گنیز بک 2027ء میں شامل دنیا کے ہونہار بچے!
ننھی یوگا انسٹرکٹر:فینکس جیزیل ہکس
کبھی کبھی عمر کامیابی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتی، بلکہ کمسنی ہی دنیا کو حیران کر دینے والی صلاحیتوں کا آغاز بن جاتی ہے۔ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن سے تعلق رکھنے والی فینکس جیزیل ہکس بھی ایسی ہی غیر معمولی بچی ہے، جس نے محض پانچ برس کی عمر میں وہ مقام حاصل کیا جس تک پہنچنے کیلئے عموماً برسوں کی مشق اور تربیت درکار ہوتی ہے۔
فینکس نے 200 گھنٹے کی تربیت مکمل کرنے کے بعد 5 سال 337 دن کی عمر میں دنیا کی کم عمر ترین خاتون یوگا انسٹرکٹر کا اعزاز حاصل کیا۔
اس ننھی یوگا انسٹرکٹر کی کہانی اس لحاظ سے بھی دلچسپ ہے کہ اس کا یوگا سے تعلق محض اتفاق نہیں بلکہ زندگی کے ابتدائی ایام ہی سے قائم ہوگیا تھا۔ وہ صرف تین ماہ کی تھی جب اپنی والدہ سڈنی کے ساتھ پہلی مرتبہ یوگا کلاس میں شریک ہوئی۔ چار سال کی عمر تک وہ نسبتاً مشکل مشقیں بھی انجام دینے لگی اور بعد ازاں ماں بیٹی نے مل کر یوگا کی تربیت دینا شروع کر دی۔
فینکس جیزیل ہکس 20 جولائی 2019ء کو پیدا ہوئیں۔ وہ صرف تین ماہ کی تھیں جب اپنی والدہ سڈنی کے ساتھ پہلی مرتبہ یوگا کلاس میں شریک ہوئیں۔ چار سال کی عمر تک وہ یوگا کی نسبتاً مشکل مشقیں بھی آسانی سے کرنے لگی تھیں، جس کے بعد ماں بیٹی نے مل کر یوگا کی تربیت دینا شروع کر دی۔یہ ننھی یوگا ماہر امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں مختلف عمروں کے افراد کو یوگا کی کلاسز دیتی ہیں۔
فینکس نے ثابت کیا کہ بڑے خواب دیکھنے کیلئے بڑی عمر ضروری نہیں، عزم، محنت اور سیکھنے کا شوق انسان کو کم عمری میں بھی غیر معمولی مقام تک پہنچا سکتا ہے۔ آج وہ مختلف عمر کے افراد کو یوگا سکھاتی ہے اور بچوں کو ذہنی سکون، سانس کی مشق اور مثبت سوچ کی طرف راغب کرنے کے ساتھ ساتھ خود بھی رقص، پیانو، روبوٹکس اور سائنس جیسے شعبوں میں دلچسپی رکھتی ہے۔
فینکس کا کہنا ہے: ’’جب میں یوگا سکھاتی ہوں تو مجھے اس بات پر فخر اور اعزاز محسوس ہوتا ہے کہ لوگ مجھے اپنی رہنمائی کا موقع دیتے ہیں‘‘۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments