کفایت شعاری اپنائیں،گھریلو اخراجات کم کریں
مہنگائی کے موجودہ دور میں گھر کا بجٹ متوازن رکھنا ایک اہم ذمہ داری بن چکا ہے۔ آمدنی محدود ہو اور اخراجات بڑھتے جائیں تو گھر کا نظام چلانا مشکل محسوس ہوتا ہے۔
ایسے حالات میں کفایت شعاری کا مطلب یہ نہیں کہ ضروریاتِ زندگی پر سمجھوتا کیا جائے، بلکہ اس کا مقصد غیر ضروری اخراجات کو کم کرنا، دستیاب وسائل کا بہتر استعمال کرنا اور مستقبل کے لیے کچھ رقم بچانا ہے۔ پاکستانی خواتین گھر کے مالی معاملات میں اہم کردار ادا کرتی ہیں، اس لیے معمولی سی منصوبہ بندی اور چند اچھی عادات کے ذریعے وہ گھریلو اخراجات میں نمایاں کمی لا سکتی ہیں۔
گھر کا بجٹ بنائیں ، اخراجات کا حساب رکھیں
کفایت شعاری کی پہلی اور سب سے اہم شرط بجٹ بنانا ہے۔ ہر ماہ آمدنی اور اخراجات کی فہرست تیار کی جائے۔ بجلی، گیس، پانی، گھر کا راشن، بچوں کی تعلیم، سفر، ادویات اور دیگر ضروری اخراجات الگ الگ لکھے جائیں۔ اس کے بعد دیکھا جائے کہ کون سے اخراجات واقعی ضروری ہیں اور کن میں کمی کی گنجائش موجود ہے۔اکثر گھروں میں چھوٹے چھوٹے غیر ضروری اخراجات کا احساس نہیں ہوتا لیکن مہینے کے آخر میں یہی اخراجات بڑی رقم بن جاتے ہیں۔ روزانہ باہر سے کھانا یا غیر ضروری اشیا خریدنے کے بجائے پہلے سے منصوبہ بندی کی جائے۔ اگر ہر خرچ لکھنے کی عادت بنا لی جائے تو یہ معلوم کرنا آسان ہو جاتا ہے کہ پیسہ کہاں زیادہ خرچ ہو رہا ہے۔ مثلاً راشن اور سبزی کے لیے ایک مخصوص رقم رکھی جائے اور کوشش کی جائے کہ مقررہ رقم سے تجاوز نہ ہو۔
راشن اور کھانے کے اخراجات کم کریں
گھریلو بجٹ میں کھانے پینے کا خرچ ایک اہم حصہ ہوتا ہے۔ اس میں منصوبہ بندی سے خاصی بچت کی جا سکتی ہے۔ ہفتے کا مینو پہلے سے طے کر لیا جائے تو غیر ضروری خریداری اور کھانے کے ضیاع دونوں میں کمی آتی ہے۔سبزی، دال، چاول، آٹا اور دیگر بنیادی اشیا گھر کی ضرورت اور استعمال کے مطابق خریدنی چاہئیں۔ رعایت اسی وقت فائدہ مند ہے جب وہ چیز واقعی ضرورت کی ہو۔
بجلی، گیس کی بچت کریں
یوٹیلیٹی بل گھریلو بجٹ پر خاصا اثر ڈالتے ہیں۔ غیر ضروری طور پر پنکھے، لائٹس اور دیگر برقی آلات چلانے سے گریز کیا جائے۔ دن کے وقت ممکن ہو تو قدرتی روشنی استعمال کی جائے اور کمرے سے باہر نکلتے وقت لائٹس اور پنکھے بند کرنے کی عادت بنائی جائے۔ اسی طرح گیس کے چولہے پر کھانا پکاتے وقت برتن کو مناسب ڈھکن سے ڈھانپنے اور شعلہ ضرورت کے مطابق رکھنے سے گیس کے استعمال میں کمی لائی جا سکتی ہے۔ چھوٹی چھوٹی احتیاطیں ماہانہ اخراجات کم کرنے میں مدد دیتی ہیں۔
خریداری میں سمجھ داری
کپڑے، جوتے، کاسمیٹکس اور گھریلو اشیا خریدتے وقت خواہش اور ضرورت میں فرق کرنا ضروری ہے۔ ہر نئی چیز دیکھ کر خریدنے کے بجائے پہلے گھر میں موجود سامان کا جائزہ لیا جائے۔ خاص طور پر سیل اور ڈسکاؤنٹ کے دوران غیر ضروری خریداری سے بچنا چاہیے کیونکہ کم قیمت پر خریدی گئی غیر ضروری چیز بھی آخرکار اضافی خرچ ہی ہوتی ہے۔البتہ ضروری اشیا خریدتے وقت سیل اور ہول سیل مارکیٹوں سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ پاکستان کے تقریباً ہر شہر میں ایسی مارکیٹیں، بازار یا مخصوص علاقے موجود ہوتے ہیں جہاں کپڑے، جوتے، کچن کا سامان اور دیگر گھریلو ضروریات کی چیزیں عام مارکیٹ کے مقابلے میں نسبتاً کم قیمت پر دستیاب ہوتی ہیں۔ خواتین کو اپنے اپنے شہر میں ایسی مارکیٹوں اور دکانوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنی چاہئیں اور خریداری سے پہلے مختلف دکانوں کے نرخوں کا موازنہ کرنا چاہیے۔ہول سیل مارکیٹ سے خریداری کرتے وقت معیار کو بھی ضرور مدنظر رکھا جائے۔ صرف کم قیمت دیکھ کر ناقص چیز خریدنا بچت نہیں۔ اسی طرح سیل سے خریداری کرتے ہوئے بھی پہلے یہ طے کیا جائے کہ چیز واقعی ضرورت کی ہے۔
خواتین ہر ماہ آمدنی میں سے چاہے رقم تھوڑی ہی ہو، ایک مقررہ حصہ بچت کے لیے الگ رکھ سکتی ہیں۔ بہتر ہے کہ بچت کو مہینے کے آخر میں بچ جانے والی رقم کے بجائے تنخواہ ملتے ہی الگ کر دیا جائے۔ یہ رقم ہنگامی ضرورت، بچوں کی تعلیم، علاج یا مستقبل کے کسی اہم مقصد کے لیے محفوظ رکھی جا سکتی ہے۔کفایت شعاری دراصل محرومی کا نام نہیں بلکہ سمجھ داری سے خرچ کرنے کا طریقہ ہے۔ اگر گھر کی خواتین خریداری، کھانے، بجلی، گیس اور روزمرہ اخراجات میں منصوبہ بندی کریں تو محدود آمدنی میں بھی بہتر مالی نظم قائم کیا جا سکتا ہے۔ ضرورت صرف یہ ہے کہ ہر خرچ سے پہلے خود سے سوال کیا جائے: کیا یہ چیز واقعی ضروری ہے اور کیا اسے بہتر قیمت پر خریدا جا سکتا ہے؟ یہی سوچ غیر ضروری اخراجات کم کرنے اور بچت کی عادت پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments