وزراء کے اختلافی بیانات اور وزیراعظم کا نوٹس

تحریر : سلمان غنی


نئے صوبوں کی تشکیل کے عمل پر حکومتی ذمہ داران اور اتحادیوں کے اختلافی بیانات اس حوالہ سے یکسوئی اور سنجیدگی کی بجائے ایک نئی صورتحال کی عکاسی کر رہے ہیں ۔

اس صورتحال میں وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے کابینہ اراکین کے اختلافی بیانات کا نوٹس لینا ظاہر کرتا ہے کہ حکومت نئے صوبوں کی تشکیل پر کسی قسم کے انتشار یا کنفیوژن کا تاثر نہیں دینا چاہتی۔ بظاہر یہ اقدام بروقت اپنے اتحادیوں اور حکومتی شخصیات کے درمیان اختلافات کو مزید بڑھنے سے روکنے کیلئے ایک ہنگامی بریک ہے۔ یہ  ایک اہم اور حساس مسئلہ ہے اور اس پر سوچ و بچار  جاری ہے۔ مختلف جماعتوں کا اس پر اپنا مؤقف ہے، اور ان کے تحفظات بھی ہیں اور ان تحفظات کو دور کرنے کی بنیادی ذمہ داری حکومت کی ہے۔ سیاسی تاریخ پر نظر دوڑائی جائے تو مخلوط حکومت کے علاوہ یک جماعتی حکومتوں میں بھی بعض اہم معاملات پر وزراء اور پارٹی رہنمائوں کی آراء مختلف ہوسکتی ہیں اور باہمی غورو خوض کے بعد جب حکومتی سطح پر کوئی پالیسی طے کر لی جاتی ہے تو سب کو اس کی تائید کرنا پڑتی ہے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثنا اللہ کے درمیان اختلافات کو بھی نئے صوبوں کی تشکیل کے معاملہ تک محدود نہیں کیا جا سکتا ،ان کے درمیان نوک جھونک کا عمل جاری رہا ہے۔ رانا ثنا اللہ خود ماضی میں وزیر داخلہ رہ چکے ہیں اور اب وزیراعظم کے سیاسی مشیر کے طور پر سیاسی معاملات میں متحرک ہیں جبکہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی حکومتی اور مقتدر حلقوں میں اہم حیثیت سیاسی منظر نامے کا اہم پہلو ہے اور تاثر  یہ ہے کہ وہ حکومت اور مقتدرہ کے درمیان ایک پل کی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ رانا ثنا اللہ اس جماعت کے سیاسی مفادات کے دفاع کیلئے میڈیا کے محاذ پر سرگرم نظر آتے ہیں۔ہر دو شخصیات کے درمیان تنائو وزیراعظم شہبازشریف کی حکومت کیلئے اچھا نہیں سمجھا جاتا، یہی وجہ ہے کہ جب دونوں حضرات الجھتے نظر آئے تو وزیراعظم کو اس کا نوٹس لینا پڑا۔

رانا ثنا اللہ نے اس امر کی تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم شہبازشریف نے انہیں محسن نقوی کے حوالہ سے بات کرنے سے روکا ہے۔اس سے وزیر داخلہ محسن نقوی کی حکومت میں اہمیت کا پتہ چلتا ہے۔ ویسے تو رانا ثنا اللہ کی باتوں سے بھی یہی ظاہر ہو تا ہے کہ مسلم لیگ (ن) صوبوں کے معاملے میں اس نکتے کی قائل ہے جس کے مطابق فیصلہ ساز ملک میں نئے صوبوں کی پیش رفت چاہتے ہیں، لہٰذا ہر آنے والے دن میں نئے صوبوں کے حوالہ سے پیدا شدہ کنفیوژن میں کمی ہوتی نظر آ ئے گی۔ مسلم لیگ( ن) کی اتحادی پیپلزپارٹی کی جانب سے بھی ایسے سگنل دئیے جا رہے ہیں کہ وہ اس عمل میں رکاوٹ بننا نہیں چاہتی۔ البتہ وہ اس عمل کو آئینی طریقہ کار کے مطابق سرانجام دینے پر مُصر ہے۔ لہٰذا اب اس ضرورت کا احساس ہو رہا ہے کہ پہلے حکومت اور اتحادیوں کے درمیان یکسوئی اور سنجیدگی ضروری ہے اور وزرا کو ایسے بیانات دینے سے گریز کرنا ہوگا جس سے حکومت میں اختلافات کا تاثر نمایاں ہو۔ وزیراعظم شہبازشریف اس حوالہ سے شروع میں ہی وزرا کو پابند کرتے تو زیادہ بہتر ہوتا کیونکہ نئے صوبوں کا معاملہ بہت سوچ و بچار اور تحمل کا متقاضی ہے۔ نئے صوبوں کی تشکیل کا عمل کسی کے روکنے سے نہیں رکے گا۔

دوسری جانب بڑھتی مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی کو مشکل بنا رکھا ہے اور اب اسے روٹی دال کے لالے پڑے ہیں۔ گندم اور آٹے کی قیمتوں میں اضافہ کے اثرات روٹی کی قیمت پر بھی پڑ رہے ہیں جس کا وزیراعلیٰ مریم نواز نے نوٹس لیا ہے اور آٹا کی قیمتوں میں کمی لانے اور عوام کیلئے ریلیف فراہم کرنے کیلئے گندم کی سپلائی دوگنا کرنے اور مہنگے داموں آٹا فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایات دی ہے کہ گراں فروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور مافیا کو پکڑا جائے اور کوئی رو رعایت نہ برتی جائے۔ مختلف شہروں میں20 کلوآٹا کی قیمتیں 3500 روپے تک پہنچ چکی ہے جو عوام کے لیے تشویشناک ہے۔ گندم جیسی بنیادی ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ عوام میں براہ راست ردعمل کا باعث بنتا ہے اور اس سے حکومت کیلئے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ بنیادی سوال یہ ہے کہ جب گندم کی درآمد جاری ہے  اور مزید آٹھ لاکھ ٹن گندم منگوانے کی تیاری ہو رہی ہے تو پھر قیمتوں کا بحران کیوں ہے اور کون لوگ ہیں جو آٹے اور گندم کی قیمتوں کا بحران  طاری کرکے حکومت کو پریشان کئے ہوئے ہیں۔ اس کا کھوج لگانا فوڈ ڈیپارٹمنٹ کا کام ہے۔ آٹا عوام کی پہنچ میں کیونکر نہیں اور روٹی کی سرکاری قیمت کی خلاف ورزی کا سلسلہ کیونکر عام ہے؟ حقائق کا جائزہ لیا جائے تو مقامی حکومت کی خریداری اور نگرانی کی ناکامی ذخیرہ اندوزی کا باعث بنتی ہے اور بنیاد عالمی مارکیٹ کو بنایا جاتا ہے۔

کبھی کھاد کی قیمتوں میں اضافہ کی بات ہوتی ہے تو کبھی حکومت کی جانب سے گندم کی فراہمی  کو ایشوز بنایا جاتا ہے۔ آٹا عام آدمی کی بنیادی ضرورت ہے، اس کی قیمت میں اضافہ براہ راست غریب اور متوسط طبقہ کے گھریلو بجٹ کو متاثر کرتا ہے، لہٰذا حکومت یہ کہہ کر بری  الذمہ نہیں ہو سکتی کہ قیمتیں طلب اور رسد کے باعث بڑھ رہی ہیں۔ طلب و رسد کا توازن برقرار رکھنا کسان کو تحفظ دینا اور عوام کو بنیادی خوراک مناسب قیمت پر فراہم کرنا ہی اچھی حکمرانی ہے، لہٰذا اس رجحان کے سدباب کیلئے حکومتی احکامات پر مؤثر حکمت عملی بہت ضروری ہے اور جو لوگ گندم کی فراہمی کے باوجود آٹا گراں قیمتوں پر فروخت کا باعث بن رہے ہیں ان کی پکڑ ضرور ہونی چاہئے۔ حکومت کو یہ نہیں بھولنا چاہئے کہ مہنگائی زدہ عوام کا انحصار صرف روٹی دال پر ہے اور اگر روٹی دال کی فراہمی بھی مشکل ہو جائے تو یہ اچھے حالات کی علامت نہیں ،اور ذمہ داری حکومت پر آتی ہے۔  مسلم لیگ (ن) کے سربراہ نوازشریف کہا کرتے تھے کہ ان کی والد محترم میاں محمد شریف کہتے تھے کہ کچن کی اشیا کی قیمتیں کنٹرول میں رہنی چاہئیں اور اگر حکومت انہیں ممکن بنا پاتی ہے تو پھر حکومتوں کیلئے کوئی خطرات نہیں ہوتے۔ ان کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ روٹی دال کی فراہمی کا عمل جاری رہنا چاہئے کیونکہ جب یہ مشکل بنتا ہے تو گھروں میں  سکون نہیں رہتا۔یاد رہے کہ لاہور میں سرکاری آٹے کے بعد فلور ملوں کے 15کلو گرام تھیلے کی قیمت میں بھی اضافہ کا سلسلہ جاری ہے اور اس کی قیمت میں ڈیڑھ سو روپے تک اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد تھیلے کی قیمت 2350سے بڑھ کر 2500روپے ہو گئی ہے۔ اس سے قبل دس کلو گرام سرکاری آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بھی 175روپے اضافہ ہو چکا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

نئے صوبوں کیلئے صف بندی

پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے نے نئی صف بندی اور ممکنہ طور پر نئے تنازعات کے دروازے کھول دیے ہیں۔

جمہوری ری سیٹ اورپارلیمانی بالا دستی

نئے صوبوں پر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم تو ایک دوسرے پر کمان تانے ہوئے ہی تھیں کہ محسن نقوی اور رانا ثنا للہ بھی آمنے سامنے آگئے۔فی الحال تو وزیراعظم شہباز شریف نے مداخلت کی ہے اور سب کو ملک کی بہتری پر توجہ دینے کا کہا ہے، اللہ کرے ایسا ہوجائے۔

اختیارات کی کشمکش، انتظامی معاملات میں غیر یقینی

پشاور میں پی ایس ایل کا افتتاح خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے اہم پیش رفت تو قرار دیا جا سکتاہے لیکن ساتھ ہی اس کی ناکامی کا خطرہ بھی موجود ہے۔

ڈیجیٹل انقلاب، سرمایہ کاری اور عوامی حقوق

بلوچستان پاکستان کا وہ وسیع و عریض صوبہ ہے جو قدرتی وسائل، جغرافیائی اہمیت، ساحلی پٹی اور معاشی امکانات کے اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے لیکن اس کے باوجود یہاں کے عوام طویل عرصے سے تعلیمی پسماندگی، بے روزگاری، بنیادی سہولیات کی کمی اور معاشی محرومیوں جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

سیاسی ملاقاتیں اور ان کے نتائج۔۔۔؟

مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نواز شریف، وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورۂ مظفرآباد نے اپنے اثرات دکھانے شروع کر دئے ہیں۔اس دورہ کا پہلا نتیجہ وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر اعظم پاکستان کی ملاقات سے سامنے آیا۔

انٹرویو کا سامنا اعتماد کے ساتھ کریں

موجودہ دور میں تعلیم، روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع زیادہ ہیں اورخواتین زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔