ذریعے آپ انہیں پاک کریں اور ان کا تزکیہ کریں، بے شک آپ کی دعا ان کیلئے سکون کا سبب ہے۔
اہلِ ایمان کاانعام
آیت 111 میں فرمایا کہ اہلِ ایمان نے اپنی جان و مال اللہ کو فروخت کر دی ہے‘ اللہ تعالیٰ انہیں جنت کی نعمت عطا فرمائے گا۔ آیت 112 میں اہلِ ایمان کی صفات بیان ہوئی ہیں۔
صحابہ کرامؓ کی توبہ
آیت 118 میں غزوۂ تبوک سے پیچھے رہ جانے والے تین صحابہ (کعب بن مالک‘ ہلال بن امیہ اور مرارہ بن ربیع رضی اللہ عنہم) کی توبہ کی قبولیت کا بیان ہے۔
مسلمانوں کی ذمہ داری
آیت 122 میں بیان کیا کہ سارے مسلمان اپنے سارے مشاغل کو چھوڑ کر اپنے آپ کو دین کیلئے وقف نہیں کر سکتے‘ پس ضروری ہے کہ ہر علاقے اور طبقۂ زندگی میں سے کچھ لوگ دین کی راہ میں نکل کھڑے ہوں اور دین میں مہارت حاصل کریں تا کہ وہ اپنی قوم کو اللہ کے عذاب سے ڈرائیں‘ یعنی یہ پورے معاشرے پر فرضِ کفایہ ہے۔
نفاق کی بیماری
آیت 124 میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ وحی نازل ہونے سے مخلص مومنوں کے ایمان کو تقویت ملتی ہے اور منافقین اور منکرین کے کفراور نفاق کی بیماری میں اضافہ ہوتا ہے۔
منکرین آخرت
آیت 15 میں بتایا کہ منکرین آخرت کے سامنے جب آیات کی تلاوت کی جاتی ہے تو وہ کہتے ہیں آپ اس کے علاوہ کوئی اور قرآن لے آئیں یا اس کو تبدیل کر دیں تواللہ تعالیٰ نے فرمایا (اے رسولؐ) آپ ان سے کہہ دیں کہ مجھے اس میں تبدیلی کا کوئی اختیار نہیں‘ میں تو صرف وحیِ ربانی کی پیروی کرتا ہوں۔ آیت 18 میں فرمایا کہ مشرک اللہ کو چھوڑ کر ایسے باطل معبودوں کو پوجتے ہیں جو انہیں نفع و نقصان پہنچانے کی طاقت نہیں رکھتے اور وہ کہتے ہیں کہ یہ اللہ کے پاس ہماری سفارش کرنے والے ہیں۔ آیت 22 میں اللہ تعالیٰ نے اپنی مختلف نعمتوں کا ذکر فرمایا۔
جزا و سزا
آیت 26 میں بتایا کہ قیامت کے روز نیک اَعمال کرنے والوں کو بہترین جزا ملے گی اور برائی کا ارتکاب کرنے والوں کے چہرے سیاہ ہوں گے۔
قرآنِ مجید کی شان
آیت 57 میں قرآنِ مجید کی شان بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ تمہارے پاس تمہارے رب کی جانب سے ایک عظیم نصیحت آئی ہے‘ جو دلوں کی بیماریوں کیلئے شفا ہے اور مومنوں کیلئے ہدایت اور رحمت ہے۔
اولیا اللہ کی شان
آیت 63 میں اولیاء اللہ کی شان بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ انہیں نہ کسی آنے والی بات کا خوف ہو گا اور نہ ہی کسی گزری ہوئی بات کا رنج‘ یہ وہ لوگ ہیں جو ایمان لائے اور ہمیشہ تقویٰ پر کاربند رہے‘ ان کیلئے دنیا کی زندگی میں بشارت ہے اور آخرت میں بھی‘ اللہ کے کلمات میں تبدیلی نہیں ہوتی اور یہ بڑی کامیابی ہے۔
باطل دعوے
آیت 68 میں فرمایا کہ ان منکروں نے کہا کہ اللہ نے بیٹا بنا لیا ہے‘ اللہ اس سے پاک ہے اور آسمانوں اور زمین میں جو کچھ بھی ہے وہ اس سے بے نیاز ہے‘ تو کیا اس باطل دعوے کی ان کے پاس کوئی دلیل ہے؟
حضرت نوحؑ کا واقعہ
آیت 71 سے حضرت نوح علیہ السلام کا واقعہ بیان ہواہے کہ انہوں نے اپنی قوم سے کہا کہ میرا تمہارے درمیان رہنا اور تمہیں اللہ کی آیتوں کے ساتھ نصیحت کرنا کیوں ناگوار ہے جبکہ میں نے تواللہ پر توکل کیا ہے اور تم سے دعوتِ حق کے صلے میں کسی اجر کا طلبگار بھی نہیں ہوں۔ ’’انہوں نے نوح علیہ السلام کو جھٹلایا‘ ہم نے نوح اور ان کے پیروکاروں کو نجات دے دی اور آیاتِ الٰہی کو جھٹلانے والوں کو طوفان میں غرق کر دیا۔
قوم فرعون
اس کے بعد ہم نے موسیٰ و ہارون علیہما السلام کو فرعون اور اس کی قوم کیلئے بھیجا‘ انہوں نے قبولِ حق سے تکبر کیا اور وہ مجرم لوگ ہیں‘‘۔ قومِ فرعون نے موسیٰ علیہ السلام کے معجزات کو جادو قرار دیا اور کہا کہ آپ ہمیں آبائو اجداد کے دین سے پھیرنا چاہتے ہیں اور زمین پر اپنی سرداری چاہتے ہیں‘ اس کے بعد جادوگروں سے موسیٰ علیہ السلام کے مقابلے کا ذکر ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتاہے کہ ہم نے موسیٰ وہارون علیہما السلام کوحکم دیا کہ مصر میں اپنی قوم کیلئے گھر بناؤ اور اپنے گھروں کو عبادت گاہ بناؤ اور نماز قائم کرو‘ یہ حکم اس لیے ہوا کہ بنی اسرائیل کیلئے فرعونیوں کے جبر کی وجہ سے کھلے عام عبادت کرنا مشکل تھا۔ موسیٰ علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ سے التجا کی فرعون اور درباریوں کو چونکہ مال و دولت اور دنیا کی زینت میسر ہے اور اس کے ذریعے وہ لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں‘ تو اے اللہ! توان کے مالوں کو تباہ کر دے اور ان کے دلوں کو سخت کر دے تاکہ وہ درد ناک عذاب سے دوچار ہوں۔ اللہ تعالیٰ نے موسیٰ علیہ السلام سے فرمایا کہ میں نے تمہاری دعا قبول کر لی ہے۔
اللہ کی قدرت
آیت 107 سے فرمایا کہ ہر چیز اللہ کی قدرت و اختیار میں ہے‘وہ کسی کو تکلیف پہنچانا چاہے تو کوئی بچانے والا نہیں اور اگر وہ کسی کے ساتھ بھلائی کا ارادہ کرے تو کوئی اس کے فضل کی راہ میں حائل نہیں ہو سکتا‘ وہ اپنے بندوں میں سے جس کو چاہتا ہے‘ اپنے فضل سے نوازتا ہے اور وہ بہت بخشنے والا‘ مہربان ہے۔
سورۂ یونس
اس سورت کی آیت 5 میں بتایا کہ اللہ تعالیٰ نے سورج کو روشنی دینے والا بنایا اور چاند کو روشن بنایا اور اس کی منزلیں مقرر کیں‘ تاکہ برسوں کا حساب ہو سکے۔ آیت 11 میں بتایا کہ لوگ دنیا کے مفادات طلب کرنے میں جتنی جلدی کرتے ہیں‘ اگر اللہ تعالیٰ ان کی بداعمالیوں کی سزا میں اتنی ہی جلدی فرمائے‘ تو ان کی موت جلد آ جائے لیکن انہیں مہلت دی جاتی ہے۔
فرعونی لشکر سمندر برد
آیت 90 سے بیان کیا کہ ہم نے بنی اسرائیل کو سلامتی کے ساتھ سمندر پار کرا دیا اور فرعون اور اس کا لشکر ان کے تعاقب میں آئے‘ یہاں تک کہ جب سمند ر میں غرق ہونے لگے تو فرعون نے کہا میں اُس ہستی پر ایمان لایا‘ جس پر بنی اسرائیل ایمان لائے اور جس کے سوا کوئی بھی مستحقِ عبادت نہیں۔ حدیث پاک میں ہے کہ اللہ تعالیٰ سکراتِ موت‘ موت اور غرغرہ کی کیفت طاری ہونے سے پہلے تک اپنے بندوں کی توبہ قبول فرماتا ہے‘ لیکن اس مرحلے پر توبہ قبول نہیں ہوتی۔ اللہ تعالیٰ نے فرعون کو فرمایا کہ آج ہم تیرے جسم کو بچا لیں گے تاکہ تم بعد میں آنے والوں کیلئے نشانِ عبرت بنے رہو۔
’’مسجد ضرار‘‘ کا ذکر
آیت 107 میں ’’مسجد ضرار‘‘ کا ذکر ہے‘ منافقین نے حضورﷺ کو اس میں نماز پڑھنے کی دعوت دی تا کہ یہ مستند ہو جائے لیکن اللہ تعالیٰ نے نبیﷺ کو منع فرما دیا اور بتایا کہ یہ مسجد مسلمانوں کو ضرر پہنچانے‘ کفر پھیلانے‘ اہلِ ایمان کے درمیان تفرقہ پیدا کرنے‘ اللہ اور اس کے رسول سے جنگ کرنے والوں کیلئے سازشوں کا مرکز ہے۔ اللہ تعالیٰ نے نبیﷺ کو واپسی کے سفر میں مسجدِ قبا میں قیام کا حکم دیا‘ جس کی بنیاد تقویٰ پر رکھی گئی ہے اور جس میں اللہ تعالیٰ کے پسندیدہ بندے نماز پڑھتے ہیں‘ منفی مقاصد کیلئے بنائی ہوئی مسجد اس کے برابر نہیں ہو سکتی۔ اس سے معلوم ہوا کہ بظاہر نیک کام اگر منفی مقاصد کیلئے کیا جائے تو اللہ تعالیٰ کے ہاں اسے قبولیت نہیں مل سکتی۔