خدمتِ خلق، رضائے الٰہی کے حصول کا ذریعہ
دوسروں کے دکھ درد بانٹنے کا جذبہ معاشرے میں محبت، ہمدردی اور باہمی تعاون کو فروغ دیتا ہے
کسی بھوکے کو کھانا کھلانا، کسی پیاسے کو پانی پلانا، کسی پریشان حال کی مشکل آسان کرنا، کسی بے سہارا کو سہارا دینا اور کسی محروم بچے کیلئے تعلیم کا راستہ کھولنا بظاہر عام انسانی کام دکھائی دیتے ہیں، لیکن اسلام کی نگاہ میں یہ اعمال اللہ تعالیٰ کی رضا حاصل کرنے کے عظیم ذرائع ہیں۔زندگی میں بعض نیکیاں ایسی ہوتی ہیں جن کا فائدہ صرف کرنے والے تک محدود رہتا ہے جبکہ کچھ نیکیاں ایسی ہوتی ہیں جن سے دوسروں کی زندگی بدل جاتی ہے، خدمتِ خلق انہی نیکیوں میں سے ایک ہے۔
اسلام نے انسان کو صرف اپنی ذات کی اصلاح اور عبادت تک محدود نہیں رکھابلکہ اسے اپنے اردگرد بسنے والے انسانوں کے دکھ درد کا احساس کرنے اور ان کی ضروریات پوری کرنے کی ترغیب بھی دی ہے یہی وجہ ہے کہ اسلام میں کسی کی بھوک مٹانا بیماری میں عیادت کرنا، ضرورت کے وقت مالی مدد کرنا، علم و ہنر سکھانا اور پریشان حال انسان کی دل جوئی کرنا محض سماجی بھلائی نہیں بلکہ رضائے الٰہی کے حصول کا ذریعہ ہے۔ خدمت خلق کا یہ جذبہ انسان کے دل میں رحم، ہمدردی اور خیر خواہی پیدا کرتا ہے اور معاشرے میں محبت، اعتماد اور باہمی تعاون کو فروغ دیتا ہے۔
اسی جذبۂ خیرخواہی کو نبی کریم ﷺ نے اپنی تعلیمات میں غیر معمولی اہمیت دی ہے چنانچہ ایک حدیث قدسی میں اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اپنے بندے سے فرمائے گا کہ میرا فلاں بندہ بیمار تھا، تم نے اس کی عیادت نہیں کی، اس نے تم سے کھانا مانگا، تم نے اسے کھانا نہیں کھلایا اور اس نے پانی مانگا، تم نے اسے پانی نہیں پلایا۔ (صحیح مسلم: 2569)
اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مخلوق کے ساتھ حسن سلوک اور ضرورت مندوں کی مدد اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کا کتنا عظیم ذریعہ ہے اسی تعلیم کو سامنے رکھتے ہوئے خدمتِ خلق کو محض وقتی امداد نہیں بلکہ ایک مستقل دینی و معاشرتی ذمہ داری کے طور پر سمجھنے کی ضرورت ہے۔
خدمت خلق کا تقاضا صرف یہ نہیں کہ کسی ایک موقع پر کسی ضرورت مند کی مدد کر دی جائے بلکہ اصل ضرورت یہ ہے کہ معاشرے کے مختلف مسائل کو سمجھتے ہوئے ایسے مستقل ذرائع پیدا کیے جائیں جن سے لوگوں کی زندگیوں میں آسانی آئے۔ کہیں بھوک کا مسئلہ ہے تو وہاں خوراک پہنچانے کی ضرورت ہے، کہیں صاف پانی میسر نہیں تو وہاں پانی کا انتظام ضروری ہے، کہیں تعلیم کی سہولت نہیں تو وہاں تعلیمی ادارے قائم کرنے کی ضرورت ہے، اور کہیں کوئی خاندان قدرتی آفت کے باعث بے گھر ہو گیا ہے تو اس کی بحالی کا انتظام کرنا وقت کی اہم ضرورت بن جاتا ہے۔ خدمت خلق کا حقیقی تصور یہی ہے کہ انسان اپنی صلاحیت، وسائل اور استطاعت کے مطابق دوسروں کی زندگیوں میں بہتری لانے کی کوشش کرے۔
خدمت خلق کا سفر کسی ایک ادارے، تنظیم یا طبقے کی ذمہ داری نہیں، بلکہ یہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے معاشرے میں کوئی شخص مالی وسائل کے ذریعے کسی کی مدد کر سکتا ہے، کوئی اپنے علم و ہنر سے کسی کی زندگی سنوار سکتا ہے، کوئی اپنے وقت اور صلاحیتوں سے کسی ضرورت مند کا سہارا بن سکتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم دوسروں کے مسائل کو صرف دیکھنے کے بجائے انہیں حل کرنے کی فکر بھی اپنے اندر پیدا کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنی مخلوق کیلئے نفع بخش بنائے، دوسروں کے دکھ درد کو محسوس کرنے والا دل عطا فرمائے اور ہماری کوششوں کو اپنی رضا کا ذریعہ بنائے۔ آمین!
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments