زبان کی حفاظت نجات کا ذریعہ
جو اللہ اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہے، اسے چاہیے کہ اچھی بات کہے یا خاموش رہے(صحیح بخاری) رسول اللہ ﷺنے زبان اور شرم گاہ کی حفاظت کرنے والے شخص کیلئے جنت کی ضمانت بیان فرمائی ہے
انسان کی بہت سی تباہیوں کا آغاز اس کی زبان سے ہوتا ہے۔ ایک لفظ کسی کے دل کو زخمی کر سکتا ہے، ایک جملہ برسوں کے تعلقات خراب کر سکتا ہے اور ایک بے احتیاط تبصرہ کسی کی عزت و آبرو کو مجروح کر سکتا ہے۔ افسوس کہ ہم دوسروں کے عیوب بیان کرنے اور ان کے معاملات پر تبصرے کرنے میں تو بہت آگے ہیں، لیکن اپنی اصلاح کی فکر نہیں کرتے۔ حالانکہ مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ اپنی زبان کو قابو میں رکھے، ہر سنی ہوئی بات آگے نہ پھیلائے اور ہر معاملے میں تبصرہ کرنے سے بچے۔ اسے یاد رکھنا چاہیے کہ زبان سے نکلا ہوا ہر لفظ نامہ اعمال میں محفوظ ہو رہا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتے ہیں:وہ منہ سے کوئی بات نہیں نکالتا مگر اس کے پاس ایک ہوشیار محافظ ہوتا ہے(سورہ ق: 18)۔ لہٰذا ہمیں دوسروں کی اصلاح سے پہلے اپنی زبان کی اصلاح کی فکر کرنی چاہیے۔
رسول اللہﷺ نے ارشاد فرمایا:جو شخص اللہ اور قیامت کے دن پر ایمان رکھتا ہے، اسے چاہیے کہ اچھی بات کہے یا خاموش رہے(صحیح بخاری: 6018)۔اس حدیث مبارک کا تقاضا یہ ہے کہ مسلمان کی زبان سے خیر کی بات نکلنی چاہیے۔ اگر کوئی بات فائدہ مند ہے، کسی کی اصلاح کا ذریعہ ہے یا کسی جائز ضرورت کو پورا کرتی ہے تو ضرور کہنی چاہیے، لیکن اگر گفتگو کا کوئی فائدہ نہیں، اس سے کسی کی دل آزاری ہوتی ہے یا کسی کی عزت متاثر ہوتی ہے تو خاموش رہنا بہتر ہے۔
آج ہمارے معاشرے میں ایک بڑی خرابی یہ پیدا ہو چکی ہے کہ ہم دوسروں کے معاملات میں غیر ضروری دلچسپی لیتے ہیں۔ کون کیا کر رہا ہے؟ کس نے کیا کہا؟ کس کے گھر میں کیا معاملہ پیش آیا؟ ہماری محفلوں میں اکثر یہی موضوعات زیر بحث رہتے ہیں۔ ہم گھنٹوں دوسروں کے حالات پر تبصرے کرتے ہیں، لیکن اپنی اصلاح کیلئے چند منٹ بھی نہیں نکالتے۔ ایک مسلمان کی شان یہ نہیں کہ وہ دوسروں کے عیوب تلاش کرتا پھرے، بلکہ اسے اپنی اصلاح کی فکر ہونی چاہیے۔
غیبت سے اجتناب کریں
اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں غیبت سے منع کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: اور تم میں سے کوئی کسی کی غیبت نہ کرے۔ کیا تم میں سے کوئی اس بات کو پسند کرے گا کہ اپنے مردہ بھائی کا گوشت کھائے؟ تم اس سے نفرت کرتے ہو(سورۃ الحجرات: 12)۔غیبت یہ ہے کہ کسی مسلمان کی غیر موجودگی میں اس کی ایسی بات بیان کی جائے جو اسے ناگوار گزرے، خواہ وہ بات اس میں موجود ہی کیوں نہ ہو۔ اگر وہ بات اس میں موجود نہیں تو وہ بہتان ہے۔ہمیں سوچنا چاہیے کہ آخر ہم دوسروں کے عیوب بیان کرنے میں اتنی دلچسپی کیوں لیتے ہیں؟ کیا ہمارے اپنے اندر کوئی خامی نہیں؟ حقیقت یہ ہے کہ دوسروں کی کمزوریاں بیان کرنا آسان ہے، لیکن اپنی کمزوریوں کو تسلیم کرنا مشکل ہے۔
والدین، اساتذہ اور اکابر کا احترام
دوسروں کی ذات پر تبصرے کرتے کرتے بعض اوقات انسان اس حد تک آگے بڑھ جاتا ہے کہ اپنے والدین ، اساتذہ اور اکابر کا احترام بھی بھول جاتا ہے۔ مشائخ اور علماء کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے بھی زبان بے احتیاط ہو جاتی ہے۔ اکابر کے بارے میں بھی گفتگو کرتے ہوئے ادب و احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ اسی طرح علماء ، فقہاء ، مفسرین، محدثین اور مجتہدین کی علمی خدمات کا احترام کرنا چاہیے۔ کسی علمی مسئلے میں اختلاف یا تحقیق کی گنجائش اپنی جگہ، لیکن اختلاف کو ذاتی تنقید اور کردار کشی کا ذریعہ بنانا انتہائی نامناسب عمل ہے۔
صحابہ کرام اور اہل بیت کا ادب
زبان کی حفاظت کا معاملہ جب صحابہ کرام ؓ، اہلِ بیت اطہار رضی اللہ عنہم اور ازواجِ مطہرات رضی اللہ عنہن تک پہنچتا ہے تو اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔ یہ وہ مقدس ہستیاں ہیں جن کا مقام قرآن و سنت سے ثابت ہے اور جنہوں نے دین اسلام کی خدمت میں عظیم قربانیاں پیش کیں۔اللہ تعالیٰ نے بعد میں آنے والے اہل ایمان کی ایک صفت بیان کرتے ہوئے فرمایا: ’’اور جو لوگ ان کے بعد آئے، وہ کہتے ہیں: اے ہمارے رب! ہماری مغفرت فرما اور ہمارے ان بھائیوں کی بھی جو ایمان میں ہم سے پہلے گزر چکے ہیں، اور ہمارے دلوں میں ایمان والوں کیلئے کوئی کینہ نہ رکھ۔ اے ہمارے رب! بیشک تو نہایت شفقت کرنے والا، بہت رحم فرمانے والا ہے‘‘ (سورۃ الحشر: 10)۔اس آیت مبارکہ کا تقاضہ یہ ہے کہ اہل ایمان کا طریقہ اپنے سے پہلے گزرنے والے اہل ایمان کیلئے دعائے مغفرت کرنا اور دل کو کینے سے پاک رکھنا ہے۔ صحابہ کرام ؓ اور اہل بیت کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اس قرآنی تعلیم کو ہمیشہ سامنے رکھنا چاہیے۔
اسی طرح انبیائے کرام علیہم السلام اور بالخصوص خاتم النبیین حضرت محمد ﷺ کی ذات اقدس کے بارے میں ادب و احترام ہر مسلمان کے ایمان کا تقاضا ہے۔ آپ ﷺاللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور تمام انبیاء کے امام ہیں۔ آپﷺ کی شان میں بے ادبی یا توہین آمیز گفتگو انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ مسلمان کو اپنی زبان کے استعمال میں اس قدر محتاط ہونا چاہیے کہ کوئی ایسا لفظ اس کی زبان سے نہ نکلے جو دینی حدود سے تجاوز کا سبب بنے۔
زبان کی حفاظت کیسے کریں؟
رسول اللہ ﷺنے زبان اور شرم گاہ کی حفاظت کرنے والے شخص کیلئے جنت کی ضمانت بیان فرمائی ہے۔ آپﷺنے ارشاد فرمایا: ’’جو شخص مجھے اپنے دونوں جبڑوں کے درمیان والی چیز (زبان) اور اپنی دونوں ٹانگوں کے درمیان والی چیز (شرم گاہ) کی ضمانت دے دے، میں اسے جنت کی ضمانت دیتا ہوں‘‘(صحیح بخاری: 6474)۔اس حدیث مبارک کا تقاضہ یہ ہے کہ بات کرنے سے پہلے سوچیں کہ ہماری گفتگو کا مقصد کیا ہے؟ اگر کسی کے بارے میں بات کرنا ضروری نہیں تو خاموشی اختیار کریں۔ اگر کسی کی اصلاح مقصود ہے تو تنہائی میں مناسب انداز سے سمجھائیں۔ اگر کسی معاملے کی حقیقت معلوم نہیں تو اس پر تبصرہ نہ کریں اور سنی سنائی باتوں کو آگے پھیلانے سے بچیں۔
یاد رکھیے! زبان کی حفاظت صرف خاموش رہنے کا نام نہیں، بلکہ درست وقت پر درست بات کہنے اور غلط وقت پر خاموش رہنے کا نام ہے۔ اس لیے بولنے سے پہلے ضرور سوچیں کہ ہماری زبان سے نکلنے والا لفظ خیر کا ذریعہ بنے گا یا کسی کیلئے تکلیف اور ہمارے لیے وبالِ جان۔ اپنی زبان کو قابو میں رکھیں، کیونکہ زبان کی حفاظت درحقیقت اپنے ایمان، کردار اور آخرت کی حفاظت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments