28ویں آئینی ترمیم کی بازگشت!

تحریر : عدیل وڑائچ


28 ویں ترمیم کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ شہر اقتدار میں کئی مہینوں بعد سیاسی سرگرمیوں کا دوبارہ آغاز ہو چکا ہے، قومی اسمبلی اور سینیٹ سیشنز کے دوران سیاسی گہما گہمی شروع ہو چکی ہے۔

 عید کے فوری بعد بجٹ اجلاس بلایا جائے گا، اگرچہ بجٹ کی تاریخ ابھی طے ہونا باقی ہے مگر 5 یا 9 جون کی تاریخیں زیر غور ہیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا واقعی 28 ویں ترمیم آرہی ہے ؟ اگر آرہی ہے تو کب ؟

 حکومت 28 ویں ترمیم کی خبروں کی تاحال تردید کر رہی ہے مگر یہ کوئی نئی بات نہیں، اس سے پہلے بھی وزرا ایسے ہی کہتے سنائی دیتے تھے۔ 26 ویں آئینی ترمیم ہو یا 27 ویں، دونوں کے آنے سے قبل وفاقی وزرا بڑے اعتماد سے یہی کہتے تھے کہ کوئی ترمیم نہ تو آرہی ہے نہ ہی اس کی تیاری ہو رہی ہے، مگر میڈیا مسلسل ترمیم آنے کی خبریں دیتا رہا اور دونوں ترامیم آ کر رہیں۔

 28 ویں آئینی ترمیم سے متعلق بھی صورتحال کچھ ایسی ہی ہے۔ اس مرتبہ بھی وفاقی وزرا کا کہنا ہے کہ اس کے کوئی آثار نہیں۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے دو روز قبل ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ابھی انہیں یہ ہدایات نہیں ملیں کہ اراکین پارلیمنٹ کی اسلام آباد میں موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایسی کوئی تیاری نہیں ہو رہی کیونکہ دو تہائی اکثریت پوری کرنے کیلئے اراکین تک پیغام رسانی کی ذمہ داری وفاقی وزیر پارلیمانی امور کی ہے۔ دوسری جانب لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے 28 ویں ترمیم کے تاثر کو رد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نئی آئینی ترمیم نہیں لا رہی۔ انہوں نے کہا کہ 28 ویں ترمیم اگر آنی ہے تو اس کیلئے سیاسی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔ وزرا کے یہ بیانات بالکل ویسے ہی ہیں جو وہ 26 ویں اور 27ویں ترمیم سے قبل دیا کرتے تھے۔ مگر ہمارے ذرائع کا کہنا ہے کہ 28ویں آئینی ترمیم پر کام شروع ہو چکا ہے اور امکان ہے کہ یہ بجٹ سیشن کے بعد آسکتی ہے۔ اگرچہ اس مرتبہ آئینی ترمیم میں معاشی اور انتظامی ریفارمز کا ایک بڑا پیکیج لانے کا پلان ہے مگر سب سے زیادہ سیاسی ہائپ ووٹر کی عمر 25 سال تک مقرر کرنے کی خبر کے باعث بنی۔ رانا ثنااللہ نے ایک ٹی وی پروگرام میں ووٹر کی عمر 18 سے 25 سال کرنے کا اشارہ دیا۔ حکومتی اراکین کی جانب سے یہ توجیہ پیش کی گئی کہ اگر الیکشن لڑنے کیلئے 25 سال عمر کی کم از کم حد مقرر ہے تو ووٹ ڈالنے والے کی بھی یہی ہونی چاہئے مگر چند ہی گھنٹوں میں رانا ثنا اللہ سمیت کئی وفاقی وزرا نے اس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کچھ نہیں ہو رہا۔ 

اس وقت ملک میں تین کروڑ ایسے ووٹرز ہیں جن کی عمر 18 سے 25 سال تک ہے۔ حیران کن بات یہ ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹرز کی عمر کا ڈیٹا کئی ماہ سے جاری کرنا چھوڑ دیا ہے۔ اگر حکومت یہ فیصلہ کرلے کہ ووٹر کی عمر کم از کم 25 سال تک ہونی چاہیے تو پہلے سے موجود تین کروڑ ووٹر ز کے ساتھ آئندہ دو برسوں میں مزید ایک کروڑ کے لگ بھگ اہل ووٹرز انتخابی عمل سے باہر ہو جائیں گے۔ اس معاملے پر سوشل میڈیا اور میڈیا میں کافی تنقید کی گئی ہے۔ ایک جانب جہاں حکومت نوجوانوں کیلئے بڑے بڑے اقدامات کر رہی ہے تاکہ ایک سیاسی جماعت کے ساتھ نوجوانوں کی حمایت کے تاثر کو  زائل کیا جا سکے دوسری جانب ایسی خبریں ان تین کروڑ سے زائد نوجوان ووٹرز میں بے چینی پیدا کر رہی ہے۔ ووٹر کی عمر کی یہ بحث چند ماہ پہلے بھی سامنے آئی تھی، الیکشن کمیشن نے بھی ووٹر لسٹوں کا ڈیٹا جاری کرنا ختم کر دیا۔ ایک مرتبہ پہلے توجیہات، وضاحتیں اور تردیدیں بتا رہی ہیں کہ کہیں اس معاملے پر بات چیت اور غور و خوض کیا گیا ہے۔ تاہم آئینی ترمیم کا حتمی مسودہ سامنے آنے تک اسے فی الحال قیاس آرائی ہی کہا جا سکتا ہے۔ 

28 ویں آئینی ترمیم آنے کی صورت میں بڑی تبدیلیاں 18 ویں آئینی ترامیم کی کچھ شقوں کی واپسی اور قومی مالیاتی کمیشن کے سٹرکچر میں تبدیلی کی صورت میں ہوں گی۔  18 ویں ترمیم کے ذریعے 2010ء میں صوبوں کو خودمختاری دیتے ہوئے صحت، تعلیم، آبادی اور کھیلوں سمیت کئی وزارتیں منتقل کر دی گئیں، مگر یہ اچھا تجربہ نہیں رہا بلکہ اس کے بہت سے شعبوں میں بھیانک نتائج سامنے آئے۔ ان وزارتوں میں پالیسیاں وفاق کی سطح پر ہونی چاہیں، یہ اختیارات صوبوں کے پاس جانے کے بعد تقریباً سبھی صوبے صحت، بہبودِ آبادی، تعلیم اورکھیلوں سمیت کئی شعبوں میں ڈیلیور کرنے میں ناکام رہے جس سے ریاستی مسائل کے سا تھ ساتھ عام آدمی کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوا۔جبکہ این ایف سی سے متعلق موجودہ آئینی شقوں کے مطابق صوبوں کے کوٹے میں اضافہ تو کیا جا سکتا ہے کمی نہیں۔

 ایک ایسا ملک جس کے مشرقی اور مغربی بارڈر پر مسلسل کشیدہ صورتحال جیسے چیلنجز ہیں اور اس کے اوپر قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگی کا بوجھ ہے۔ قرضوں اور ان پر سود کی ادائیگیاں کرنے کے بعد وفاق کے پاس مزید قرض لینے کے سوا کوئی آپشن نہیں بچتا۔ ٹیکس وصولیوں سے صوبوں کو ان کا حصہ  منتقل کرنے کے بعد وفاق کے پاس بچ جانے والی رقم اخراجات سے کہیں کم ہوتی ہے اور مزید قرضے لے کر نظام چلایا جاتا ہے۔ ایسے میں پالیسی سازوں کے نزدیک   ضروری ہو چکا ہے کہ این ایف سی کے سٹرکچر میں تبدیلی کی جائے۔ 18 ویں ترمیم کی اہم شقوں کے رول بیک اور این ایف سی کے سٹرکچر میں تبدیلی کی سب سے بڑی مخالف پاکستان پیپلز پارٹی ہے۔ پیپلز پارٹی27 ویں ترمیم میں بھی این ایف سی میں تبدیلی کی مخالفت کر چکی ہے۔ اس مرتبہ پیپلزپارٹی کے  خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت سے متعلق لہجے میں تبدیلی بتا رہی ہے کہ وہ  اس ترمیم میں بھی کچھ شقوں پر مزاحمت کرے گیمگر 27ویں ترمیم کے برعکس اس مرتبہ صورتحال شاید مختلف ہو۔ یہی وجہ ہے کہ 26 ویں اور 27 ویں ترمیم کے برعکس اس مرتبہ ہونے والی آئینی ترمیم کے دوران سیاسی درجہ حرارت میں اضافہ دکھائی دے سکتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

خواتین کی مصروفیات اور وقت کی منصوبہ بندی

آج کے دور میں خواتین زندگی کے مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ وہ نہ صرف گھر کی ذمہ داریاں نبھاتی ہیں بلکہ تعلیم، ملازمت، کاروبار اور سماجی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیتی ہیں۔

جلد کی تازگی کیلئے 5 بہترین مشورے

خوبصورت، نرم، ملائم اور چمکدار جلد ہر شخص کی خواہش ہوتی ہے۔ جلد نہ صرف ہماری ظاہری شخصیت کا اہم حصہ ہے بلکہ یہ ہماری مجموعی صحت کی بھی عکاسی کرتی ہے۔

آج کا پکوان:بیف بریانی

اجزا :بیف: 1 کلو گرام (ہڈی کے بغیر یا مکس)،چاول (سیلا یا باسمتی): 1 کلو گرام (آدھا گھنٹہ بھیگودیں) ،پیاز: 3 عدد (باریک کٹے ہوئے)،ٹماٹر: 3 بڑے سائز کے (باریک کٹے ہوئے)

حفیظ تائب وفورِ شوق و عقیدت کی آ واز

ان کی نعت عشق و وارفتگی کے ساتھ تمام ممکنہ فنی محاسن سے آراستہ ہے :حفیظ تائب نے عام روایت سے ہٹ کر رسول مقبول سے عقیدت و محبت کا اظہار کیا ہے‘رسول اکرمﷺ کی ذات پاک سے محبت کیساتھ اسوۂ حسنہ کی تفصیلات بھی بیان کی ہیں‘دوسری اہم خوبی یہ ہے کہ جو کچھ کہا ہے اسے تخلیقی سطح پر محسوس کیا ہے:پاکستان اور ملتِ اسلامیہ کو در پیش مسائل کا اظہار جس شائستگی سے حفیظ تائب کی نعتوں میں ملتا ہے دوسروں کے ہاں نظر نہیں آتا‘ بقول احمد ندیم قاسمی ،حفیظ تائب کی نعتیں پڑھیے تو معلوم ہوتا ہے کہ حضورﷺ کے توسط سے وہ کائناتِ انسانی کے مثبت مطالعے میں مصروف ہیں

مجید امجد، فطرت سے ہم کلام

مٹی جسم ہے، مٹی نور ہے، مٹی وقت کا ریلا ہے،ہرے بھرے میدان، ابلتے قرینے، باسمتی کی باس،سانسیں، عمریں، قدریں سب کچھ سکے، پیسے، چربی، ماس

کینگروز کا سپن کے جال سے شکار

گرین شرٹس کی ہوم گرائونڈ پر تاریخی فتح:گرین شرٹس نے مسلسل تیسری ون ڈے سیریز اپنے نام کر کے تاریخ رقم کر دی