بچوں کا انسائیکلوپیڈیا
کچھ لوگ گھر میں داخل ہوتے ہوئے جوتے کیوں اتار دیتے ہیں؟ بہت سے بچے یہ سمجھتے ہیں کہ دوسرے ممالک میں رہنے والے بچوں کی عادتیں بھی ان جیسی ہوتی ہیں۔لیکن آپ کو معلوم ہونا چاہیے دوسرے ممالک کی تہذیب اور معاشرتی اقدار مختلف ہو سکتی ہیں۔ مثلاً جاپان اور کوریا میں لوگ گھر میں داخل ہونے سے پہلے جوتے اتار دیتے ہیں۔اس طرح گھر کا فرش یا قالین گندے ہونے سے محفوظ رہتے ہیں۔اس کے برعکس یورپ اور دوسرے بہت سے ممالک میں لوگ گھر کے اندر بھی جوتے پہنتے ہیں۔
خطوط اور پارسل دوسر ے علاقوں
کو کیسے بھیجے جاتے ہیں؟
تمام خطوط اورپارسل ڈاک خانے میں جمع ہوتے ہیں۔ اندرون اور بیرون ملک جانے والے خطوط اور پارسلوںکو الگ الگ کر لیا جاتا ہے۔ پارسلوں کا معائنہ کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد خطوط اور پارسلوں کو ان علاقوں کے حساب سے چھانٹ لیا جاتا ہے جہاں انہیں بھیجنا مطلوب ہو۔آخر میں انہیں برّی راستے،ٹرین،بحری جہاز یا ہوائی جہاز وں کے ذریعے ان کی منزلوں کی طرف روانہ کر دیا جاتاہے۔
ہم دور دراز کے رہنے والوں کو ٹیلی فون کیسے کرتے ہیں؟
جب آپ ٹیلی فون پر بات کرتے ہیں تو آپ کے منہ سے نکلے ہوئے الفاظ برقی سِگنلز میں تبدیل ہو جاتے ہیں۔یہ برقی سگنلز سیٹلائٹ یا سمندر کی تہہ میں بچھی ہوئی تاروں کے ذریعے دوسرے ممالک کو بھیجے جاتے ہیں۔اپنی منزل پر پہنچ کر یہ برقی سگنلز دوبارہ آواز میں تبدیل ہو جاتے ہیں،جسے ریسیور پر آسانی سے سنا جاسکتا ہے۔