ناشپاتی: صحت بخش پھل
گرمیوں کے خوش ذائقہ اور غذائیت سے بھرپور پھلوں میں ناشپاتی بھی ایک اہم مقام رکھتی ہے۔ نرم، رسیلی اور میٹھے ذائقے کی وجہ سے یہ پھل بچوں کو بہت پسند آتا ہے۔
ماہرین غذائیت کے مطابق ناشپاتی بچوں کی نشوؤنما، ہاضمے اور مجموعی صحت کیلئے انتہائی مفید سمجھی جاتی ہے۔
ناشپاتی میں وٹامن سی، وٹامن کے، پوٹاشیم، فائبر اور قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ یہ غذائی اجزا بچوں کے جسم کا مدافعتی نظام مضبوط بنانے، ہڈیوں کی نشوؤنما میں مدد دینے اور جسم کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ اس میں موجود فائبر نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے اور قبض جیسے عام مسائل سے بچانے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔
چونکہ ناشپاتی میں پانی کی مقدار بھی زیادہ ہوتی ہے، اس لیے گرمی کے موسم میں یہ جسم میں پانی کی کمی پوری کرنے میں مدد دیتی ہے۔والدین کیلئے ضروری ہے کہ وہ بچوں کو تازہ اور اچھی طرح دھو کر ناشپاتی کھلائیں۔ چھوٹے بچوں کیلئے اسے باریک قتلے یا نرم ٹکڑوں میں کاٹ کر پیش کرنا زیادہ محفوظ رہتا ہے۔ ناشپاتی کو فروٹ چاٹ، سلاد، دہی یا اسموتھی میں شامل کرکے بھی مزید دلچسپ بنایا جا سکتا ہے، جس سے بچے شوق سے اسے کھاتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر بچوں کی روزمرہ خوراک میں موسمی پھل، خصوصاً ناشپاتی، مناسب مقدار میں شامل کی جائے تو ان کی جسمانی اور ذہنی نشوونما بہتر ہوتی ہے۔ ناشپاتی کو بچوں کی غذائی ضروریات پوری کرنے والے بہترین قدرتی پھلوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments