اختیارات کی کشمکش، انتظامی معاملات میں غیر یقینی
پشاور میں پی ایس ایل کا افتتاح خیبرپختونخوا کے عوام کے لیے اہم پیش رفت تو قرار دیا جا سکتاہے لیکن ساتھ ہی اس کی ناکامی کا خطرہ بھی موجود ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے بارہویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگاجبکہ جنوری 2027ء میں قومی ٹیم انڈر 19 اور پاکستان شاہینز کے درمیان سہ فریقی ٹی 20 سیریز بھی پشاور میں کروائی جائے گی۔ محسن نقوی نے یہ بھی کہا کہ بارہ سال بعدپی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور پہلا میچ پشاور میں ہوگا اور پی ایس ایل کے بعد پشاور میں بین الاقوامی کرکٹ بھی کرائی جائے گی۔ یہ اعلان بظاہر خوش آئند ہے لیکن اس کی ایک طویل اور مایوس کن تاریخ بھی ہے جسے نظر انداز کرنا ممکن نہیں۔ محسن نقوی نے خود تسلیم کیا کہ پی ایس ایل کا میچ پشاور میں کروانے کی پچھلے سال بھی بھرپور کوشش کی تھی لیکن سیاست کے سوا بہت سی وجوہات تھیں جن کی وجہ سے یہ ممکن نہ ہو سکا۔ یہ اعتراف اس بات کا ثبوت ہے کہ محض اعلان کر دینا اور عملی جامہ پہنانا دو مختلف چیزیں ہیں۔ اس سے قبل فروری 2026ء میں پشاور میں صوبائی ایپکس کمیٹی کا خصوصی اجلاس ہوا تھا جس میں پی ایس ایل میچز کی میزبانی کو امن و اعتماد کی بحالی، معمولاتِ زندگی کی واپسی اور صوبے کے مثبت تشخص کا مضبوط پیغام قرار دیا گیا تھا۔
اس اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ، قومی سلامتی کے مشیر اور کور کمانڈر ایک ہی میز پر بیٹھے تھے اور یہ تاثر دیا گیا کہ صوبے کے آئینی حقوق اور وسائل پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا جبکہ قومی سلامتی پر مکمل یکسوئی ہوگی۔ اس کے باوجود پشاور میں پی ایس ایل کے میچز اس سال بھی نہ ہو سکے۔ یہی وجہ ہے کہ محسن نقوی کے تازہ اعلان کو محض ایک اور اعلانیہ کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جس کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ آیا اس بار ایپکس کمیٹی کے فیصلوں کو زمینی حقیقت میں بدلنے کا سیاسی عزم موجود ہے یا نہیں۔ پشاور میں کرکٹ کی واپسی صرف کھیل کا معاملہ نہیں بلکہ یہ صوبے کی محرومیوں، عدم تحفظ اور انتظامی نااہلی کے بیانیے کو توڑنے کا ایک موقع ہیاور اگر یہ موقع پھر ضائع ہوا تو عوام کا اعتماد مزید کمزور ہوگا۔ادھر مولانا فضل الرحمان کی سیاسی پوزیشن اس وقت شدید دباؤ میں ہے۔ انہوں نے پشاور ہائیکورٹ بار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان کو ذمہ دار ٹھہرایا جاتا ہے، سیاستدان ایسے گھوڑے پر سوار کیے جاتے ہیں جس کا کنٹرول ان کے ہاتھ میں نہیں ہوتا۔ انہیں لاہور ہائیکورٹ بار سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرنا پڑا کیونکہ انہیں ریاستی حصار میں رکھا گیا تھا۔
مولانا نے کہا کہ جبر کوکبھی دوام حاصل نہیں ہوتا لیکن صبر کو پوری تاریخ میں ہمیشہ دوام حاصل رہا ہے۔ یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ مولانا فضل الرحمان اس وقت سیاسی طور پر گوشے میں دھکیلے گئے ہیں۔ ان کی جماعت نے ماضی میں حکومت کے ساتھ مفاہمت کی سیاست کی لیکن آج وہ خود ریاستی رکاوٹوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا ہائیکورٹ بار سے خطاب دراصل اس بات کا اظہار تھا کہ وہ اپنی سیاسی بقا کے لیے آئینی اور قانونی حلقوں میں حمایت تلاش کر رہے ہیں۔ لیکن یہ سوال بھی اہم ہے کہ کیا مولانا کی یہ پوزیشن انہیں حکومت کے خلاف ایک مؤثر متبادل قیادت کے طور پر پیش کر پائے گی یا وہ صرف اپنے کارکنوں کے تحفظ تک محدود رہیں گے۔مولانا،حکومت اور مقتدرہ کی تکون اب ایک دلچسپ صورتحال اختیار کرتی جارہی ہے۔
ادھرگورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی پر تنقید دن بدن بڑھ رہی ہے۔ گورنر راج کے نفاذ کو تقریباً چالیس دن گزرنے کے باوجود صوبے میں مؤثر گورننس نظام قائم نہیں ہو سکا۔ اختیارات کی کشمکش، انتظامی معاملات میں غیر یقینی صورتحال اور بیوروکریسی کے اندر تشویش نے گورنر راج کے تحت متعارف کرائے گئے ماڈل کی عملداری کو شدید متاثر کیا ہے۔ محکموں میں سیکرٹریز اور ڈائریکٹرز کی بڑے پیمانے پر تعیناتیاں اور تبادلے کیے گئے لیکن بعد میں بعض فیصلوں میں تبدیلیاں بھی سامنے آئیں جس سے افسران اپنے عہدوں کے حوالے سے غیر یقینی کا شکار ہیں۔ گورنر کی ٹیم کو یہ سمجھنا ہوگا کہ صرف آئینی اختیارات کا استعمال کافی نہیں بلکہ زمینی سطح پر حکومت کی کارکردگی کو بہتر بنانا اور بیوروکریسی کو مستحکم کرنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔دریں اثنا خیبرپختونخوا کو وفاق سے حالیہ دنوں میں دس ارب روپے موصول ہوئے ہیں۔ یہ رقم وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صوبے کے لیے اعلان کردہ 160 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کی پہلی قسط ہے۔ اس پیکیج کے تحت 70 فیصد فنڈز ضم شدہ قبائلی اضلاع جبکہ 30 فیصد صوبے کے دیگر اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ پیکیج میں امن و امان کے 62 منصوبوں کے لیے 39 ارب 19 کروڑ روپے، صحت کے 41 منصوبوں کے لیے تین ارب 20 کروڑ اور تعلیم کے 72 منصوبوں کے لیے 12 ارب 90 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا ثمر بلور نے فنڈز کی فراہمی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی فنڈز عوامی فلاح، بنیادی سہولیات اور عوامی ضرورت کے منصوبوں پر خرچ کیے جانے چاہئیں۔ رقم کی فراہمی یقیناً خوش آئند ہے لیکن اس کا اصل امتحان اس بات میں ہے کہ آیا یہ فنڈز واقعی زمینی سطح پر عوام تک پہنچیں گے یا پھر بیوروکریسی کی نااہلی اور سیاسی مداخلت کی نذر ہو جائیں گے۔ ماضی میں بھی صوبے کو اربوں روپے ملتے رہے لیکن عوام کی زندگیوں میں کوئی نمایاں تبدیلی نہیں آئی۔ اس بار عوام کو یہ دیکھنے کا حق ہے کہ یہ دس ارب روپے کن منصوبوں پر خرچ ہوئے اور ان کا کیا نتیجہ نکلا۔مجموعی طور پر آج کی سیاسی فضا اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ خیبرپختونخوا ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے۔ ایک طرف پشاور میں کرکٹ کی واپسی کا اعلان ہے جسے عملی جامہ پہنانے کے لیے صرف اعلان نہیں بلکہ ٹھوس انتظامی اقدامات درکار ہیں۔ دوسری طرف مولانا فضل الرحمان کی سیاسی پوزیشن کی کمزوری، گورنر راج کی کامیابی یا ناکامی اور وفاقی فنڈز کی آمد جیسے عوامل صوبے کی سیاسی سمت کا تعین کریں گے۔ عوام کی نظر میں اصل سوال یہ نہیں کہ کون کیا اعلان کرتا ہے بلکہ یہ ہے کہ کون زمینی سطح پر کیا کرتا ہے۔ پشاور میں پی ایس ایل کا میچ ہونا، ہائیکورٹ بار میں آزادی اظہار کا تحفظ، گورنر ہاؤس کا مؤثر حکومت چلانا اور وفاقی فنڈز کا شفاف استعمال یہی وہ پیمانے ہیں جن پر اس صوبے کی سیاسی قیادت اور موجودہ سیٹ اَپ کی سنجیدگی کا اندازہ ہوگا۔ ورنہ تاریخ گواہ ہے کہ اعلان اور عمل کے درمیان جو خلیج ہے وہی عوام کی محرومیوں کا سب سے بڑا سبب بنی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments