جمہوری ری سیٹ اورپارلیمانی بالا دستی
نئے صوبوں پر پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم تو ایک دوسرے پر کمان تانے ہوئے ہی تھیں کہ محسن نقوی اور رانا ثنا للہ بھی آمنے سامنے آگئے۔فی الحال تو وزیراعظم شہباز شریف نے مداخلت کی ہے اور سب کو ملک کی بہتری پر توجہ دینے کا کہا ہے، اللہ کرے ایسا ہوجائے۔
ایسا لگ رہا ہے کہ نئے صوبوں کا معاملہ بہت گرم ہوچکا ہے، ہماری سیاسی روایت تو یہی رہی ہے کہ معاملہ گرم ہوجائے تو سمجھو کہ حل ہونے والا ہے، دیکھتے ہیں آگے کیا ہوتا ہے۔ البتہ بلاول بھٹو نے ایک بار پھر سسٹم ری سیٹ کرنے کی بات کی ہے تاہم اسے مشروط کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ا گر میں نظام سے مایوس ہوں تو سسٹم کے حوالے سے ملک کے نوجوانوں کی کیا حالت ہوگی،اگر نوجوان کا اعتماد بحال کرنے کے لیے کوئی ری سیٹ کرنا ہے تو وہ جمہوری ری سیٹ ہے، ملک کا بچہ بچہ کرپشن سے نفرت کرتا ہے، ہمیں سسٹم پر نوجوانوں کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ عوام اور نوجوان ایسا ملک چاہتے ہیں جہاں کرپشن نہ ہو،ہمیں نوجوانوں کو ہر صورت یہ اعتماد دلانا ہوگا کہ یہ نظام ان کے لیے ہے کسی اور کے لیے نہیں ہے۔ جمہوری ری سیٹ سے ہی پارلیمان کی بالادستی بحال کرنی ہے۔ بلاول بھٹو کے پچھلے بیانات اور مذکورہ بیان کو دیکھیں تو ان میں واضح فرق نظر آرہا ہے۔ گو کہ انہوں نے نئے صوبوں یا نئے انتظامی یونٹس کا لفظ استعمال نہیں کیا لیکن رویے میں نرمی سیاست میں اہمیت کی حامل ہے۔ آپ اپنی بات رکھیں، دلیل دیں، دوسرے کی سنیں۔ بلاول بھٹو کا رویہ ایک بڑے سیاسی رہنما کے مزاج کو ظاہر کرتا ہے، صوبے بنیں یا نہ بنیں لیکن لہجوں میں تلخی نہیں ہونی چاہیے، یہیں سیاست کی خوبصورتی اور حسن ہے۔بلاول بھٹو کا رویہ بظاہر بدل گیا ہے لیکن پچھلے ہفتے کا بیان اپنی جگہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ زور زبردستی سے تقسیم کی کوشش کی گئی تو کراچی کی سڑکوں پر خونریزی ہوگی، جس پر ایم کیو ایم کا ردعمل سامنے آیا۔ خالد مقبول صدیقی نے پرہجوم پریس کانفرنس کی اور کہا کہ سندھ کے شہری کسی کے ہاری ہیں اور نہ ہارے ہیں، شہری علاقوں کے عوام کو اپنی حفاظت کرنا آتی ہے، دھمکیاں کارگر ثابت نہ ہوپائیں گی، نئے صوبوں پر ہم دلیل سے بات کر رہے ہیں تو اس کا جواب بھی دلیل سے ہونا چاہیے نہ کہ دھمکیوں سے۔
ادھر مصطفی کمال بھی نئے صوبوں پر عوامی رائے عامہ ہموار کرنے میں مصروف ہے۔ کراچی میں ورکرز سے خطاب میں مصطفی کمال نے کہا کہ آئینی و قانونی دائرے میں جدوجہد جاری ہے، عوام کو ظالم، نااہل اور کرپٹ حکمرانوں سے آزاد کرانے والوں کو تاریخ یاد رکھے گی اور کراچی جلد اپنا فیصلہ سنا دے گا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی پر بھی تنقید کی اور کہا کہ 1973ء کا آئین کوئی صحیفہ نہیں ہے کہ ترمیم نہ ہوسکے، پیپلز پارٹی آئین کی چیمپین بنتی ہے لیکن بھٹؤ کے آئین میں 27ترامیم کرا چکی ہے۔ میڈیا سے گفتگو میں مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ ہمارے لیے نئے صوبوں کی حمایت کے سوا کوئی راستہ چھوڑا نہیں گیا، کراچی کے نوجوانوں کے لیے مواقع محدود کیے جارہے ہیں، نوکری کوٹے پر عملدرآمد نہیں ہے، شہر کا نوجوان ڈیلیوری بوائے کی نوکری پر مجبور ہے، ایسے میں نئے صوبے کا مطالبہ نہ کریں تو کیا کریں۔
کراچی کو فی الوقت ایک اور مسئلے کا بھی سامنا ہے، شہر میں 29نومبر کو ایم کیو ایم اور قوم پرست جماعتوں نے ریلیاں نکالنے کا اعلان کیا ہے، حکومت کے لیے سنگین صورتحال پیدا ہوچکی ہے۔ قوم پرست جماعتوں کی ایک ریلی تو ہوچکی اور وہ ہوئی گزرے اتوار کو۔ اسی اتوار کو عوامی نیشنل پارٹی نے اپنا جلسہ بھی کیا، جمیعت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کا احتجاج بھی ہوا اور کورنگی میں متحدہ قومی موومنٹ کا ورکرز کنونشن بھی، ایک طویل عرصے بعد کراچی میں ہلچل نظر آئی لیکن امن و امان کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں آیا۔ قوم پرست جماعتوں کی ریلی پر وفاقی وزیر صحت اور متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما مصطفی ٰکمال نے کہا کہ ریاستی اداروں کو اس ریلی میں ہونے والی مبینہ پاکستان مخالف نعرے بازی کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے اور کارروائی بھی ہونی چاہئے۔ اسی ریلی کے شرکا نے ریڈ زون میں واقع چوک پر اپنا جھنڈا بھی لگایا جسے بعد میں اتار کر اس کی جگہ پاکستان کا پرچم لہرا دیا گیا۔ دوسری جانب بات کی جائے آنے والے اتوار کو اعلان کردہ ریلیز کی تو اس بابت حکومت چاہتی ہے کہ شہر کا امن برقرار رہے، اس کے لیے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو کی قیادت میں وفد نے ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ملاقات کی اور انہیں ریلی ملتوی کرنے کی درخواست کی جس پر فاروق ستار نے انہیں پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد فیصلے سے آگاہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ نثار کھوڑو نے قوم پرست رہنمائوں ڈاکٹر قادر مگسی اور دیگر سے بھی رابطہ کیا اور ان سے بھی یہی درخواست کی۔ قوم پرست رہنماؤں نے بھی غور خوض کے بعد آگاہ کرنے کا کہا ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ اگر ایک ہی دن حق اور مخالفت میں ریلیاں ہیں تو کیا یہ ریلیاں پرامن نہیں ہوسکتیں؟ کیا دلیل کا لفظ ہماری زندگی سے ختم ہو چکا ہے؟ کیا ہمیں کسی دوسرے کی بات سننے کا حوصلہ نہیں رہا؟ ایسا کیوں نہیں ہوسکتا ہے کہ دونوں اپنی اپنی بات رکھیں، ریلی نکالیں، جلوس نکالیں اور پرامن انداز میں منتشر ہوکر گھر چلے جائیں؟ کوئی بھی جماعت چاہے سیاسی ہو یا قوم پرست، اسے اس بات پر غور ضرور کرنا چاہیے۔ سندھ کی وحدت کی بات کی جاتی ہے تو ایک دوسرے کو دلیل سے قائل کریں اور اپنے مؤقف کی حمایت حاصل کرلیں۔ اس میں کیا قباحت ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments