گنیز بک 2027ء میں شامل دنیا کے ہونہار بچے!
میکس الیگزینڈر:کم عمری میں فیشن ورلڈفتح کرنیوالا
میکس الیگزینڈر کی غیر معمولی صلاحیت نے کم عمری میں ہی اسے دنیا بھر میں شہرت دلا دی۔ جس عمر میں بچے کھیل کود اور اسکول کی سرگرمیوں میں مصروف ہوتے ہیں، اس عمر میں میکس نے فیشن ڈیزائننگ اور ملبوسات کی تیاری کو اپنا شوق بنا لیا۔ محض چار برس کی عمر میں اس نے خود کو ’’ڈریس میکر‘‘ قرار دیتے ہوئے کپڑے تیار کرنا شروع کیے اور چند ہی برسوں میں ایسا منفرد مقام حاصل کیا کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز نے اسے دنیا کا کم عمر ترین رن وے شو ڈیزائنر تسلیم کرلیا۔ میکس کی تخلیقی پرواز یہیں نہیں رکی، مارچ 2026ء میں اس نے پیرس فیشن ویک میں 15 ملبوسات پر مشتمل اپنی کلیکشن پیش کرکے ایک اور عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا۔
امریکا سے تعلق رکھنے والے میکس الیگزینڈر 25 فروری 2016ء کو پیدا ہوئے۔ صرف چار سال کی عمر میں میکس نے اپنے والدین کو بتایا کہ وہ ’’لباس تیار کرنے والا‘‘ بننا چاہتا ہے اور اپنی بہن کیلئے ایک فراک بھی سی دی۔ جب اس کی عمر 7 سال 266 دن ہوئی تو اس نے ’’ڈینور فیشن ویک‘‘ میں اپنے تیار کردہ ملبوسات کا مکمل مجموعہ پیش کیا۔ یوں انہیں دنیا کے کم عمر ترین رن وے شو ڈیزائنر کا اعزاز حاصل ہوا۔اس کے بعد میکس نے اپنا کامیاب آن لائن اسٹور قائم کیا، معروف اداکارہ شیرون اسٹون سمیت متعدد مشہور شخصیات کیلئے خصوصی ملبوسات تیار کیے۔ سوشل میڈیا پر ان کے مداحوں کی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے۔
3 مارچ کو میکس نے اپنی صلاحیتوں کا بین الاقوامی سطح پر بھی مظاہرہ کیا اور 10 سال کی عمر میں پیرس فیشن ویک میں رن وے شو کے سب سے کم عمر ڈیزائنر بن گئے۔
مستقبل کے عزائم کے بارے میں میکس نے گنیز ورلڈ ریکارڈز کو بتایا کہ وہ ڈیزائنر، ریسٹورنٹ کے مالک، شیف، کار واش کے مالک اور انجینئر بننا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میں ایسا مرد بننا چاہتا ہوں جس کے 250 مختلف پیشے ہوں اور ہر پیشے کیلئے ایک الگ لباس ہو۔اس کی کہانی اس حقیقت کی روشن مثال ہے کہ عمر صلاحیت، خواب اور تخلیقی جذبے کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments