ڈیجیٹل انقلاب، سرمایہ کاری اور عوامی حقوق

تحریر : عرفان سعید


بلوچستان پاکستان کا وہ وسیع و عریض صوبہ ہے جو قدرتی وسائل، جغرافیائی اہمیت، ساحلی پٹی اور معاشی امکانات کے اعتبار سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے لیکن اس کے باوجود یہاں کے عوام طویل عرصے سے تعلیمی پسماندگی، بے روزگاری، بنیادی سہولیات کی کمی اور معاشی محرومیوں جیسے مسائل کا سامنا کر رہے ہیں۔

بدلتے عالمی حالات میں بلوچستان کی ترقی کے لیے جدید ٹیکنالوجی، صنعتی سرمایہ کاری، نوجوانوں کی فنی تربیت اور عوامی حقوق کے تحفظ کو ایک دوسرے سے الگ کرکے نہیں دیکھا جا سکتا۔ کوئٹہ میں پہلے ڈیٹا سینٹر کا قیام اور گوادر فری زون میں چینی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہونے والی پیش رفت مستقبل سے جڑے ہوئے اہم پہلو ہیں۔ کوئٹہ میں نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) کے ڈیٹا سینٹر کا افتتاح صوبے میں ڈیجیٹل ترقی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ بلوچستان میں اس پہلے ڈیٹا سینٹر کا قیام اس بات کی علامت ہے کہ صوبائی حکومت جدید تقاضوں کے مطابق سرکاری نظام کو بہتر بنانے اور ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی سمت آگے بڑھ رہی ہے۔ موجودہ دور میں دنیا مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹلائزیشن اور جدید مواصلاتی نظام کے ذریعے تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔ ایسے حالات میں بلوچستان جیسے وسیع رقبے کے حامل صوبے کے لیے ڈیجیٹل سہولیات کی فراہمی انتظامی اور معاشی ترقی کے حوالے سے خاص اہمیت رکھتی ہے۔وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی حکومت اور این ٹی سی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ آئی ٹی کو این ٹی سی اور وفاقی حکومت کے ساتھ قریبی اشتراک عمل قائم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام صوبائی محکموں کا ڈیٹا ڈیجیٹلائز کرکے محفوظ بنانے پر بھی زور دیا۔ سرکاری معلومات، دفتری رابطوں اور انتظامی ریکارڈ کی حفاظت قومی سلامتی کے حوالے سے انتہائی اہم ہے اس لیے ڈیٹا سینٹر کے قیام کے ساتھ سائبر سکیورٹی، معلومات کی رازداری اور جدید حفاظتی نظام کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ اگر صوبائی محکموں کا ریکارڈ ایک محفوظ ڈیجیٹل نظام کے تحت منتقل ہوتا ہے تو سرکاری امور میں شفافیت، دفتری کارکردگی اور عوامی خدمات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔ حکومت بلوچستان کی جانب سے پاکستان کے دیگر ڈیٹا سینٹرز کے ساتھ تعاون بڑھانے کا ارادہ بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے، تاہم اس منصوبے کی کامیابی کا اصل معیار یہ ہوگا کہ عام شہری کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے نجات ملے اور اسے خدمات بروقت فراہم کی جائیں۔

دوسری جانب گوادر فری زون میں چینی سرمایہ کاری اور صنعتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہونے والا اہم اجلاس بلوچستان کی معاشی ترقی کے حوالے سے نئی امیدیں پیدا کرتا ہے۔ گوادر پورٹ، چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی، گوانگ ڈونگ میٹل پروسیسنگ انڈسٹری ایسوسی ایشن اور چنگ ڈاؤ کمپنی کے وفود کی شرکت سے ظاہر ہوتا ہے کہ گوادر میں صنعتی یونٹس اور فیکٹریوں کے قیام کے امکانات پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ گوادر اپنی جغرافیائی حیثیت اور بندرگاہ کی موجودگی کے باعث بین الاقوامی تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کے لیے اہم مقام رکھتا ہے۔ اگر ان امکانات کو مؤثر منصوبہ بندی کے ذریعے عملی شکل دی جائے تو صوبے کی معیشت میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔گوادر پورٹ کے چیئرمین نورالحق بلوچ کے مطابق فری زون میں سرمایہ کاروں کو درآمدی ڈیوٹیوں میں چھوٹ سمیت مختلف مراعات حاصل ہیں جبکہ بندرگاہ سے قربت خام مال کی درآمد اور تیار مصنوعات کی برآمد کو آسان بناتی ہے۔ اجلاس میں سرمایہ کاروں کو کاروباری اور انتظامی سہولیات فراہم کرنے، زمین کی فراہمی، لیز، لائسنسنگ اور تعمیراتی اجازت ناموں سے متعلق امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ضروری ہے کہ قانونی اور انتظامی منظوریوں کے عمل کو آسان بنایا جائے تاکہ سرمایہ کاروں کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے ساتھ مجوزہ قانون سازی اور ایران کے راستے وسطی ایشیائی ممالک تک تجارتی رسائی کے امکانات بھی گوادر کی علاقائی تجارتی اہمیت میں اضافہ کر سکتے ہیں۔تاہم گوادر میں صنعتی ترقی کا سب سے اہم پہلو مقامی آبادی کو اس عمل میں شریک کرنا ہے۔ اگر غیر ملکی سرمایہ کاری کے نتیجے میں فیکٹریاں اور صنعتی یونٹس قائم ہوتے ہیں تو ان میں مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنا اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے۔ اجلاس میں چینی سرمایہ کاروں کو بھرتیوں کے دوران پہلے گوادر پھر مکران اور اس کے بعد بلوچستان کے نوجوانوں کو ترجیح دینے کی تجویز اسی حوالے سے اہمیت رکھتی ہے۔ پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کے ذریعے مقامی نوجوانوں کو چینی معیار کے مطابق فنی اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرکے صنعتی شعبے کی ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں۔ اس مقصد کے لیے تربیتی اداروں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا اور صنعتوں کی ضروریات کے مطابق نصاب تیار کرنا ضروری ہے۔ گوادر کی ترقی اسی وقت بامعنی ہوگی جب وہاں کے مقامی لوگوں کو روزگار، کاروبار اور معاشی خوشحالی کے حقیقی مواقع میسر آئیں گے۔ ترقی کے ان معاشی اور تکنیکی پہلوؤں کے ساتھ عوامی حقوق، سیاسی نمائندگی اور بنیادی سہولیات کے مسائل بھی خصوصی توجہ کے متقاضی ہیں۔

ادھرجماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کوئٹہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے عوام اس خطے کا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور جماعت اسلامی ان کے حقوق کے لیے جدوجہد کر رہی ہے۔ انہوں نے حکمران طبقے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے وسائل اور اقتدار پر ایک مخصوص طبقے کا اثر و رسوخ برقرار ہے جبکہ عام شہری مختلف مسائل سے دوچار ہیں۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر نظام ناکام ہو چکا ہے تو اس بات کا جائزہ لیا جانا چاہیے کہ نظام کن لوگوں کے ہاتھوں میں ہے۔حافظ نعیم الرحمان نے بلوچستان کی تعلیمی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے 47 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں۔ یہ معاملہ صوبے کے مستقبل سے براہ راست تعلق رکھتا ہے۔ تعلیم کے بغیر نہ نوجوان جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کر سکتے ہیں اور نہ ہی صنعتی ترقی کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں سکولوں کی کمی، اساتذہ کی عدم دستیابی، تعلیمی سہولیات کا فقدان اور بچیوں کی تعلیم جیسے مسائل پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ تعلیمی اداروں کی حالت بہتر بنانے، اساتذہ کی حاضری یقینی بنانے اور سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیمی نظام میں واپس لانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...

نئے صوبوں کیلئے صف بندی

پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کے معاملے نے نئی صف بندی اور ممکنہ طور پر نئے تنازعات کے دروازے کھول دیے ہیں۔

وزراء کے اختلافی بیانات اور وزیراعظم کا نوٹس

نئے صوبوں کی تشکیل کے عمل پر حکومتی ذمہ داران اور اتحادیوں کے اختلافی بیانات اس حوالہ سے یکسوئی اور سنجیدگی کی بجائے ایک نئی صورتحال کی عکاسی کر رہے ہیں ۔

جمہوری ری سیٹ اورپارلیمانی بالا دستی

نئے صوبوں پر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم تو ایک دوسرے پر کمان تانے ہوئے ہی تھیں کہ محسن نقوی اور رانا ثنا للہ بھی آمنے سامنے آگئے۔فی الحال تو وزیراعظم شہباز شریف نے مداخلت کی ہے اور سب کو ملک کی بہتری پر توجہ دینے کا کہا ہے، اللہ کرے ایسا ہوجائے۔

اختیارات کی کشمکش، انتظامی معاملات میں غیر یقینی

پشاور میں پی ایس ایل کا افتتاح خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے اہم پیش رفت تو قرار دیا جا سکتاہے لیکن ساتھ ہی اس کی ناکامی کا خطرہ بھی موجود ہے۔

سیاسی ملاقاتیں اور ان کے نتائج۔۔۔؟

مسلم لیگ (ن)کے قائد میاں محمد نواز شریف، وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دورۂ مظفرآباد نے اپنے اثرات دکھانے شروع کر دئے ہیں۔اس دورہ کا پہلا نتیجہ وزیر اعظم آزاد کشمیر اور وزیر اعظم پاکستان کی ملاقات سے سامنے آیا۔

انٹرویو کا سامنا اعتماد کے ساتھ کریں

موجودہ دور میں تعلیم، روزگار اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع زیادہ ہیں اورخواتین زندگی کے مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔