چنبیلی کا خوشبودار پھول
چنبیلی ایک نہایت خوب صورت اور خوشبودار پھول ہے۔ اس کی دلکش خوشبو ماحول کو معطر کر دیتی ہے، اسی لیے اسے دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے۔
چنبیلی کے پھول عموماً سفید رنگ کے ہوتے ہیں، تاہم اس کی بعض اقسام میں ہلکے پیلے رنگ کے پھول بھی دیکھنے کو ملتے ہیں۔ یہ پھول چھوٹے چھوٹے ستاروں جیسے دکھائی دیتے ہیں اور اپنی سادگی میں بے حد خوبصورت لگتے ہیں۔
چنبیلی کا پودا عموماً بیل یا جھاڑی کی شکل میں ہوتا ہے۔ اس کے سبز پتے گھنے اور خوبصورت ہوتے ہیں۔ گرم اور معتدل علاقوں میں یہ پودا اچھی طرح نشوؤنما پاتا ہے۔ چنبیلی کے پھول خاص طور پر شام اور رات کے وقت زیادہ خوشبو بکھیرتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ گرم موسم کی شام میں باغیچے میں چنبیلی کی مہک ایک خوشگوار احساس پیدا کرتی ہے۔
چنبیلی صرف خوبصورتی اور خوشبو ہی کیلئے مشہور نہیں بلکہ اس کے پھول مختلف کاموں میں بھی استعمال ہوتے ہیں۔ ان سے عطر اور خوشبودار تیل تیار کیے جاتے ہیں۔ بعض جگہوں پر چنبیلی کے پھول چائے اور دیگر مشروبات کو خوشبودار بنانے کیلئے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔ برصغیر میں لوگ چنبیلی کے پھولوں کے گجرے اور ہار بھی بناتے ہیں۔
چنبیلی ہمیں یہ خوبصورت سبق بھی دیتی ہے کہ سادگی میں بھی کشش ہوتی ہے۔ اس کے نازک سفید پھول اور دل موہ لینے والی خوشبو ہر عمر کے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ اگر آپ کے گھر میں جگہ ہو تو چنبیلی کا پودا ضرور لگائیں اور اس کی خوشبو سے اپنے اردگرد کے ماحول کو مہکا دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments