سیاسی ملاقاتیں اور ان کے نتائج۔۔۔؟
مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نواز شریف، وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورۂ مظفرآباد نے اپنے اثرات دکھانے شروع کر دئے ہیں۔اس دورہ کا پہلا نتیجہ وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر اعظم پاکستان کی ملاقات سے سامنے آیا۔
سوموار کو اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے ملاقات کی جس میں آزاد کشمیر کی مجموعی ترقیاتی صورتحال، عوامی فلاح و بہبود اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آزاد جموں و کشمیر کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے آزاد کشمیر کے حالیہ دورے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں آزاد کشمیر میں حال ہی میں اعلان کردہ 100 روزہ ترقیاتی پروگرام پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم فتخار گیلانی نے آزاد کشمیر کے ترقیاتی پروگرام کے لیے وزیراعظم پاکستان کی جانب سے فراہم کیے جانے والے تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام اور وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کے بعد وزیر اعظم افتخار گیلانی نے (ن)لیگ آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کے ساتھ بھی ملاقات کی اور سو روزہ منصوبہ اور آزاد کشمیر میں (ن)لیگ کے کارکنان کو متحد اور ان کی میرٹ کے مطابق ایڈجسٹمنٹ بھی زیر غور آئی۔ اسی سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے صدرنے کوٹلی کا دورہ کیا جہاں انہیں (ن) لیگ کے کارکنان اور مسلم لیگ (ن) کے نوجوان ارکان قانون ساز اسمبلی و وزرا نے فقید المثال استقبال کیا۔
وزیراعظم آزاد کشمیر افتخار علی گیلانی کی مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر سے ملاقات، وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے رابطے اور پونچھ کے عمائدین کی اسلام آباد میں مشاورتی کانفرنس کو دیکھا جائے تو یہ تینوں واقعات بظاہر الگ الگ دکھائی دیتے ہیں مگر ان کے پس منظر میں ایک ہی سیاسی حقیقت موجود ہے کہ آزاد کشمیر کو اس وقت محض اقتدار کی سیاست نہیں بلکہ اعتماد، مکالمے اور عملی کارکردگی کی ضرورت ہے۔یہاں اصل سوال کسی ایک ملاقات یا مصافحے کا نہیں بلکہ اس سیاسی پیغام کا ہے جو (ن) لیگ کی قیادت عوام تک پہنچانا چاہتی ہے۔ کیا پارٹی کے اندر اختلافات کو مشاورت کے ذریعے ختم کیا جا رہا ہے؟ اگر یہ رابطے محض رسمی رہیں تو اختلافات دوبارہ سر اٹھا سکتے ہیں لیکن اگر انہیں ادارہ جاتی مشاورت میں تبدیل کیا جائے تو حکومت کی سیاسی بنیاد مضبوط ہو سکتی ہے۔آزاد کشمیر کے عوام کو ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات سے زیادہ ان کی تکمیل، روزگار کے مواقع، صحت کی بہتر سہولیات، تعلیمی معیار، سڑکوں کی تعمیر اور مہنگائی سے ریلیف درکار ہے۔ اگر سو روزہ منصوبہ کے اہداف واضح، قابل پیمائش اور عوام کے سامنے رکھے جائیں تو حکومت اپنی کارکردگی کا حقیقی امتحان دے سکتی ہے۔
سوموار کو پونچھ کے عمائدین کی اسلام آباد میں ہونے والی مشاورتی کانفرنس نے آزاد کشمیر کی سیاست کے ایک اور حساس پہلو کو سامنے لایا۔ جموں و کشمیر پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام ہونے والی اس کانفرنس میں مختلف سیاسی جماعتوں اور مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے راولاکوٹ اور پونچھ ڈویژن کی صورتحال پر غور کیا۔ کانفرنس میں کشیدگی کم کرنے، مذاکرات شروع کرنے، راستے کھولنے، تعلیمی اداروں اور موبائل نیٹ ورک کی بحالی، متاثرہ خاندانوں کے لیے معاوضے اور اکتوبر 2025ء کے معاہدے پر عمل درآمد کے مطالبات سامنے آئے۔ کانفرنس نے پانچ دن کے اندر مذاکراتی عمل کا جامع فریم ورک تیار کرنے پر بھی زور دیا۔یہ مشاورتی کانفرنس اس حقیقت کی علامت ہے کہ پونچھ کا بحران صرف انتظامی مسئلہ نہیں رہا۔ اس نے سیاسی قیادت، عوامی نمائندگی اور ریاستی اداروں کے درمیان اعتماد کے سوال کو بھی جنم دیا ہے۔ سابق صدر سردار مسعود خان کی سربراہی میں مذاکراتی کمیٹی کی تشکیل ایک مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے بشرطیکہ اسے تمام فریقوں تک رسائی، سنجیدہ مکالمے اور قابل عمل تجاویز کا اختیار دیا جائے۔ تاہم کسی بھی ثالثی کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ عوامی حقوق کی تحریک سے وابستہ فریق خود اس عمل کو کس حد تک قابل قبول سمجھتے ہیں۔پونچھ کے عوام کی مشکلات کو سیاسی بیانات میں محدود نہیں کیا جا سکتا۔ راستوں کی بندش، موبائل رابطوں میں تعطل، تعلیمی سرگرمیوں کا متاثر ہونا اور روزمرہ زندگی میں مشکلات عام شہری کو براہ راست متاثر کرتی ہیں۔ ایسے حالات میں حکومت کی پہلی ترجیح شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، معمولات زندگی کی بحالی اور تمام فریقوں کے لیے قابل اعتماد مذاکراتی ماحول ہونا چاہیے۔
آزاد کشمیر کی موجودہ سیاست میں ایک دلچسپ تضاد بھی دکھائی دیتا ہے۔ ایک طرف وفاقی قیادت ترقیاتی تعاون اور سیاسی حمایت کی یقین دہانی کرا رہی ہے تو دوسری طرف مسلم لیگ (ن) کی داخلی سیاست اور پونچھ کا بحران حکومت کے لیے سنجیدہ چیلنج ہے۔ ان دونوں محاذوں پر کامیابی کا راستہ ایک ہی ہے اور وہ ہے وعدوں کو فیصلوں میں، فیصلوں کو منصوبوں میں اور منصوبوں کو عوامی نتائج میں تبدیل کرنا۔پونچھ کے حوالے سے اسلام آباد میں منعقدہ کانفرنس اور جرگہ تبھی مؤثر ہوگا جب مذاکرات کا دروازہ کھلے اور متاثرہ شہریوں کو اپنے مستقبل کے بارے میں امید ملے۔آزاد کشمیر کی سیاست کا اصل امتحان اب اقتدار کے ایوانوں میں نہیں بلکہ عوام کے گھروں، بازاروں، تعلیمی اداروں اور سڑکوں پر ہوگا۔ تاریخ سیاسی ملاقاتوں کو نہیں ان کے نتائج کو یاد رکھتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments