صحت کی حفاظت بھی دینی ذمہ داری
طاقتور مومن اللہ تعالیٰ کے نزدیک کمزور مومن سے بہتر اور زیادہ محبوب ہے، اگرچہ دونوں میں خیر ہے(صحیح مسلم)
اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے۔ یہ انسان کی روحانی، اخلاقی، علمی اور جسمانی تربیت کا اہتمام کرتا ہے۔ اسلام میں جہاں عقائد کی درستگی، عبادات کی پابندی اور اخلاق کی اصلاح پر زور دیا گیا ہے، وہیں جسمانی صحت، قوت اور تندرستی کو بھی سر فہرست رکھا گیا۔ ایک مسلمان کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے ایمان و کردار کے ساتھ جسمانی طور پر بھی مضبوط اور صحت مند ہو، تاکہ زندگی کی ذمہ داریاں بہتر انداز میں ادا کر سکے۔نبی کریمﷺ نے جسمانی و ایمانی قوت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے ارشاد فرمایا:طاقتور مومن اللہ تعالیٰ کے نزدیک کمزور مومن سے بہتر اور زیادہ محبوب ہے، اگرچہ دونوں میں خیر ہے(صحیح مسلم: 2664)۔یقیناً یہاں قوت کا وسیع مفہوم ہے، جس میں ایمان، ارادے، عزم اور عمل کی مضبوطی شامل ہے، تاہم جسمانی قوت بھی ایک قابلِ قدر نعمت ہے۔ مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنی صحت کا خیال رکھے اور جسم کو اس قابل بنائے کہ وہ دینی و دنیوی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرسکے۔
سنتِ نبوی اور جسمانی سرگرمیاں
رسول اللہ ﷺ کی مبارک زندگی میں جسمانی سرگرمیوں اور صحت مند طرزِ زندگی کی اہمیت کے متعدد پہلو ملتے ہیں۔ آپﷺ نے تیر اندازی کی ترغیب دیتے ہوئے فرمایا: ’’ خبردار! قوت تیر اندازی ہے‘‘ (صحیح مسلم: 1917)۔اسلامی تاریخ میں تیر اندازی، گھڑ سواری اور کْشتی جیسے کھیلوں کا بھی ذکر ملتا ہے۔ ان سرگرمیوں سے جسمانی استعداد بڑھتی اور انسان میں ہمت، حوصلہ اور اعتماد پیدا ہوتا ہے۔
عقائد کی اصلاح کے ساتھ
جسمانی صحت بھی ضروری
ہمارے استاد محترم صاحب کا مزاج ہمیشہ سے یہ رہا ہے کہ جس طرح عقائد کی اصلاح، دینی علوم کی اشاعت اور اخلاقی تربیت کیلئے محنت کی جاتی ہے، اسی طرح جسمانی صحت اور مضبوطی پر بھی توجہ دی جانی چاہیے۔ ایک دینی طالب علم صرف علمی میدان میں ہی نہیں، بلکہ جسمانی اعتبار سے بھی چاق و چوبند ہونا چاہیے۔اسی فکر کے تحت مرکز میں تین روزہ سالانہ اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا جاتا ہے، جس میں پانچ سے چھ مختلف قسم کے کھیل کھیلے جاتے ہیں۔ان تین دنوں میں اسباق کو چھٹی ہوتی ہے لیکن چونکہ مرکز ایک عام ادارہ نہیں بلکہ ایک خانقاہ بھی ہے اس لیے باقی معمولات حسب ترتیب چلتے رہتے ہیں۔ اس سرگرمی کا مقصد محض کھیلوں کے مقابلے کروانا یا انعامات تقسیم کرنا نہیں، بلکہ طلبہ میں جسمانی صحت کا شعور بیدار کرنا، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور انہیں صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔یہ ایک قابلِ قدر سوچ ہے کہ دینی اداروں میں تعلیم و تربیت کے ساتھ کھیل اور جسمانی سرگرمیوں کے لیے بھی باقاعدہ مواقع فراہم کیے جائیں۔ اس سے طلبہ کی طبیعت میں تازگی، باہمی تعلقات میں مضبوطی اور اجتماعی زندگی میں نظم و ضبط پیدا ہوتا ہے۔
صحت مند زندگی
کے چند اصول
صحت مند رہنے کیلئے صرف کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لینا کافی نہیں، بلکہ روزمرہ زندگی میں بھی جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانا ضروری ہے۔ روزانہ کچھ وقت واک کیلئے نکالنا، متوازن اور معیاری خوراک استعمال کرنا، مناسب نیند لینا اور غیر ضروری سستی سے بچنا اچھی صحت کے بنیادی اصول ہیں۔جن قوموں کے کھیل کے میدان آباد ہوتے ہیں، ان کے ہسپتال غیر آباد ہوتے ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ جسمانی سرگرمیوں کو معمول بنانے والی قومیں بیماریوں سے بچاؤ کے امکانات بہتر بنا سکتی ہیں۔ واک ایک سادہ مگر مفید سرگرمی ہے، جس کیلئے کسی خاص انتظام یا بڑے اخراجات کی ضرورت نہیں۔ اگر انسان روزانہ واک کرے، اپنی خوراک کا خیال رکھے اور جسمانی سرگرمیوں کو زندگی کا حصہ بنائے تو وہ اپنی صحت کو بہتر رکھنے میں نمایاں کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔
کھیل، اخلاق اور تربیت
کھیل کا میدان صرف جسمانی طاقت کے اظہار کی جگہ نہیں، بلکہ اخلاقی تربیت کا بھی ایک بہترین ذریعہ ہے۔ یہاں انسان نظم و ضبط، وقت کی پابندی، برداشت، باہمی تعاون اور مخالف کا احترام سیکھتا ہے۔ جیتنے والے کو غرور سے بچنا اور ہارنے والے کو مایوسی کے بجائے مزید محنت کا عزم کرنا چاہیے۔ کھیل کے دوران نماز، ستر پوشی اور دیگر شرعی حدود کا خیال رکھنا بھی ضروری ہے۔
مرکز اہل السنہ والجماعۃ سرگودھا کا یہ تین روزہ اسپورٹس فیسٹیول اسی پیغام کا عملی اظہار ہے کہ دینی طالب علم کو علم و عمل کے ساتھ جسمانی طور پر بھی مضبوط ہونا چاہیے۔ ہمیں ایسی نسل تیار کرنی ہے جو عقائد میں پختہ، علم میں راسخ، اخلاق میں عمدہ اور جسمانی اعتبار سے صحت مند ہو۔ مقصد صرف اچھا کھلاڑی بنانا نہیں، بلکہ ایک ایسا مسلمان تیار کرنا ہے جو مضبوط ایمان، مضبوط کردار اور مضبوط جسم کا حامل ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments