مسائل اور ان کا حل
بیوی کے اکائونٹ میں جمع کرائی گئی رقم کی ملکیت کا مسئلہ سوال :ہمارے والد صاحب کا بینک میں کوئی اکاؤنٹ نہیں تھا،ہرماہ رقم والدصاحب والدہ کے اکاؤنٹ میں بھیجتے تھے، جسے والدہ اپنی مرضی سے گھراوردوسرے اخراجات کیلئے استعمال کرتی تھیں، والدصاحب نے کبھی ان سے تفصیل نہیں پوچھی تھی، صرف سال کے آخرمیں جب پاکستان آتے تو بیلنس کاپوچھتے تھے حتیٰ کہ تین بچوں کی شادی ہوئی، انہوں نے نہیں پوچھاکہ کس کیلئے کیا تیار کیا گیا۔ اکاؤنٹ کاتمام اختیاروالدہ کوتھاحتیٰ کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے والی رقم بھی باہرسے انہوں نے والدہ کے اکاؤنٹ میں بھیجی تھی۔ والدصاحب کے انتقال کے بعداکاؤنٹ کی رقم کاشماروراثت میں ہوگایاوالدہ کی ملکیت ہوگی؟(محمد ابراہیم، کراچی)
جواب:والدہ کے اکاؤنٹ میں جورقم والدہ کی ذاتی ہے یاجس رقم کاوالدنے انہیں صراحتاً واضح طورپر مالک بنایا ،وہ والدہ کی ملکیت ہے۔ اس کے علاوہ والدکی جمع کردہ تمام رقم ترکہ میں شمارہوگی، جسے ان کے تمام ورثاء میں تقسیم کرنا لازم ہے ۔
جمعہ کی نماز میں واجب رکعت؟
سوال : جمعہ کی نمازکی واجب رکعت کتنی ہیں؟ (سمیع جمیل، حیدر آباد)
جواب:نمازجمعہ میںواجب رکعتیں نہیں ہیں،بلکہ دوفرض دس سنتیں اوردونفل ہیں۔ امام ابوحنیفہ ؒکے مطابق جمعہ میں چار رکعتیں، دو فرض نمازسے پہلے اورچاررکعتیں فرض نمازکے بعدسنت مؤکدہ ہیں،جبکہ امام ابویوسف ؒجمعہ کے بعدچھ رکعت کو سنت قراردیتے ہیں۔ حضرت علی ؓسے منقول یہی ہے۔ علماء نے یہ فتویٰ دیاہے کہ جمعہ کے بعدچھ رکعتیں پڑھنی چاہئیں تاکہ تمام فقہاء کے مذہب کے مطابق سنت ادا ہو جائے۔ (فتاویٰ عثمانی ،435/1 )،(وفی البحر،49/2)
کیاسودکی رقم ویلفیئرکے کاموں
میں خرچ کرنا جائز ہے؟
سوال:منافع کی رقم جو سود کی مدمیں حاصل ہوئی ہے، اسے ہم نے اپنے ایک عزیزکے اکاؤنٹ میں الگ رکھاہے اوراسے ضرورت مندوں کوتقسیم کررہے ہیں،کیا ہمارا یہ عمل ٹھیک ہے اور کیایہ رقم کسی ہم کسی ضرورت مند عزیزکو دے سکتے ہیں؟(اکبر علی، لاہور)
جواب:اگرآپ کا کوئی عزیزمستحق زکوٰۃ ہوتواس رقم سے اس کی مدد کی جا سکتی ہے اور اسے ویلفیئرکے رفاہی کاموں پربھی خرچ کیا جا سکتا ہے۔ (کذافی فتاویٰ عثمانی )
اذان کے وقت تلاوت
قرآن کی شرعی حیثیت
سوال:تلاوت کے دوران اگر اذان شروع ہو جائے توکیااذان کے وقت قرآن پڑھنا درست ہے؟ (جاوید ستار، کراچی)
جواب: ایسے وقت میں دونوں اختیار ہیں چاہے تلاوت جاری رکھے، چاہے بند کرکے اذان کا جواب دے۔ تاہم بہتر اور مستحب یہ ہے کہ تلاوت کو موقوف کرکے اذان کا جواب دے کیونکہ تلاوت بعد میں ہو سکتی ہے مگر اذان کے جواب کا بعد میں موقع نہیں ملے گا ۔
زلزلے میں مرنے والے شہید ہیں
سوال :جو لوگ زلزلے میں مرجاتے ہیں کیا اسلام کی رو سے وہ لوگ شہید ہیں؟ (نصیر اکرم، آزاد کشمیر)
جواب :کئی احادیث سے یہ ثابت ہے کہ جو مسلمان کسی عمارت کے نیچے دب کر مرے وہ شہید ہے۔چونکہ زلزلے میں لوگ عمارتوں کے نیچے دب کر مرتے ہیں لہٰذا زلزلے میں مرنے والا مسلمان آخرت کے اعتبار سے شہید ہے۔ (صحیح بخاری، ج1، ص397)
سوکن کو زکوۃ دینا
سوال: مفتی صاحب کیا ایک بیوی اپنے شوہر کی دوسری بیوی(سوکن) کواس کے ذاتی استعمال کیلئے زکوٰۃ دے سکتی ہے؟ (محمد نعیم،فیصل آباد)
جواب:۔سوکن اگرشرعی اعتبار سے مستحقِ زکوٰۃ ہو تو اسے زکوٰۃ دے سکتے ہیں۔(سورۃ التوبہ: 60)، (وفی الدر المختار، 2/ 346)
آن لائن نکاح
سوال:مفتی صاحب میرا سوال یہ ہے کہ کیا آن لائن نکاح ہوجاتا ہے کہ لڑکا ملک سے باہر ہو اور لڑکی یہاں ہو؟(اکرام الحق ، راولپنڈی)
جواب:نکاح کے صحیح ہونے کیلئے گواہوں اور زوجین یا ان کے وکیلوں کا ایک مجلس میں موجود ہونا ضروری ہے۔جبکہ آن لائن نکاح میں یہ شرط نہیں پائی جاتی،اس لئے آن لائن نکاح منعقد نہیں ہوتا۔ البتہ اس کی جائز متبادل صورت وکالت کی ہے یعنی جو فریق مجلس نکاح میں حاضرنہ ہو،وہ اس مجلس میں شریک کسی کو اپنانکاح کر نے کاوکیل بنادے اور پھروہ مجلس نکاح میں اپنے مؤکل کیلئے ایجاب یا قبول کرلے تواس طرح شرعاًنکاح منعقد ہوجائے گا۔ (فی الدر المختار 3/ 14)، (وفی الفتاویٰ الہندیۃ 1/ 269)
بیوی کے حقوق کا خیال نہ رکھنا
سوال:ایک شخص ہر وقت موبائل اور لیپ ٹاپ میں مصروف رہتا ہے اور بیوی کو بالکل بھی وقت نہیں دیتا۔ اس شخص کا بیوی کے ساتھ سلوک بھی بہت برا ہے، اس کی وجہ سے بیوی ڈپریشن کا شکار ہے۔ ایسا سلوک روا رکھنے والے کے بارے میں شریعت کا کیا حکم ہے ؟ سمجھانے کے باوجود وہ نہیں سمجھ رہا، الٹاپہلے سے زیادہ پریشان کرتا ہے۔(صبا ،کراچی)
جواب:شوہر کا موبائل یا لیپ ٹاپ میں ایسا انہماک جس سے بیوی بچوں یا دیگر متعلقین کے حقوق پامال ہوں یا حقوق اللہ میں کوتاہی ہو شرعاً جائز نہیں اس سے احتراز لازم ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments