شاہینوں کی دھاک، ریکارڈز کی برسات
ون ڈے انٹرنیشنل ٹرائی سیریز2026ء:دوسرے مرحلے میں آج پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں مدمقابل ہوں گی:راولپنڈی میں گرین شرٹس نے دونوں حریفوں کو چاروں شانے چت کیا سری لنکا نے انگلینڈ کیخلاف تاریخ سازمیچ میں ون ڈے کرکٹ کے تمام پرانے پیمانے، حکمت عملیوں اور ریکارڈز کو تہہ و بالا کر کے رکھ دیا
کرکٹ کے میدان میں تین ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہمیشہ شائقین کیلئے غیر معمولی دلچسپی کا باعث بنتا ہے، جہاں ہر میچ میں برتری کی جنگ، بلے بازوں کی جارحانہ بیٹنگ اور گیند بازوں کی مہارت کھیل کو سنسنی خیز بنا دیتی ہے۔ پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کی ون ڈے ٹرائی سیریز بھی اسی نوعیت کے مقابلوں کی عکاس ہے، جس میں تینوں ٹیمیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار، حریفوں پر سبقت حاصل کرنے اور ٹرافی جیتنے کیلئے میدان میں اترتی ہیں۔ اس سیریز میں ریکارڈ ساز کارکردگیوں، چھکوں کی برسات، وکٹوں کی جھڑی اور آخری اوورز تک جاری رہنے والی کشمکش نے کرکٹ کے شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی ہے۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے مابین جاری سنسنی خیز اور تاریخ ساز سہ ملکی ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا مرحلہ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے میدان میں شائقینِ کرکٹ کیلئے یادگار ترین لمحے چھوڑتا ہوا اختتام پذیر ہو چکا ہے، جہاں پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں نے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے نہ صرف روایتی کرکٹ کے انداز کو یکسر بدل ڈالا بلکہ کھیل کے ہر شعبے میں ایسے سنہری ابواب رقم کیے جو آنے والے برسوں تک کرکٹ کی تاریخ اور تجزیہ نگاروں کیلئے ایک مستقل حوالہ بنے رہیں گے۔
راولپنڈی کے اس ہائی وولٹیج مرحلے میں پاکستان نے ہوم گرائونڈ کی سازگار فضاء اور ہجوم کے پرجوش نعروں کی گونج میں اپنی دونوں ابتدائی بساط پر حریفوں کو چاروں شانے چت کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کے آغاز میں ہی اپنی برتری اور دھاک اس طرح بٹھا دی کہ گرین شرٹس کے کھیل کا معیار دیکھ کر عالمی میڈیا اور کرکٹ پنڈت دنگ رہ گئے۔
راولپنڈی کی اس پچ نے بیٹرز اور بولرز دونوں کو یکساں مواقع فراہم کیے لیکن اصل معجزہ سری لنکا اور انگلینڈ کے مابین کھیلے گئے اس تیسرے میچ میں رونما ہوا جس نے ون ڈے کرکٹ کے تمام پرانے پیمانے، حکمت عملیوں اور ریکارڈز کو تہہ و بالا کر کے دنیا کو ششدر کر دیا۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے اس سہ ملکی میگا ایونٹ کے دوران راولپنڈی کے پہلے مرحلے کی تمام تر یادوں، فتوحات اور تاریخی سنگ میلوں کے پس منظر میں اب اس ہائی پروفائل ٹورنامنٹ کا کارواں لاہور کے تاریخی قذافی سٹیڈیم کی طرف بڑھ چکا ہے۔ دوسرے مرحلے کا آج سے آغاز ہو رہا ہے، میزبان پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایک بار پھر لاہور کے فلڈ لائٹس میں چمکتے ہوئے میدان میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گی۔
اس تاریخی سیریز کے پہلے مرحلے میں اگر مجموعی ٹیموں کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو تینوں فریقین نے اپنی طاقت اور کمزوریوں کے ایسے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں جنہیں ہر زاوئیے سے جانچنا اور سمجھنا انتہائی ضروری ہے، تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کونسی ٹیم کس میدان میں سب سے آگے رہی اور کس کو اپنی خامیوں پر قابو پانے کیلئے مزید کتنی محنت درکار ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم کے پہلے مرحلے میں جس پھرتی، عزم اور جوش و خروش کا مظاہرہ کیا، اس نے ہوم سیریز میں گرین شرٹس کی مکمل بالادستی اور دھاک بٹھا دی۔ پاکستان نے اپنے افتتاحی میچز میں پہلے سری لنکا کو اور پھر انگلینڈ کے خلاف انتہائی نپی تلی اور جاندار حکمت عملی کے تحت میدان مارا، جہاں ٹیم کے مڈل آرڈر بیٹر سلمان علی آغا کی شاندار سنچری اور نوجوان مسقبل کے ستارے عرفات منہاس کی تباہ کن بولنگ نے گرین شرٹس کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ پاکستان کی بیٹنگ لائن میں بابر اعظم اور صائم ایوب کے ساتھ ساتھ نچلے درجے پر فہیم اشرف اور شاہین آفریدی کی مستعدی نے ٹیم کو ہر مشکل صورتحال سے نکالا، جبکہ بولنگ اٹیک میں حارث رئوف اور نسیم شاہ کی تیز رفتار گیند بازی اور عرفات منہاس کی اسپن چالوں نے مخالف بیٹرز کیلئے کریز پر ٹھہرنا ناممکن بنا دیا۔ جس کی بدولت پاکستان نے نہ صرف پوائنٹس ٹیبل پر اپنی پوزیشن مستحکم کی بلکہ ہوم کنڈیشنز میں مخالفین کیلئے خوف کی علامت بھی بن گئے۔
انگلینڈ کی ٹیم نے راولپنڈی کے میدان میں اگرچہ ابتدائی طور پر کچھ چیلنجز کا سامنا کیا اور پاکستان کے خلاف میچ میں انہیں شکست کا منہ دیکھنا پڑا، لیکن اس کے باوجود انگلش ٹیم نے اپنی جارحانہ ’بیز بال‘ طرزِ کرکٹ اور بلند حوصلے سے دنیا بھر کے شائقین کو یہ باور کرایا کہ وہ کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انگلینڈ کے مایہ ناز بیٹر ہیری بروک نے سری لنکا کے خلاف میچ میں ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا تیز ترین ڈبل سنچری سکور بنا کر عالمی سطح پر ایک ایسا ریکارڈ قائم کیا جس نے عقل دنگ کر دی، کیونکہ محض 116 گیندوں پر 202 رنز کی اس طوفانی اننگز میں 21 چوکے اور 10 چھکے لگا کر بروک نے دنیائے کرکٹ میں ہلچل مچا دی۔ اس کے علاوہ تجربہ کار جو روٹ کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں 8ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنا اور ٹام بینٹن اور بین ڈکٹ کی جارحانہ بلے بازی نے انگلش بیٹنگ کی گہرائی کو ثابت کیا، اگرچہ ان کی بولنگ لائن راولپنڈی کی فلیٹ پچز پر مہنگی ثابت ہوئی اور سونی بیکر اور عادل رشید کو حریف بیٹرز کے دبائو کا سامنا کرنا پڑا، لیکن بحیثیت مجموعی انگلینڈ کی ٹیم نے سیریز میں انتہائی پرجوش اور نڈر اپروچ کا مظاہرہ کیا۔
سری لنکن ٹیم کی اس سہ ملکی سیریز کے پہلے مرحلے میں کارکردگی تمام تجزیہ کاروں کیلئے سب سے زیادہ حیران کن اور شاندار رہی، کیونکہ لنکن شیروں نے راولپنڈی کے سٹیڈیم میں انگلینڈ کے خلاف 430 رنز کے دیوہیکل اور پہاڑ جیسے ہدف کا تعاقب کر کے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا کامیاب تعاقب مکمل کیا اور ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ سری لنکا کی اس تاریخی فتح میں پاون رتھنائیکے کی ذمہ دارانہ 130 رنز کی اننگز، اوینشکا فرنینڈو اور دشن شانکا کی 97، 97 رنز کی شاندار باریوں نے ٹیم کو سہارا دیا، جبکہ جانیت لیجانے نے محض 27 گیندوں پر ناقابل شکست 61 رنز کی ایسی طوفانی اور دھواں دھار اننگز کھیلی جس نے آخری اوورز میں میچ کا پانسہ پلٹ کر رکھ دیا۔ سری لنکن ٹیم کی فیلڈنگ اور بولنگ میں اگرچہ ابتدائی میچز میں کچھ کمزوریوں کے آثار نظر آئے تھے اور اسیتھا فرنانڈو اور دلشان مدوشنکا کو پاکستان کے خلاف دبا جھیلنا پڑا تھا، لیکن انگلینڈ کے خلاف میچ میں ان کے بیٹرز نے ناممکن کو ممکن بنا کر یہ ثابت کر دیا کہ سری لنکن ٹیم کسی بھی بڑے حریف کو ٹف ٹائم دینے اور اچھے اچھے ریکارڈز بدلنے کا ہنر جانتی ہے۔
راولپنڈی کے ان تینوں یادگار اور ریکارڈ ساز میچز کے بعد اب یہ سہ ملکی ٹورنامنٹ لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں داخل ہو چکا ہے، جہاں آج پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گی۔ لاہور کی روایتی اور تاریخی پچز پر جہاں ایک طرف پاکستان اپنی ہوم کنڈیشنز کی برتری کو برقرار رکھتے ہوئے سیریز میں اپنی فتح کے سلسلے کو آگے بڑھانے کی کوشش کرے گا، وہیں دوسری طرف انگلینڈ کی ٹیم راولپنڈی کی تلخ یادوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک نئی حکمت عملی اور بدلے ہوئے عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی تاکہ سیریز میں اپنی پوزیشن کو بحال کیا جا سکے۔ شائقین کرکٹ اس وقت بڑی بے صبری سے قذافی سٹیڈیم کے اس ہائی وولٹیج مقابلے کے منتظر ہیں، کیونکہ راولپنڈی میں بننے والے ان گنت ریکارڈز اور سنسنی خیز مقابلوں کے بعد اب لاہور کا یہ دنگل اس بات کا فیصلہ کرے گا کہ اس سہ ملکی ون ڈے سیریز کے اگلے مرحلے میں کون سی ٹیم حریفوں پر اپنی نفسیاتی اور میدانی برتری قائم رکھنے میں کامیاب ہوتی ہے۔
ٹرائی سیریز کے ریکارڈز
پارٹنرشپ
ون ڈے انٹرنیشنل ٹرائی سیریز 2026ء میں سب سے بڑی پارٹنر شپ انگلینڈ کے بلے بازوں جیکس اور بروک نے قائم کی۔ 22 اکتوبر کو راولپنڈی میں کھیلے گئے میچ میں دونوں انگلش بلے بازوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں سری لنکا کے خلاف 185رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔ ٹورنامنٹ کی دوسری بڑی پارٹنر شپ اسی میچ میں سری لنکن بلے بازوں رتھنائیکے اور فرنینڈونے 166رنز کی قائم کی۔
6شکار
سہ ملکی ون ڈے سیریز میں پاکستان کے نوجوان آل راؤنڈر عرفات منہاس ایک میچ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے واحد بائولر ہیں۔ انہوں نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے خلاف یہ کارنامہ انجام دیا،انہوں نے 8.4 اوورز میں 40 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس سے قبل انہوں نے بیٹنگ کرتے ہوئے 58 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ ان کی آل راؤنڈ کارکردگی پر انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
سب سے زیادہ چھکے
سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز انگلینڈ کے بلے باز بروک کو حاصل ہے۔ وہ ٹورنامنٹ میں اب تک سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کھلاڑی ہونے کے ساتھ ایک میچ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بلے باز ہیں۔ بروک سری لنکا کے خلاف 10 چھکے لگائے ہیں۔ 8چھکوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر سری لنکا کے شناکا ہیں جبکہ حسن نواز 6 چھکوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔
بڑے مارجن سے فتح
رنز کے اعتبار سے بڑے مارجن سے فتح پانے والی ٹیم کا اعزاز پاکستان کو حاصل ہے۔ جس نے 20اکتوبر کو انگلینڈ کو 87رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی جبکہ اس سے قبل پاکستان نے 18اکتوبر کو سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔
سب سے زیادہ مجموعی رنز
اس سیریز کا اب تک کا سب سے بڑا میچ 22اکتوبر کو انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا گیا۔ اس میچ میں مجموعی طور پر 859 رنز بنے۔ دوسرا بڑا مجموعہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے میچ میں 573 رنز کا تھا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments