جوش ملیح آبادی کی فلمی شاعری انہوں نے اس میدان میں بھی اپنی انفرادیت برقرار رکھی
اسپیشل فیچر
شبیر حسن خان المعروف جوش ملیح آبادی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ انہوں نے الفاظ کو جاہ وجلال بخشا۔ ان کی نظموں میں جو تزک و احتشام پایا جاتاہے اس کی نظیر نہیں ملتی۔ یہ کہنا بھی درست ہے کہ الفاظ ان کے سامنے ہاتھ باندھے کھڑے رہتے تھے۔ بہت کم لوگوں کو اس کی خبرہوگی کہ انہوں نے چند فلموں کیلئے نغمات بھی لکھے۔ نغمات کا یہ سلسلہ بھارت سے شروع ہوا۔ ہو سکتا ہے کہ کچھ لوگوں نے انہیں اس کے لئے ترغیب دی ہو وگرنہ جوش صاحب کا مزاج ایسا نہ تھا کیونکہ جب وہ پاکستان آئے تو ریکارڈ کے مطابق انہوں نے صرف ایک فلم کے گیت تخلیق کیے۔ لیکن اس فلم کے گیتوں نے ان کی فنی عظمت کو چار جاند لگا دئیے۔ سب سے پہلے ہم ان کی فلم ''من کی جیت‘‘ کے بارے میں بتاتے ہیں۔ یہ بڑی مشہور فلم تھی اور 1944 ء میں ریلیز ہوئی ۔
جوش صاحب نے اس کے 4 نغمات تحریر کئے اور ان تمام نغمات نے زبردست مقبولیت حاصل کی۔
ستارہ دیوی کی آواز میں ان کا لکھا ہوا یہ گیت بہت پسند کیا گیا جس کے بول تھے ''پردیسی کیوں یاد آتا ہے‘‘ اس کی موسیقی ایس کے پال نے ترتیب دی تھی۔
یہ بڑا طویل گیت تھا۔ اس کا کچھ حصہ ملاحظہ کیجئے۔
پردیسی کیوں یاد آتا ہے
پردیسی کیوں یاد آتا ہے
اک چاند چمک کر جنگل میں
چھپ چھپ اڑے بادل میں
جب سپنا سا دکھلاتا ہے
جب سپنا سا دکھلاتا ہے
پردیسی کیوں یاد آتا ہے
پورب سے پون جب آتی ہے
جب کوئل کوک سناتی ہے
جب بادل گھر کے آتا ہے
پردیسی کیوں یاد آتا ہے
اس گیت کی تاثیریت اتنی زبردست ہے کہ جس کی مثال ملنا مشکل ہے۔ جوش صاحب کا اگلا گیت تھا ''نگری میری کب تک یونہی برباد رہے گی‘‘۔ یہ گیت بھی بہت پسند کیا گیا۔ اسے ستارہ کانپوری نے گایا۔ یہ گیت اس وقت کے نامور فنکاروں پر فلمبند ہوا تھا جن میں شیام‘ انور حسین‘ گیتا نظامی‘ مینا اور شانتا ٹھاکر شامل ہیں۔ اس گیت کا بھی ایک حصہ آپ کی خدمت میں پیش کیا جا رہا ہے۔
نگری میری کب تک یونہی برباد رہے گی
دنیا یہی دنیا ہے تو کیا یاد رہے گی
آکاش پہ نکھرا ہوا ہے چاند کا مکھڑا
بستی میں غریبوں کو اندھیرے کا ہے دکھڑا
دنیا یہی دنیا ہے تو کیا یاد رہے گی
نگری مری کب تک یونہی برباد رہے گی
اب ذرا ''من کی جیت‘‘ کا تیسرا گیت ملاحظہ کریں جس کے بول تھے ''من کاہے گھبرائے‘‘۔ یہ بھی ایک شاندار گیت تھا۔ جوش صاحب کا اس فلم کیلئے چوتھانغمہ بھی اپنی مثال آپ تھا۔ اس کے بول تھے ''مورے جبنا کا دیکھو‘‘۔ اسے زہرہ بائی انبالے والی نے گایا تھا اور کیا خوب گایا تھا۔اس طویل گیت میں ہندی کے بہت سے الفاظ استعمال کئے گئے لیکن یہ سب کچھ فلم کی سچویشن کے مطابق تھا۔ جوش ملیح آبادی نے یہ گیت لکھ کر ثابت کیا کہ وہ ہندی زبان پر بھی دسترس رکھتے ہیں۔ 1945 ء میں انہوں نے فلم ''غلامی‘‘ کیلئے ایک گیت تحریر کیا۔ یہ فلم بھی بہت کامیاب رہی اور جوش صاحب کے گیت کو بھی بہت پذیرائی ملی۔بنیادی طور پر یہ ایک ملی نغمہ تھا جس کے بول تھے۔''اے وطن میرے وطن‘‘
اس فلم میں ڈیوڈ ابراہام‘ ممتاز بیگم‘ رینوکادیوی‘ مسعود پرویز اوربھارت ویاس نے اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے اور یہ ملی نغمہ بھارت ویاس‘ رینوکادیوی اور مسعود پرویز نے گایا تھا۔ یہ رینوکادیوی کون تھیں؟پاکستان ٹی وی ڈراموں سے بیگم خورشید مرزا کے نام سے شہرت پانے والی اداکارہ رینوکادیوی ہی تھیں۔ وہ بھارت میں رینوکادیوی کے نام سے اداکاری اور گلوکاری کرتی تھیں اور مسعود پرویز وہی ہیں جنہوں نے ہدایت کاری میں بڑا نام کمایا، وہ اداکار اور گلوکار بھی تھے۔ پاکستان میں انور کمال پاشا کے بعد مسعود پرویز نے ہدایتکار کی حیثیت سے اپنے آپ کو منوایا۔ جوش ملیح آبادی نے بھارت میں جن فلموں کے نغمات لکھے ان سب کی موسیقی ایس کے پال نے ہی مرتب کی تھی۔
1946 ء میں انہوں نے فلم ''نینا‘‘ کیلئے ایک خوبصورت گیت تخلیق کیا جس کے بول تھے ''بگڑی مری بنا دے‘‘ یہ گیت بہت مشہورہوا۔ اس فلم میں پرتھوی راج کپور‘ نینا‘ بھارت ویاس‘ تیواری‘ نیلم کوٹھاری‘ شیاما اور رام اوتار نے کام کیا تھا۔ اس فلم کی ہدایات نجم نقوی نے دی تھیں۔ 1947 ء میں جوش ملیح آبادی نے فلم ''شہزادی‘‘ کیلئے بھی گیت لکھا۔ 1949 ء میں فلم ''لاسٹ میسج‘‘ کیلئے بھی گیت تحریر کیا۔''جگمگ ہے سنسار جیوتی سے برے جیون کی‘‘ اسے اپنے زمانے کی نامور گلوکارہ شمشاد بیگم نے گایا اور کمال کر دیا۔ پھر جوش صاحب کا یہ نغمہ بہت پسند کیا گیا ''چاند سا مکھڑا مسکائے‘‘ اس گیت کی تخلیق میں اختر الایمان اور بھارت ویاس نے بھی اپنا حصہ ڈالا۔ ایس کے پال کی موسیقی میں جوش صاحب کا لکھا ہوا یہ گیت بھی خاصا پسند کیا گیا جس کے بول تھے ''جب سے بلبل تو نے‘‘ فلم ''دوراہا‘‘ کیلئے لکھے ہوئے ہوا اس گیت نے تو دھوم مچادی۔ ''تیرا خیال دل سے بھلایا نہ جائے گا‘‘ اسے طلعت محمود نے بہت ہی شاندار گایا ۔ اس گیت کے کچھ اور بول دیکھئے۔
مجبوریوں نے چھین لی مجھ سے اگر زباں
مجھ سے اگر زباں
آنسو کہیں گے دل کے اجڑنے کی داستاں
درد اور سوز میں ڈوبے ہوئے اس گیت کی جتنی توصیف کی جائے کم ہے۔ طلعت محمود نے جتنے بھی المیہ گیت گائے ‘ اس گیت کو بھی ان میں شامل کرنا ازبس ضروری ہے۔ اس گیت کی موسیقی انیل بسواس نے دی تھی۔ اس کامیاب فلم کی کاسٹ میں شیکھر‘ نلنی جیونت‘ کے این سنگھ‘ مراد‘ آغا‘ جگدیش سیٹھی‘ پریتما دیوی اور کمل شامل تھے۔
جب جوش ملیح آبادی 1956 ء میں پاکستان آ گئے تو اس وقت انہوں نے فلمی گیت نگاری کی طرف توجہ نہ دی۔ کہا جاتا ہے کہ جوش صاحب اردو زبان سے محبت کی وجہ سے پاکستان آئے تھے۔ دراصل انہیں یہ خدشہ لاحق ہو گیا تھا کہ بھارت میں اردو زبان کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ پاکستان میں انہیں اس وقت کے نامور ہدایتکار ڈبلیو زیڈ احمد نے کہا کہ وہ شالیمار پکچرز کی فلموں کیلئے گیت لکھیں۔ 1966 ء میں جوش صاحب نے ہدایتکار ہمایوں مرزا کی فلم ''آگ کا دریا‘‘ کیلئے نغمات لکھے۔ ان میں ان کا ایک ملی ترانہ بھی شامل تھا جسے لازوال شہرت ملی۔ اس ترانے کو مسعود رانا نے گایا تھا۔ ہم ذیل میں اس ترانے کو قارئین کی خدمت میں پیش کر رہے ہیں۔
اے وطن ہم ہیں تری شمع کے پروانوں میں
زندگی ہوش میں ہے جوش ہے ایمانوں میں
دل عشاق کی مانند یہ تپتے میداں
یہ لچکتے ہوئے جنگل یہ تھرکتے ارماں
یہ پہاڑوں کی گھٹائوں میں جوانی کی اٹھان
یہ مچلتے ہوئے دریائوں میں انگڑائی کی شان
کتنے روشن ہیں دئیے ترے شبستانوں میں
ترے مزدور کی آنکھوں کے شرارے لے کر
تیرے دہقان کے ماتھے کے ستارے لے کر
چاندنی بوئیں گے جھلسے ہوئے میدانوں میں
اے وطن ہم ہیں تری شمع کے پروانوں میں
زندگی ہوش میں ہے جوش ہے ایمانوں میں
اس کے علاوہ ان کے گیتوں نے بھی دھوم مچا دی۔ میڈم نورجہاں کا گایا ہوا یہ گیت تو انتہائی دلکش ہے ''ہو اسے موتی برس رہے ہیں‘‘ غلام نبی‘ عبداللطیف نے بڑی شاندار موسیقی مرتب کی تھی۔ ان کے دیگر نغمات میں ''بلما او مورے دوارے جھلک دکھلا‘‘ ''گھنگھور اندھیرا ہے‘‘، ''کھیتوں میں دیکھو‘‘ ''من جامن جابالم من جا‘‘ ''رات آئی تو ساقی نے بڑی دھوم مچا دی‘‘ اور ''یارب یہ بالوں میں گرفتار نہ ہو جائے‘‘ شامل ہیں۔ یہ سب گیت جوش صاحب کے زورِ قلم کا نتیجہ تھے۔ ریاض شاہد نے اس فلم کے بڑے جاندار مکالمے لکھے تھے۔ یہ ایک سپرہٹ فلم تھی جس میں شمیم آراء‘ محمد علی‘ لہری‘ ساقی‘ فضل حق اور ایم اسماعیل نے اداکاری کی تھی۔ محمد علی اور شمیم آراء کی اداکاری کو خاص طور پر بہت پسند کیا گیا تھا۔ جوش صاحب نے 1969 ء میں بننے والی فلم ''قسم اس وقت کی‘‘ کیلئے بھی ایک نغمہ لکھا تھا جس کے بول تھے ''قسم اس وقت کی جب زندگی کروٹ لیتی ہے‘‘ اسے سہیل رعنا کی موسیقی میں مجیب عالم نے گایا تھا۔
اس خاکسار کا خیال ہے کہ جوش صاحب نے فلمی نغمہ نگاری میں زیادہ دلچسپی نہیں لی ورنہ شاعری اور مرثیہ نگاری میں انہیں جو رفعت مقام اور شہرت دوام حاصل ہے یقینی طور پر فلمی گیت نگاری کے حوالے سے بھی ان کا مرتبہ بہت بلندہوتا۔