مسائل اور ان کا حل
سوتیلی دادی کے بیٹوں سے پردہ سوال:ایک آدمی نے بیوہ عورت سے نکاح کیا جس کے پہلے شوہر سے بیٹے ہیں۔ اس شخص کی پوتی سوال کرتی ہے کہ کیا میرا سوتیلی دادی کے بیٹوں سے پردہ ضروری ہے؟
جواب: صورت مسئولہ میں پوتی کا اپنی سوتیلی دادی کے بیٹوں سے پردہ کرنا ضروری ہے۔ (فی الفتاویٰ الہندیۃ 1/ 277)
مطلقہ بیوی سابقہ شوہر کی وارث نہیں
سوال: میرے والد صاحب نے میری سوتیلی والدہ کو اپنی زندگی میں کافی عرصہ قبل حالت تندرستی میں ہی طلاق دے دی تھی۔ اب والد صاحب کا انتقال ہوچکا ہے ،کیا اس سوتیلی مطلقہ والدہ کو میرے والد کے ترکہ سے حصہ ملے گا؟(محمد جمیل، سکھر)
جواب: آپ کے والد مرحوم کی مطلقہ بیوی کا مرحوم کے ترکہ میں شرعاً کوئی حصہ نہیں ہے ۔
بچے کا ڈائپر تبدیل کرنے
پر ماں کیلئے وضوکا مسئلہ
سوال: ماں جب اپنے دودھ پیتے بچے کا ڈائپر تبدیل کرتی ہے تو کیا اس سے وضو ٹوٹ جاتا ہے؟ یہ بھی واضح فرما دیں کہ بچے نے صرف پیشاب کیا ہو تو کیا حکم ہے اور اگر پیشاب کے ساتھ ڈائپر میں حاجت کی ہو تو کیا حکم ہے؟(صائمہ پروین، کراچی)
جواب: بچے کا ڈائپر تبدیل کرنے سے وضو نہیں ٹوٹتا خواہ بچے نے ڈائپر میں پیشاب کیا ہو یا حاجت ۔ تاہم ڈائپرتبدیلی کے بعد ہاتھوں کو دھو لیا جائے۔
وضوکے دوران سلام کاجواب دینا
سوال: وضو کرتے ہوئے اور کھانے کے دوران سلام کا جواب دینا ضروری ہے یا نہیں؟ (علی عمران، لاہور)
جواب: وضو کے دوران سلام اور جواب میں کوئی حرج نہیں، تاہم کھانے کے دوران سلام نہیں کہنا چاہئے، نیز کھانے والے کے ذمہ سلام کا جواب دینا واجب نہیں۔
تایا کی نواسی سے نکاح
سوال :میرے سگے بڑے تایا کی نواسی ہے، کیا اس کانکاح میرے ساتھ ہوسکتا ہے؟(محمد یوسف، ملتان)
جواب :تایا کی نواسی سے نکاح شرعاً جائز ہے بشرطیکہ حرمت کی کوئی اور وجہ (مثلاً رضاعت یعنی دودھ کا کوئی رشتہ وغیرہ )نہ ہو۔
شوہر کا خون بیوی کو لگانا
سوال : کیا بیوی کو شوہر کا خون لگانے سے نکاح ٹوٹ جاتا ہے؟(ابوبکر، بہاولپور)
جواب:۔ بیوی کو شوہر کا خون لگانے سے نکاح پر شرعاً کوئی اثر نہیں پڑتا، نکاح بدستور قائم رہتا ہے، کیونکہ شریعت نے محرمیت کو نسب، مصاہرت (سسرالی رشتہ) اور رضاعت کے ساتھ مخصوص کیا ہے۔ (وفی فتاویٰ اللجنۃ الدائمۃ 21/ 146)
قرض دی گئی رقم پرمشروط
نفع کی شرعی حیثیت
سوال: فریق اوّل زیدنے فریق دوم بکر کو پانچ لاکھ روپے اس شرط کے ساتھ دیئے کہ بکر اس سے کاروبار کرتا رہے مگر اس میں سے صرف پانچ ہزار ہر ماہ دو سال تک زید کو ادا کرے اورجب اس کا کاروبار سیٹ ہوجائے تو وہ پانچ لاکھ واپس کر دے۔ دونوں فریق اس پر راضی اور عمل پیرا ہیں، شرعا ًاس صورت کا کیا حکم ہے؟(علی اسلم، کراچی)
جواب:صورت مسئولہ میں رقم قرض دے کر اس پرنفع لینے کامعاملہ شرعاً سود ہے۔ اس معاہدہ اورلین دین کی وجہ سے فریقین گناہگارہوئے ہیں، دونوں پر اس معاملہ کو ختم کرنااورتوبہ و استغفار کرنا لازم ہے۔
طلاق کے بعدبرادری کاایک لڑکی
سے جہیزلے کردوسری لڑکی کودینا
سوال:ایک انتہائی غریب شخص کی تین بیٹیوں کی شادیاں برادری کے بڑے (بکر)نے چندہ اکٹھا کرکے ایک ہی خاندان میں کروائی تھیں،کچھ عرصہ بعدکسی وجہ سے تینوں لڑکیوں کو طلاق ہو گئی۔ چندہ دینے والوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے یہ سامان لڑکیوں کو دیا تھا وہ اس کی مالک ہیں۔ بکر کا کہناہے کہ جہیز کا سامان اسے دیا جائے تاکہ وہ کسی اورغریب لڑکی کی شادی کروا دے۔ آپ شرعی طور پر رہنمائی فرمائیں کہ جہیز کا حقدار کون ہے؟(امتیاز علی، رائیونڈ)
جواب:جہیزمیں جس لڑکی کوجوسامان دیا گیا اس کی مالک وہی ہے، لہٰذابکرکیلئے یہ سامان لے کر کسی اور لڑکی کو جہیزمیں دینا شرعاً جائز نہیں ، اس سے احترازکرنالازم ہے۔